پاکستان میں بھی تھری ڈی مجسمے بننا شروع
تصویریں بنوانے کے شوقین افراد کیلئے لاہور میں تھری ڈی مجسمے تیار کرنے کی نئی ٹیکنالوجی متعارف کرادی گئی ہے ۔
لاہور(نیٹ نیوز) ساٹھ کیمروں کی مدد سے بننے والا چھوٹے سے چھوٹا مجسمہ تیس ہزار روپے میں پڑتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایک مخصوص کیبن میں ساٹھ کیمرے نصب ہوتے ہیں، آپ من پسند پوز اختیار کریں، پھر ایک کلک سے کیمروں کے شٹر حرکت میں آتے ہیں اور تمام پہلو عکسبند ہوجاتے ہیں ۔تھری ڈی ماہر اویس کہتے ہیں کہ تھری ڈی امیج کو جرمنی بھجوایا جاتا ہے اور چھ دن بعد ہوبہو مجسمہ آپ کے ہاتھ میں ہوتا ہے ۔ تصویر کا یہ نیا انداز لوگوں کو بھی خوب بھا رہا ہے ۔ میز پر مجسمہ سجانے کا یہ شوق ابھی کچھ مہنگا بھی ہے ۔ چھ انچ سائز کی قیمت تیس ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے ۔شوقین افراد اس ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے ان کو اپنی جیب ڈھیلی کرنا ہوگی ۔