انڈر 19 ورلڈ کپ پیسر وسیم جونیئر کے 5 شکار ,سکاٹ لینڈ بے حال
7وکٹوں سے جیت ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز ،سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 24ویں اوورمیں 75رنز پر ڈھیر،طاہرحسین کی 3 ،عباس آفریدی کی 2وکٹیں روحیل نذیر کے 27رنز ،عرفان خان 37رنزبناکرناقابل شکست رہے ،ہدف 12اوورمیں 3وکٹیں گنواکر پوراکرلیا،بھارت نے سری لنکا کو 90رنز سے ہرادیا
پورٹ چیفسٹروم، بلوم فاؤنٹین (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت سکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا فاتحانہ آغاز کرلیا ۔ گزشتہ روز سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم 24ویں اوور میں صرف 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی،عزیرشاہ 20 رنز بناکر ٹاپ بیٹسمین رہے ۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر نے 7.5اوورز میں 12 رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، طاہر حسین نے3 اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں قومی ٹیم کا آغاز بھی متاثر کن نہیں تھا اور صرف 4 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد عرفان خان اور کپتان روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی شراکت قائم کی، عرفان خان 37 اورقاسم اکرم 5رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ روحیل نذیر نے 27رنز کی اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ لائم نیلر، چارلی پیٹ اور قیس سجاد نے 1 ،1وکٹ حاصل کی۔قومی انڈر 19 ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ22جنوری کو زمبابوے کیخلاف کھیلے گی۔ گزشتہ روز دوسرے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 90رنز سے ہرادیا ۔ بھارت نے 4 وکٹوں پر 297رنز بنائے، یش ہاسوی جیسوال59، کپتان پریام گرگ56اور دھورو جویل ناٹ آؤٹ52رنز بناکر نمایاں رہے ۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 207رنز بنا سکی، کپتان نیپون دھنن جایا50رنز بناکر قابل ذکر رہے ۔