جعلی ڈگری کیس میں آخری حد تک جاؤں گا : کیپٹن (ر) صفدر
احسن بھون کی ڈگری کا یونیورسٹی میں ریکارڈ موجود نہیں، انکوائری ہونی چاہیے عدالتی نظام کیلئے تحریک کا آغاز کر دیا :کاشف نواز کی رہائش گاہ پر پریس کا نفرنس
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ انہوں نے عدالتی نظام کے تحفظ کیلئے تحریک کا آغاز کر دیا ہے اور احسن بھون کے خلاف مبینہ جعلی ڈگری کیس میں آخری حد تک جائیں گے ۔ ان کے بقول متعلقہ ڈگری کا نہ تو یونیورسٹی میں کوئی ریکارڈ موجود ہے اور نہ ہی کوئی ٹھوس ثبوت سامنے آیا ہے ۔ اس معاملے پر ملک کے مختلف حصوں میں وکلا برادری سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ عدالتی نظام کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ان کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کی عدلیہ اور عوام کا ہے۔
گزشتہ روز فیصل آباد میں لیگی رہنما اور چیئرمین الوفا فاؤنڈیشن پاکستان چودھر ی کاشف نواز رندھاوا کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیپٹن (ر)محمد صفدر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے مستقبل اور عدل کا ڈھانچہ مضبوط بنانے کیلئے ملک کے کونے کونے میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی ڈگری کے معاملے کو آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے ۔ ان کا سوال تھا کہ وکلا ایسے شخص کو ووٹ کیسے دے سکتے ہیں جس کے پاس وکالت کی ڈگری نہ ہو؟ اگر مبینہ جعلی ڈگری رکھنے والا شخص کامیاب ہو کر جوڈیشل کمیشن میں بیٹھ گیا تو اس سے عدالتی نظام کی ساکھ متاثر ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments