بدر مفاہمتی یادداشت، دفاعی خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت
قطر کی ممکنہ مالی معاونت مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے میں اہم ہو سکتی
( تجزیہ :سلمان غنی )
دوحہ میں پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کے درمیان ‘‘بدر مفاہمتی یادداشت’’ پر دستخط کو دفاعی صنعت اور تکنیکی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنانا، ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور مشترکہ پیداواری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے ۔ تاہم اس کی اہمیت سمجھنے کے لیے مکہ دفاعی معاہدے اور بدر مفاہمتی یادداشت کے مقاصد میں فرق کو جاننا ضروری ہے ۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی تقریب میں چاروں ممالک کے وزرائے دفاع نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ اس تعاون کے ذریعے دفاعی صنعتوں کو مضبوط بنانے ، مشترکہ اہداف حاصل کرنے اور خطے میں سلامتی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مکہ دفاعی معاہدے کا بنیادی محور اجتماعی دفاع، علاقائی سلامتی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور دہشت گردی کے خلاف تعاون بتایا جاتا ہے ، جبکہ بدر مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پیداوار کو فروغ دینا ہے ۔بدر یادداشت میں تاحال کسی مخصوص ہتھیار کے نظام، مشترکہ پیداواری منصوبے ، فوجی تعیناتی یا مالی وسائل کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اسی طرح کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تمام ارکان پر حملہ تصور کرنے یا فوری فوجی مدد فراہم کرنے کی واضح شق کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔ اس لیے اسے اجتماعی دفاعی اتحاد کے بجائے دفاعی صنعتی تعاون کا ابتدائی فریم ورک سمجھنا زیادہ مناسب ہوگا۔امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورت حال اور خلیجی ممالک کی سلامتی سے متعلق خدشات نے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت اجاگر کی ہے ۔ ایسے حالات میں مختلف ممالک کے درمیان دفاعی ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت اور پیداوار کا تبادلہ اہمیت اختیار کر جاتا ہے ۔ماہرین کے نزدیک اس نوعیت کے تعاون سے دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی ذرائع پر انحصار کم اور مقامی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ تاہم بدر یادداشت کے مخصوص محرکات اور ترجیحات کا تعین اس کے تحت طے پانے والے عملی منصوبوں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کی مختلف صلاحیتیں اس تعاون کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
ترکیہ دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید صنعتی پیداوار میں تجربہ رکھتا ہے ، پاکستان کے پاس دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت موجود ہے ، جبکہ انڈونیشیا بھی دفاعی پیداوار میں کردار ادا کر سکتا ہے ۔ قطر کی ممکنہ مالی معاونت مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے میں اہم ہو سکتی ہے ۔اگر چاروں ممالک اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں یکجا کرتے ہیں تو دفاعی سازوسامان کی مشترکہ تیاری، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس سے دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے ساتھ سرمایہ کاری اور روزگار کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔بدر مفاہمتی یادداشت کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ چاروں ممالک اپنے اعلانات کو کتنی جلدی عملی منصوبوں میں تبدیل کرتے ہیں۔ اس کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی، مالی وسائل کی دستیابی، واضح پیداواری اہداف اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کا مؤثر طریقہ کار ضروری ہے ۔اطلاعات کے مطابق قطر کی جانب سے مالی معاونت اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تفصیلات کی تصدیق ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments