خبردار،ہوشیار ! تمباکو نوشی کرہ ارض کیلئے بھی مضر قرار
یہ تو سب جانتے ہیں کہ تمباکو نوشی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے مگر بہت سارے لوگ یہ نہیں جانتے کہ یہ کرہ ارض کیلئے بھی انتہائی خطرناک ہے ۔
لندن (نیٹ نیوز)تمباکو کا بیج بونے سے ، سگریٹ کی تیاری اور پھر تمباکو نوشی تک کا عمل کرہ ارض کیلئے مضر قراردیاگیاہے ۔ دنیا بھر میں اربوں سموکرز ہیں اور یہ تمباکو مختلف طریقوں سے اس دنیا کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔ ایمپریل کالج آف لندن کے ریسرچرز کے مطابق تمباکو کی صنعت ویلز میں پیدا ہونے والی ضرر رساں گیسوں سے دوگنا سے بھی زائد کے اخراج کا باعث بن رہی ہے ۔ڈبلیو ایچ اوکے سربراہ ونایک پراساد نے کہا ہے کہ اگر تمباکو کی طلب پوری کرنے کیلئے اس کی فصل اسی طرح سے اگائی جاتی رہی تو آنے والے وقت میں ایک بڑے ماحولیاتی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔دن بہ دن تمباکو کی پیداوار بڑھتی جا رہی ہے ۔کہنے کو ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں، مگر تمباکو سے پیدا ہونے والی کاربن گیسوں کے اثرات کی روک تھام ناکافی ہے ۔ تمباکو کی کاشت کیلئے استعمال ہونے والی کیڑے مار ادویات اور کھادیں نہ صرف دریاوں اور زیر زمین پانی کو آلودہ کر رہی ہیں بلکہ یہ زمین کی کوالٹی بھی خراب کر رہی ہیں۔