پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئے آئین کا نفاذ ہوگیا
چیئرمین اورچیف ایگزیکٹوکے اختیارات علیحدہ،جنرل باڈی11اراکین پر مشتمل ہوگی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر )وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے منظوری کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد پی سی بی کا نیا آئین نافذ العمل ہوگیا ۔نئے آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز میں تین کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور ، پیٹرن انچیف کی جانب سے دو نامزد اراکین،ایک خاتون سمیت چار آزاد ڈائریکٹرز، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو ، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی سیکریٹری بطور غیرفعال رکن شامل ہوں گے ۔نئے آئین میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو چھ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔اب سینٹرل اور سدرن پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا،بلوچستان اور ناردرن ایریاز کی ایسوسی ایشن کی ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گی۔ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کوسٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تبدیل کردیا جائے گا۔ایسوسی ایشنز گورننگ بورڈ کے منظور کردہ اپنے ماڈل آئین کے تحت کام کریں گے ۔ پی سی بی جنرل باڈی11 اراکین پر مشتمل ہوگی جن میں چیئرمین بورڈ، تمام ایسوسی ایشنز، بلائنڈ کرکٹ کونسل، ڈیف اینڈ ڈمب کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدور شامل ہوں گے ۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر غیرفعال اراکین ہوں گے جنہیں ووٹنگ کا حق حاصل نہیں ہوگا۔نئے آئین کے بعد چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ کردیئے گئے ہیں ۔منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اب بطور چیف ایگزیکٹو کام کریں گے ۔ پی سی بی کے گورننس اسٹرکچر کی مضبوطی کیلئے شق نمبر 12 سی کا اضافہ کیا گیا ہے جس کیلئے بورڈ میں کارپوریٹ گورننس کے بہترین طریقوں کو نافذ کیا جائے گا۔