دل کی نگرانی کیلئے جدید ترین ‘ ای ٹیٹو’ سینسر کی تیاری
امریکی ماہرین نے مریضوں کے دل کی مسلسل نگرانی کیلئے ایک ‘ای ٹیٹو’ بنایا ہے
ٹیکساس(نیٹ نیوز)امریکی ماہرین نے مریضوں کے دل کی مسلسل نگرانی کیلئے ایک ‘ای ٹیٹو’ بنایا ہے جو سینے کے اوپر چپک کر ای سی جی اور دل کی دیگر کیفیات نوٹ کرتا رہتا ہے ، اسے ای ٹیٹو کا نام دیا گیا ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ قلبی کیفیات کی بالکل درست پیمائش کرتا ہے ۔آسٹن میں واقع یونیورسٹی آف ٹیکساس کے پروفیسر نینشو لیو اور ان کے ساتھیوں نے یہ ٹیٹو تیار کیا ہے جس میں دو طرح کے سینسر لگے ہیں۔ مریض کے سانس لینے اور چلنے پھرنے سے ٹیٹو بھی سکڑتا اور پھیلتا ہے جس سے مریض کو الجھن نہیں ہوتی جبکہ یہ کئی دن تک سینے سے چپکا رہتا ہے ۔ فی الحال اسے تار کے ذریعے جوڑا گیا ہے لیکن بہت جلد یہ وائرلیس انداز میں ایک ایپ کو دل کی ساری تفصیلات روانہ کرے گا اور ڈاکٹر کسی بھی ایمرجنسی کے صورت میں مریض کی مدد کا فیصلہ لے سکے گا۔اس پر لگے سینسر الیکٹرو کارڈیوگرافی اور سیسمو کارڈیو گرافی کو نوٹ کرتے ہیں۔ ای سی جی میں دل دھڑکنے سے پیدا ہونے والے برقی سگنلز کی شدت کو پڑھا جاتا ہے جبکہ ایس سی جی میں دل دھڑکنے سے سینے کے ارتعاشات کو نوٹ کیا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر لیو نے بتایا کہ اس طرح دل کی دو حرکات کو نوٹ کرتے ہوئے دل کی صحت کا بہت اچھے انداز میں جائزہ لیا جاسکتا ہے تاہم ابھی یہ سینسر ٹیٹو تجرباتی مراحل میں ہے اور اسے بازار تک پہنچنے میں کچھ عرصہ لگ سکتا ہے ۔