نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کا سب سے بڑا چیلنج ،خالد مقبول
کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے مرکز بہادر آباد میں متحدہ لائرز فورم، متحدہ لیگل ایڈ کمیٹی اور ممتاز ماہرین قانون کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما وسیم اختر و دیگر بھی موجود تھے جبکہ سابق جج قاضی خالد نے خصوصی شرکت کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و آئینی صورتحال بالخصوص سندھ کے شہری علاقوں کو درپیش مسائل، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی اشد ضرورت، نظام عدل کی کارکردگی اور مروجہ قوانین میں فنی و آئینی سقم پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ خالد مقبول نے کہا سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی، حیدرآباد و دیگر اضلاع میں بنیادی سہولیات اور اختیارات کی عدم منتقلی نے عوام کو سخت بے چینی میں مبتلا کر رکھا ہے ،صوبے میں انتظامی توازن اور عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق کی فراہمی کے لئے نئے اور بااختیار انتظامی یونٹس کا قیام وقت کا سب سے بڑا چیلنج اور حل ہے۔
متحدہ لیگل ایڈ کمیٹی اور قانونی ماہرین نے قیادت کو بریفنگ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ موجودہ قانون سازی اور ضوابط میں ایسے متعدد نقائص موجود ہیں جن کا فائدہ اٹھا کر شہری حقوق کو سلب کیا جاتا ہے ۔ وکلا نے ان قانونی پیچیدگیوں اور سقم کو ختم کرنے کے لئے باضابطہ قانونی تجاویز اور مسودات پیش کیئے ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مظلوم و محروم طبقات کو بروقت ارزاں اور شفاف انصاف کی فراہمی کے لئے عدالتی نظام میں دور رس اصلاحات ناگزیر ہیں۔ قانونی ماہرین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مظلوم شہریوں کو قانونی امداد فراہم کرنے کے سلسلے کو مزید فعال اور وسیع بنائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments