گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی ‘ذہین’ جلد
گرگٹ کا شمار ان جان داروں میں ہوتا ہے جو اپنے ماحول کے لحاظ سے رنگ بدل لیتے ہیں
اٹلانٹا(نیٹ نیوز)گرگٹ کا شمار ان جان داروں میں ہوتا ہے جو اپنے ماحول کے لحاظ سے رنگ بدل لیتے ہیں۔ اب سائنس دانوں نے خاص مٹیریل کی مدد سے ایسی ‘‘سمارٹ سکن’’(ذہین جلد)بنالی ہے جو دھوپ میں رنگ بدل لیتی ہے ۔ایموری یونیورسٹی کے ماہرین نے فوٹونِک کرسٹلز کی مدد سے یہ جلد بنائی ہے ۔ اسے بنانے والے پروفیسر یائیکشیاؤ ڈونگ کہتے ہیں کہ انہیں رنگ بدلتے گرگٹ کو دیکھ کر اس شہ کو بنانے کا خیال آیا جس پر بھرپور تحقیق کی گئی۔تحقیق سے وابستہ ایک اور سائنسداں خالد سلیتا نے بتایا کہ اس کام کیلئے فوٹونِک کرسٹلز استعمال کئے گئے ہیں اور سمارٹ جلد کو کیموفلاج، کیمیکلز محسوس کرنے اور جعل سازی کی روک تھام کرنے والے سٹیکروں میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اگرچہ یہ کام ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن بالکل نیا اور انوکھا بھی ہے ۔رنگ بدلنے والی جلد کی تیاری کیلئے انتہائی باریک فوٹونک کرسٹلز کو پانی سے بھرے لچک دار پولیمر میں لگایا گیا جسے ہائیڈروجل کہتے ہیں۔ جیسے جیسے ہائیڈروجل سکڑتا اور پھیلتا ہے ، فوٹونک کرسٹلز کے درمیان فاصلہ کم یا زیادہ ہوتا ہے اور اس طرح وہ رنگ بدلتے ہیں۔اسے مزید بہتر بنانے کیلئے فوٹونِک کرسٹلز میں آئرن آکسائیڈ کا اضافہ کیا گیا تو حرارت سے اس کا رنگ بدلنے لگا۔ اس ایجاد کو ‘سٹرین اکوموڈیٹنگ سمارٹ سکن’یا ‘ایس اے ایس ایس’ کا نام دیا گیا ہے ۔