اسٹاک ایکسچینج ،تیزی، انڈیکس1567پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک ایکسچینج ،تیزی، انڈیکس1567پوائنٹس بڑھ گیا

آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ اور آئی ٹی سیکٹر سرگرم،انڈیکس 183951پربند ایک ارب سے زائدحصص کے سودے طے ، کاروباری حجم 2.03فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل3روزہ مندی کے بعد منگل کو تیزی کا رجحان غالب آگیا جس سے 1لاکھ 83ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی۔تیزی کے باوجود 55.20فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی لیکن حصص کی مالیت 1کھرب 70ارب 15کروڑ 23لاکھ بڑھ گئی۔ کاروبار کا آغاز اگرچہ تیزی سے ہوا لیکن ایک موقع پر 1794 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس 1لاکھ 82ہزار اور 1لاکھ 81ہزار پوائنٹس کی دو سطح بھی گرگئیں تاہم آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کے بادل چھٹ گئے اور ایک موقع پر1921پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی،اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1567 پوائنٹس کے اضافے سے 183951پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 542 پوائنٹس کے اضافے سے 56444 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 904پوائنٹس کے اضافے سے 110404 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1456پوائنٹس کے اضافے سے 256899پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 2.03فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 1ارب 03کروڑ 72لاکھ حصص کے سودے طے پائے ۔ مجموعی طور پر 480 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 177 کمپنیوں کے بھاو میں اضافہ، 265 میں کمی اور 38 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں