گارے سے انسانوں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے بنانیوالا فنکار
اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے ۔
ہونان(نیٹ نیوز)اس میں ایک فنکار راہ گیروں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے اور پتلے بنارہا ہے جو چکنی مٹی کے گارے سے بنائے جاتے ہیں۔اس فنکار کا نام یان جونائی ہے جو چین کے شہر چنگشا کی ایک سڑک کے کنارے بیٹھا رہتا ہے اور گارے سے راہ گیروں کے مجسمے بناکر انہیں حیران کررہا ہے ۔ اس کے جادوئی ہاتھ اور فن کو دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ سب سے پہلے یان کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ سی جی ٹی این پر پوسٹ کی گئی تھی جس میں وہ چکنی مٹی کے ٹکڑوں سے انسانی سر اور مجسمے بناتے دکھائی دئیے ۔ وہ آنکھوں سے لے کر ہونٹوں تک کی باریک جزئیات کو اتنی عمدگی سے بناتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران رہ جاتا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مجسمہ تراشی میں وہ صرف اپنے ہاتھ استعمال کرتے ہیں اورایک چھوٹی سی چھری سے اپنے فن کا جادو جگاتے ہیں۔یان جونائی کا خاندان پانچ نسلوں سے سنگ تراشی کرتا آرہا ہے اور انہوں نے یہ علم صرف آٹھ سال کی عمر سے حاصل کرنا شروع کیا۔ اب سے ایک سال قبل انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی حقیقی جسامت کا ایک نمونہ بنایا تھا جس کے بعد ان کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی تھی۔