اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کرنے کیلئے مستحکم سرمایہ کاری منصوبوں کی تفصیل طلب

اوورسیز  پاکستانیوں  کو  راغب کرنے کیلئے مستحکم سرمایہ کاری منصوبوں کی تفصیل طلب

لاہور(محمد حسن رضا سے )فارن انویسٹمنٹ پاکستان لانے کا نیا پلان، وزیراعظم آفس کی جانب سے مالدار اوورسیز پاکستانیوں کو متوجہ کرنے کے لئے چاروں صوبوں سے مستحکم سرمایہ کاری منصوبوں کی تفصیلات بشمول پی سی ون مانگ لئے گئے ۔

 پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان ، گلگت ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کو وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ فوری پی سی ون وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو بھیجا جائے ، پی سی ون مکمل ہونے چاہئیں تاکہ فوری سرمایہ کاروں کو دئیے جاسکیں، صوبوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے منصوبے بھیجیں جو زیادہ سرمایہ کاری لا سکیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے بھجوایا جانیوالا خط چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، پنجاب و دیگر صوبوں کو موصول ہوگیا ہے ، جس پر ہنگامی طورپر کام شروع کر دیا گیا ہے ، وزیراعظم آفس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ایسے انویسٹمنٹ پراجیکٹ بھجوائیں جس سے مالدار اوورسیز پاکستانیز کو متوجہ کیا جاسکے ۔

وفاقی حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق یہ خط اس لئے جاری کیا گیا کہ مبینہ طورپر بعض مالدار اوورسیز پاکستانیوں نے بعض اہم ملاقاتوں میں مستحکم پائیدار منصوبوں سے متعلق سوالات اٹھائے ، اور یہ بھی کہا گیا کہ بتایا جائے کہ وفاق اورصوبوں میں کونسا ایسا پراجیکٹ ہے جس پر وہ سرمایہ کاری کرسکیں،جس سے ان کو فائدہ بھی ہو سکے ،سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخواسے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ، بعض سرمایہ کاروں نے کہاکہ ہمیں صرف ون پیج ہی نہیں بلکہ پراجیکٹ کی مکمل تفصیلات اور اس کے فوائد، تخمینہ سمیت سب معلومات مہیا کی جائیں جس کو دیکھ کر وہ اپنی ٹیم پاکستان بھجوا سکیں اور پھر ان معلوما ت اور اپنی ٹیم کی رپورٹس کو دیکھتے ہوئے وہ پاکستان میں ان متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے فارن انویسٹمنٹ پاکستان لانے کا سوچ سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں