غریبوں کی مدد کو بھیک کہنا منافقانہ سوچ کا مظہر، شرجیل میمن
امیر جماعت اسلامی کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں کی تضحیک شرم ناک بات
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کی امداد کو بھیک کہنا غریب دشمن منافقانہ سوچ کا مظہر ہے ، ان کی جانب سے غریب خواتین اور ضرورت مند خاندانوں کی تضحیک کرنا شرمناک بات ہے ، غریب کو دو وقت کی روٹی کے لیے سہارا دینے پر سیاست بے حسی ہے ،غریب کی مدد کرنا اس کی تذلیل نہیں بلکہ ریاست و حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے غریبوں کے حق امداد کو متنازع نہ بنائیں، حافظ نعیم غریبوں کی مدد پر طعنے دینے سے غربت ختم نہیں ہوتی، انقلابی اقدامات کرنا ہوتے ہیں، جماعت اسلامی غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے عوام کی خدمت کا اپنا کوئی کارنامہ بتائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی دنیا کا بہترین پروگرام ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تنقید دراصل غریب خواتین اور مستحق خاندانوں کی تضحیک ہے ، پیپلز پارٹی نے غریبوں کو سہارا دیا، جماعت اسلامی صرف پریس کانفرنسوں کی سیاست کر رہی ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کراچی کے عوام اگر جماعت اسلامی کے مطابق پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے تو آج میئر ایک جیالا نہ ہوتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments