"MMC" (space) message & send to 7575

خبراور اطلاع

خبر کو عربی میں ''نَبَأٌ‘‘بھی کہتے ہیں،اس کی جمع ''اَلْاَنْبَائ‘‘ہے اوراسی سے'' نَبِیٌّ‘‘ ہے،جس کے معنی ہیں:'' غیب کی خبر دینے والا‘‘۔ حدیث کے لیے بھی خبر کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے ،جیسے خبرِ واحد وغیرہ،بعض محدثین راوی کے کلمات ''حَدَّثَنَا‘‘ اور ''اَخْبَرَنَا‘‘ میں معنوی فرق بھی کرتے ہیں ۔عربی عِلمُ النَّحو میں جملہ اسمیہ دو اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے:مبتدا اور خبر،اسی کو مُسنَد اِلَیہ اور مُسنَد بہٖ بھی کہتے ہیںاور علمِ منطق میں جملے کے دو اجزا ء کو موضوع اور محمول کہتے ہیں، خبر کے معروف معنی سب کو معلوم ہیں۔ علم المعانی میں بتایا جاتا ہے : ''خبر وہ ہے جو صدق اورکذب کا احتمال رکھتی ہے‘‘ ،یعنی سچی بھی ہوسکتی ہے اور جھوٹی بھی،یعنی اگر وہ واقعہ کے مطابق ہے تو سچی ہے اور اگرواقعہ کے خلاف ہے تو جھوٹی ہے ،الغرض نشر کرنے سے پہلے خبر کی تحقیق ضروری ہے۔علم الکلام کے بعض ائمہ نے حق اور صدق میں فرق کیا ہے کہ حق وہ ہے کہ واقعہ اس کا محتاج ہوتا ہے،پس اللہ کا کلام حق ہے، لہٰذاواقعہ اس کے برعکس ہوہی نہیں سکتا اور صدق اپنے ثابت ہونے کے لیے واقعہ کا محتاج ہوتا ہے ۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اے ایمان والو! اگر تمہارے پاس کوئی فاسق (غیر مستندشخص) کوئی خبر لے کر آئے، تو( ردِّعمل سے پہلے )تحقیق کرلیاکرو،کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی میں کسی قوم کوتکلیف پہنچائو ، پھر تمہیں اپنے کیے پر شرمسار ہوناپڑے،(الحجرات:6)‘‘۔یہی تعلیم رسول اللہ ﷺ نے دی ہے ، فرمایا: ''کسی شخص کے جھوٹا ہونے کے لیے بس اتنا ہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات کو بیان کرتا پھرے،(صحیح مسلم:5)‘‘۔
مدینۂ منورہ میں دشمنانِ دین اورمنافقین کا ایک شِعار یہ بھی تھا کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلاتے تھے تاکہ مسلمانوں میں سنسنی پھیل جائے ۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:''منافق اور وہ لوگ جن کے دلوں میںروگ ہے اور وہ جو مدینہ میں جھوٹی افواہیں پھیلاتے ہیں ،اگرباز نہ آئے تو ہم آپ کو ضرور اُن پر مسلّط فرمادیں گے ، پھر وہ اُس میں آپ کے نزدیک زیادہ عرصے نہیں رہ پائیں گے ،وہ لعنتی ہیں، جہاں کہیں ملیں ،پکڑے جائیں اورانہیں چُن چن کر قتل کیا جائے ، پچھلی امتوں میں اللہ کا دستور یہی رہا ہے اور آپ اللہ کے دستور میں ہرگز کوئی تبدیلی نہیں پائیں گے،(الاحزاب:60-62)‘‘ ۔ قرآنِ کریم نے جس چیز کو ''اِرجاف‘‘سے تعبیر فرمایا ہے ،اسی کو آج کل Disinformation کہاجاتا ہے ، ایسی خبریں پھیلانے کا مقصد معاشرے میں سنسنی پھیلانا ، کسی کو بدنام کرنا یا ملک میں عدمِ استحکام پیدا کرنا ہوتاہے،منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کواس سے کوئی غرض نہیں ہوتی کہ اس کا نقصان یا مابعد اثرات کتنے سنگین ہوں گے۔
صحیح بخاری میں بنی اسرائیل کے ایک عابد وزاہد شخص جُریج کا ذکر ہے جنہوں نے بستی سے باہر ایک گرجا بنایا، وہ اس میں ہمیشہ مصروفِ عبادت رہتے تھے ، ایک فاحشہ عورت نے انہیں اپنی طرف مائل کرنا چاہا ،مگر وہ اس کے فریب میں نہ آئے۔ پھر اُس عورت نے ایک ناجائز بچہ جنا اور اسے جریج کی طرف منسوب کردیا ،قوم نے حقیقت معلوم کیے بغیر ان پر یلغار کردی ، ان کا گرجا ڈھا دیا اور اُنہیں لہولہان کردیا، وہ ہوش میں آئے تو قوم سے پوچھا:تم نے مجھے کس جرم کی سزا دی ہے ؟، انہوں نے بچے کی طرف اشارہ کیا۔ پھر انہوں نے دو رکعت نماز نفل پڑھی ،اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور درخت کی ایک شاخ سے اُس نومولود بچے کو ٹہوکا دیا اور پوچھا: ''تمہارا باپ کون ہے،اُس نے ایک چرواہے کی طرف اشارہ کیا ۔قوم اپنے کیے پر شرمسار ہوئی اور جریج سے کہا: ہم تمہیں سونے کا گرجا بنائے دیتے ہیں، انہوں نے کہا :مجھے میرے حال پر چھوڑ دو ،ظاہر ہے انہیں جو تکلیف پہنچائی جاچکی تھی ،اُس کا ازالہ نہیں ہوسکتا تھا،اُن کی اس ابتلا کا سبب بھی حدیث میں مذکور ہے ،لیکن وہ یہاں موضوعِ بحث نہیں ہے ،یہ روایات کا خلاصہ ہے ۔ 
آج کل ہم کچھ ایسی ہی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔ الیکٹرانک میڈیا میں ناظرین کو اپنی جانب مائل کرنے کی غیر تعمیری مسابقت نے دینی ومعاشرتی اقدار،اخلاقی معیار اور پیشہ ورانہ تقاضوں کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ ان میں کام کرنے والے افراد تمام قانونی حدودوقیود سے آزاد نظر آتے ہیں ،اُن پر نگرانی اور مواخذے کا کوئی نظام نہیں ہے ۔ میڈیا بے انتہا طاقتور ہوگیا ہے، اُس کے پاس سیاست دانوں اور دیگر طبقات کو بلیک میل کرنے اور دبائو میں رکھنے کا مؤثر ہتھیار ہے۔ہمارے ہاں دیگر قوانین کی طرح ازالۂ حیثیتِ عُرفی کا قانون بے اثراورضابطۂ قانون فرسودہ ہے ۔ ماتحت عدالتیں خود دبائو میں رہتی ہیں ،سپریم کورٹ آخر کتنے معاملات میں براہِ راست مداخلت کرے گی ۔لیکن سرِ دست ایک اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کا معاملہ سپریم کورٹ نے اپنے ہاتھ میں لیا ہے، جے آئی ٹی بھی بنالی ہے ، پوری قوم کو امید رکھنی چاہیے کہ اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گاتاکہ آئندہ کے لیے ایک عبرت ناک مثال قائم ہو جائے ، ہوسکتا ہے کچھ ضوابط بھی وضع ہوجائیں ۔ڈاکٹر شاہد مسعود صاحب نے24جنوری کو اپنے پروگرام میں دو مرتبہ کہا: ''میں جو بات کہہ رہا ہوں ،انتہائی ذمے داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں‘‘، بعد میں سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد 28جنوری کے پروگرام میں انہوں نے کہا :''ایک خبر ہوتی ہے ، ایک اطلاع ہوتی ہے ،میں نے اطلاع دی ہے ‘‘۔حالانکہ کاروباری اداروں، ہوٹلوں اور دفاتر وغیرہ میں ''اطلاعات کا ڈیسک‘‘ گمراہ کرنے کے لیے نہیں بلکہ صحیح معلومات دینے کے لیے ہوتا ہے، یہ تو ایسا ہی ہے کہ کوئی کہے :''فلاں دن فلاں کی شادی ہے یا فلاں وقت فلاں کا جنازہ ہے ،میں اطلاع دے رہا ہوں،آپ خود تحقیق کرلیں‘‘۔عام طور پر غیبی خبریں سنانے والوں کی کوئی ہاٹ لائن ہوتی ہے اور کوئی غیر مرئی حفاظتی حصار بھی ہوتا ہے،لیکن بعض اوقات یہ لائن کٹ بھی جاتی ہے ، دیکھتے ہیں یہاں کیا ہوتا ہے۔ میڈیا پرسنز کی گفتگو سے لگتا تھا کہ ڈاکٹر صاحب مشکل میں پھنس گئے ہیں ،صرف مظہر عباس صاحب نے کہا :''مجھے یقین ہے کہ ان کے پاس کوئی معلومات ہیں‘‘۔دوسری طرف ڈاکٹر صاحب نے جناب چیف جسٹس کی وعید کے باوجود معافی نہیں مانگی ،وہ منظر پر موجود ہیں ، جے آئی ٹی بھی بن گئی ہے، جناب چیف جسٹس نے محمد امین انصاری صاحب اور ان کے وکیل کو میڈیا سے گفتگوسے منع کیا ہے ،مجھے اس جے آئی ٹی کا اندازپانامہ جے آئی ٹی سے مشابہ نظر آتا ہے ۔
چائلڈ پورنوگرافی بچوں کے بارے میں فحش فلمیں بنانے کو کہتے ہیں، ،جو تکنیکی اعتبار سے انتہائی اعلیٰ اور عالمی معیار کی ہوتی ہیں، کہاجاتا ہے کہ بعض یورپین ممالک میں اس کی مارکیٹ ہے ،بفرضِ محال یہاں اگر کوئی ایسی چیز ہے تو پوش آبادیوں کے سائونڈ پروف بڑے بنگلوں کے تہ خانوں میں ایسا ہونا عقلاً ممکن توہے ،لیکن فی الواقع ایسا ہونا ہمارے علم میں نہیں ہے ، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز کو ہمیشہ ایسی لعنتوں سے محفوظ فرمائے۔ کوڑے کے ڈھیروں ،گنے کے کھیتوں ،میدانوں اور ریگستانوں اور کچے مکانوں میںاس طرح کی فلمیں بنائے جانے اور عالمی مارکیٹ میں بیچنے کے دعوئوں کا جہاں تک تعلق ہے ،ہوسکتا ہے کہ بعض خبیث الفطرت ، کمینہ خصلت اور رذیل لوگ بلیک میلنگ یا شیطانی حَظّ اٹھانے کے لیے ایسے کام کرتے ہوں،یعنی یہ عقلاً محال تو نہیں ہے ،لیکن اس کا شیطنت کی عالمی مارکیٹ کے معیار پرپورا اترناناقابلِ یقین ہے،بظاہر اس پر یقین کرنا مشکل ہے۔اس لیے اس طرح کی چیزوں کو تحقیق کے بغیر نشر یا شائع کرنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ ''جرائم کی تشہیر‘‘ کے عنوان سے ہم نے اپنے گزشتہ کالم میں ان کے خطرات کی جانب متوجہ کیا ہے اور ان واقعات کی تشہیر کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں تسلسل کے ساتھ واقعات رونما ہورہے ہیں،کیونکہ آج کل الیکٹرانک اور سوشل میڈیا تک رسائی ہر ایک کے لیے آسان ہوگئی ہے، نوخیز ذہن ان چیزوں سے پراگندہ ہوتے ہیں ،جذبات مشتعل ہوتے ہیں ، اخلاقی تربیت اوردینی شعور کے فُقدان کے سبب اُن کے بہکنے اور بھٹکنے کے احتمالات نظر انداز نہیں کیے جاسکتے۔ جناب جسٹس ثاقب نثارسے گزارش ہے کہ اس کے بارے میں کوئی دو ٹوک حکم صادر فرمائیں، ہوسکتا ہے یہ آخرت میں اُن کی نجات کا باعث بن جائے۔ جناب محمد امین انصاری اور اُن جیسے متاثرہ خاندانوں کا درد ہر وہ شخص محسوس کرتا ہے جس کے سینے میں دل ہے ،تاہم اُن سے گزارش ہے کہ صبر کا دامن تھامے رہیں ،تشہیر سے گریز کریں ، میڈیا کاروباری مسابقت کے جنون میں بڑا بے رحم ہوگیا ہے،اسلام نے صرف مظلوم کو طلبِ انصاف کے لیے اپنے اوپر کیے گئے ظلم کے اظہار کی اجازت دی ہے،قرآن کریم میں ہے: ''اللہ برائی کا عَلانیہ ذکر پسند نہیں فرماتا ،ماسوا مظلوم کے، (النسائ: 148)‘‘۔
میں ایک عرصے سے متنبّہ کر رہا ہوں کہ دینی مجالس اورمحافلِ نعت پر آرٹسٹوں اورشہرت کے دلدادہ اُن کے مربّیوں کا غلبہ ہوگیا ہے ،اب پیشہ ور نقیبانِ محفل ، ان کے پروموٹرز اور منتظمین کے بارے میں یوکے اور پاکستان سے اندوہناک خبریں آرہی ہیں ، قصور کے عادی مجرم عمران علی کاوزیٹنگ کارڈ بطورِ نقیبِ محفل سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے ،اسی پاکیزہ عنوان سے ان لوگوں کی گھروں تک رسائی ہوجاتی ہے اور پھر وہ ناپختہ بچوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بناتے ہیں ۔اگر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر درست ہے تو پھر دینی پروگراموں کی نقابت کے لیے تعلیم وتربیت اور پاکیزگیٔ کردار کا کوئی معیار ہونا چاہیے۔یہ طبقہ بیسویں صدی کے آخر میں اچانک وجود میں آیا ہے اورپھر رنگین لباس اور فنکارانہ وضع کے ساتھ نقابت نے ایک پیشے کی حیثیت اختیار کرلی۔ یہ مجالس روحانیت کی تقدیس سے عاری ہوکر ذہنی سرورکا باعث بن گئیں۔جعلی پیر ،واعظ، نعت خواں، نقیب محفل ، شہرت پسند نودولتیے اور ایکو سائونڈ سسٹم پر مشتمل ہمنوائوں کے دستے تشکیل پائے،جن کی فیس لاکھ سے شروع ہوتی ہے ۔ ہماری کتاب ''اصلاحِ عقائد واعمال‘‘ پر اسی طبقے کو سب سے زیادہ تکلیف پہنچی ہے ۔ الحمد للہ!تین ماہ میں'' اصلاحِ عقائد واعمال ‘‘دس ہزارکی تعداد میں شائع ہوچکی ہے۔ نوٹ: یہ کالم پیر کی صبح کو لکھا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں