سرحد پار سے دراندازی برداشت نہیں : جنرل عامر رضا

سرحد پار سے دراندازی برداشت  نہیں : جنرل عامر رضا

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ کیڈٹس ملکی سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ، عملی زندگی کے آغاز میں آپ کو ہر روز چیلنجز کا سامنا ہو گا۔جنرل عامر رضا نے کہا کہ کیڈٹس عملی زندگی میں پیش آنے والے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں، دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں، خواتین کی شرکت باعث افتخار ہے ، افواجِ پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر نے دیکھا، خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا۔

کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کی سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں، پاکستان کی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، سرحد پارسے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب معاملہ ہے ، خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر حل کرنا ضروری ہے ، فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی بند ہونی چاہئے ۔جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس سے کہا کہ ہمارے بہادرجوان ملک کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں، آپ کے کندھوں پرملک کی سلامتی،وقار اورتحفظ کی بھاری ذمہ داری ہے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس پاس آئوٹ ہوئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سمیت متعدد دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی گریجویشن کی۔کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی اور ریویوئنگ آفیسر شرکت کی، پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اعزازی شمشیر 154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو دی گئی، صدارتی گولڈ میڈل 154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر سید حسن عباس کو دیا گیا۔بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے فرینڈلی کنٹری کمپنی سینئر انڈر آفیسر ریاض محمود خان کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔کمپنی سپورٹس سارجنٹ محمد عبداللہ کو نشانہ بازی کا تمغہ دیا گیا۔39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی احمد مصطفی کو چیف آف آرمی سٹاف کین پیش کی گئی۔73ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد حمزہ فیاض اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس جونیئر انڈر آفیسر مریم طارق کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...