جولائی تا نومبر:گاڑیوں کی فروخت میں 43فیصد اضافہ

جولائی تا نومبر:گاڑیوں کی فروخت میں 43فیصد اضافہ

55ہزار سے زائد یونٹس کی فروخت ریکارڈ، گزشتہ سال38ہزار یونٹس تھے اقتصادی ماحول میں بہتری،آسان فنانسنگ اور معاون پالیساں وجہ ،شفیق احمد

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ (جولائی تا نومبر)کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ خریداریوں میں اضافہ اور مقامی مارکیٹ میں نئے ماڈلز اور اقسام کے آنے کے بعد بہتر اقتصادی ماحول ہے ۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما)کے مطابق پہلے 5ماہ میں کاروں کی فروخت 43 فیصد اضافے سے 55ہزار239یونٹس تک پہنچ گئی جوگزشتہ سال کے اسی مدت میں 38,597 یونٹس تھے ۔گاڑیوں کے ماہر شفیق احمد شیخ کے مطابق اقتصادی ماحول میں بہتری، حکومت کی دوستانہ اور معاون پالیسیوں، آسان فنانسنگ کے مواقع، نئے ماڈلز کا تعارف اور متعدد ماڈلز پر اصل سازندگان (او ای ایمز )کی قیمتوں میں بڑی کمی صارفین کو مارکیٹ میں واپس آنے کی ترغیب دے رہی ہے ۔نومبر میں کاروں کی فروخت 12,408 یونٹس رہی جو کہ پچھلے سال کے اسی مہینے میں فروخت ہونے والے 7,972 یونٹس کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے ۔ ماہانہ بنیاد پر کاروں کی فروخت میں 8 فیصد کمی واقع ہوئی۔آٹو تجزیہ کارصابر شیخ کے مطابق مقامی لوگ چند برسوں کے بعد نئی گاڑیاں لے رہے ہیں یا اپنی گاڑیاں تبدیل کر رہے ہیں۔جیپ اور پک اپ کی فروخت بالترتیب 62 فیصد اضافے سے 19,803 یونٹس، ٹرکوں کی فروخت 101 فیصد اضافے سے 2,753 یونٹس اور بسوں کی فروخت بالترتیب 72 فیصد اضافے سے 407 یونٹس تک پہنچ گئی۔ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں بھی 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں