"FBC" (space) message & send to 7575

عورت

خدا نے جب جانداروں کو پیدا کیا‘ تو انہیں جوڑوں کی شکل میں پیدا کیا۔جانداروں کا جوڑوں کی شکل میں پیدا کرنا‘خدا کی نشانیوں میں سے ایک بہت بڑی نشانی ہے ۔ اور جن الفاظ میں خدا اس پر تبصرہ فرماتاہے ‘ وہ اسی کو زیبا ہے ۔ فرمایا: لوگوں کے لیے سجا دی گئی ‘ان خواہشات کی محبت ...‘‘۔آگے مال و دولت اور اولاد سے بھی پہلے عورت کا ذکر ہے ۔اس قدر سادہ الفاظ میں دنیا کی سب سے بڑی حقیقت کو بیان کرنا خدا ہی کو زیبا ہے ۔ سجا دی گئی ان خواہشات کی محبت: عورت‘اولاد‘ مال و دولت (مفہوم )‘( سورہ آلِ عمران 14)۔ اگر یہ سجاوٹ ختم کر دی جائے‘ تو انسان ان چیزوں سے محبت کرنا چھوڑ دے ۔ایک دوسرے سے محبت کے بارے میں ہر جگہ خدا یہی کہتاہے کہ یہ محبت ہم نے تمہارے دلوں پر ڈالی اور اگر ہم نہ ڈالتے ‘تو تم دنیا کی ساری دولت خرچ کر کے بھی دلوں میں محبت نہ پیدا کر سکتے ۔ آپ اس سے اندازہ لگائیں کہ ایک بلی اور شیرنی کے دماغ سے جب اولاد کی محبت واپس لے لی جاتی ہے‘ تو پھر وہ اپنی اولاد کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے یا Tigersمیں تو ماں اور بیٹے /بیٹی کی اس جگہ (Territory)کی ملکیت پر خوں ریز جنگ بھی ہوسکتی ہے ۔ 
ایک جگہ فرمایا :''وہی (خدا ) ہے ‘ جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی میں سے اس کا جوڑا بنایا‘ تاکہ وہ اس سے سکون حاصل کرے‘‘۔ (سورۃالاعراف 189)
یہ عورت کون تھی ‘ کیا تھی‘ جس کے بارے میں علامہ اقبالؔ نے فرمایا: 
وجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ
اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوز دروں 
بچّے ‘ خوشبو ‘ پھل ‘ پھول ‘ بارش ‘ ٹھنڈی ہوا ‘ پہاڑ ‘پانی ‘سب خوبصورت چیزوں میں سے عورت شاید خوبصورت ترین ہے ۔عورت ان وجوہات میں شامل تھی ‘ جن کے لیے سلاطین نے آپس میں جنگیں کی۔ لاکھوں انسان ان جنگوں میں قتل ہوئے ۔ کروڑوں اندر ہی اندر مر گئے ۔ دنیا کے سب سے طاقتور ملک ‘ عالمی طاقت امریکہ کا صدر بل کلنٹن اور دنیا کی سب سے طاقتور خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس عورت کے معاملے میں شدید سبکی سے دوچار ہوئے ۔ ڈیوڈ پیٹریاس کی تو ملازمت ہی ختم ہو گئی ۔ حال ہی میں گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر الزام لگایا اور معاملہ ابھی عدالت میں ہے ۔ اکثر مواقع پر مرد ایسے عہدے پر فائز ہوتاہے ‘ جہاں وہ عورت کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتاہے ۔ دوسری طرف جو حضرت یوسف علیہ السلام کے ساتھ ہوا‘ وہ بھی ہمارے سامنے ہے۔ 
مختلف جانداروں میں نر مادہ کو متاثر کرنے کے لیے سو جتن کرتے ہیں ۔ اکثر پرندے رقص کرتے ہیں ۔ شتر مرغ جذبات کی شدت میں اپنی گردن سرخ کر لیتاہے ‘ اس سرخ گردن کو رقص کے انداز میں ہلاتا اور تھرکتا رہتا ہے ۔ ہر مادہ کی کوشش ہوتی ہے کہ سب سے طاقتور نر کا انتخاب کیا جائے ۔ علاقے کے سب سے طاقتور نر اور مادہ ہی کو ایک گھونسلا بنانے کی اجازت ہوتی ہے ۔ کسی اور کو وہ اپنا گھونسلا بنانے نہیں دیتے ۔ سب مادائیں‘ ملکہ شتر مرغ جو کہ سب سے طاقتور ہوتی ہے ‘ اسی کے گھونسلے میں انڈہ دے کر رخصت ہو جاتی ہیں ۔ بچوں کو پالنا اس سب سے طاقتور جوڑے ہی کا فرض ہوتا ہے ۔کہیں ایک مچھلی کی ویڈیو دیکھی ‘ جو مادہ کو متاثر کرنے کے لیے سمندر کی ریت پر نقش و نگار بناتی ہے ۔
تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان ‘ جنہیں کرکٹ کی وجہ سے عالمی شہرت ملی اور ازاںبعد دنیا میں کینسر کے واحد مفت ہسپتال شوکت خانم کی وجہ سے ‘ وہ بھی مختلف خواتین کے الزامات کی زد میں رہے ۔ جب عائشہ گلالئی کی طرف سے ان پرالزام عائد کیا گیا‘ تو صحافیوں کے اس سوال کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا کہ آپ کئی سال خاموشی کے بعد اس وقت کیوں میدان میں اتری ہیں ‘ جب الیکشن سر پہ ہے اور آپ کو ٹکٹ کی ضرورت ہے ۔ 
عمران خان اور ریحام خان کے درمیان کشیدگی کی جو وجہ میری سمجھ میں آئی (کپتان اور اس کی سابق اہلیہ نے جو آخری شادی اٹینڈ کی‘ وہ اس خاکسار ہی کی تھی‘ اسی سے آپ میری بابرکت شخصیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں ) ریحام خان over ambitiousہیں ۔ انہوں نے برطانیہ میں اپنے کیرئیر کے لیے اپنی پہلی شادی کی قربانی دی ۔ایک دفعہ بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات ہوئی ‘تو انہوں نے بتایا کہ ریحام خان سوات میں قیمتی پتھروں کی ایک لیبارٹری بنا رہی ہیں ۔ وہ ایک پشتو فلم بنا رہی ہیں اور وہ تحریک انصاف کے ایک جلسے سے بھی خطاب کر چکی تھیں ۔کپتان اور ریحام خان کو قریب سے دیکھنے والوں کا کہنا یہ تھا کہ ریحام خان تمام معاملات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہ رہی تھیں ‘جبکہ عمران خان ایسا بندہ نہیں‘جو کہ اپنے معاملات بیوی کے ہاتھ میں دے دے ۔ 
عمران خان کے حالیہ ایک مزار کے دورے اور سجدے یا بوسے پر جو شور اٹھا‘ اس حوالے سے ایک اور ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے ‘ جس میں ایک شخص مزار کے باہر تیز تیز چلتا ہوا جارہا ہے اور ہر چند قدم پر ایک سجدہ کر رہا ہے ۔ پیچھے آہستہ آہستہ وہ لینڈ کروزر چلتی ہوئی آرہی ہے ‘ جس میں کپتان اور اس کی اہلیہ موجود ہیں ؛اگرچہ ان کے چہرے دیکھے نہیں جا سکے اور اس بات کا احتمال موجود ہے کہ یہ ویڈیو مخالفین نے بنائی ہو ۔ 
بہر حال ‘ جو کچھ بھی تھا‘ عمران خان پہ قسمت مہربان رہی ۔ اس عمر میں بھرپور فٹنس ‘ ذرا سا بھی اضافی گوشت نہیں ‘ پھر شادی پہ شادی ۔ کچھ لوگوں کا کہنا یہ ہے کہ انہو ں نے موجودہ شادی ‘اس امید پہ کی ہے کہ ایک روحانی شخصیت سے شادی اور عملیات کی مدد سے ان کے لیے اقتدار کے دروازے کھل جائیں گے ۔ کچھ کا کہنا یہ ہے کہ اگر عمران خان وزیرِ اعظم نہ بن سکے‘ تو پھر اس شادی کا کیا ہوگا؟ایک افواہ یہ گردش کر رہی ہے کہ نون لیگ کو توڑ کر چوہدری نثار کو نئی پارٹی کا سربراہ بنایا جائے گا ۔ ...اور چوہدری نثار ہی اگلے وزیر اعظم ہوں گے ‘ سب آزاد امیدواروں کو اُن کی چھتری تلے اکھٹا کر دیا جائے گا ۔ 
جہاں تک میں حالات کو سمجھ سکتا ہوں ‘ عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے امکانات دوسرے سب لوگوں سے بہت زیادہ ہیں ۔ حالات کا دھارا اُن کے حق میں بہہ رہا ہے۔ پانامہ لیکس نہ آتیں اور اگر عالمی سطح پر سیاستدانوں کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوتیں تو صورتِ حال بالکل مختلف ہوتی ‘ نیز پانچ سالوں میں نون لیگ ایسی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ‘ ‘جس کی وجہ سے عوام الناس کی اکثریت نواز شریف کے حق میں سڑکوں پر ہوتی ‘اگر ایسا ہوتا تو وہ پاکستان کے طیب اردوان بن جاتے ۔ 
حرفِ آخر یہ کہ عورت انتہا درجے کا حسن ہے ۔ یہ بات تو بالکل درست ہے کہ جو شخص ایک عورت کو ناجائز تعلقات استوار کرنے کی پیشکش کرتاہے ‘ وہ قابلِ نفرت ہے‘ لیکن دنیا کی سب سے زیادہ حسین چیز کو دیکھ کر اگر ایک مرد کچھ دیر کے لیے مبہوت ہو جاتاہے‘ تو یہ کوئی ایسی بات نہیں ‘ جس پر اسے قابلِ نفرت قرار دے دیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں