"MMC" (space) message & send to 7575

لبیک

20 اگست کو تقریباً تین ملین خوش قسمت اہلِ ایمان حج کا رُکنِ اعظم ''وقوفِ عرفہ‘‘ ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے، سب کے سب اپنا قومی لباس اتار کر سنتِ ابراہیمؑ و اسماعیلؑ اور سیدالمرسلین سیدنا محمد رّسول اللہ ﷺ ادا کرتے ہوئے دو اَن سِلی چادروں پر مشتمل ایک ہی لباس میں ملبوس ہوں گے ۔ سب اپنے قومی اور علاقائی امتیازات، وَضع قطع اور لباس کو ترک کرکے ایک ہی رنگ میں رنگے ہوں گے۔ سب کی زبان پر تلبِیہ کے یہ کلمات جاری ہوں گے :''میں حاضر ہوں ، اے اللہ!میں تیرے حضور حاضر ہوں ، میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں ، میں حاضر ہوں، بے شک سب تعریفیں تجھی کو سزا وار ہیں اور ہر نعمت کا منبع تیری ہی ذاتِ عالی صفات ہے اور ملک واقتدار کا مالکِ حقیقی تو ہی ہے،تیرا کوئی شریک نہیں‘‘۔اگر واقعی حضوریِ بارگاہِ ربُّ العالمین کا تصور مومن کے دل ودماغ میں رَچ بس جائے ، تو قیامت کے دن جیسا لرزہ اس پر طاری ہوجائے، ہیبت وجلالِ الٰہی سے اس کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں اور وہ اللہ تعالیٰ کے ان ارشادات کا کامل مظہر بن جائے:(۱)''درحقیقت کامل مومن وہی لوگ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر کیا جائے تو ان کے دل دہل جاتے ہیں اور جب ان پراُس کی آیات تلاوت کی جائیں، تووہ ان کے ایمان میں اضافہ کرتی ہیں اور وہ اپنے رب پر بھروسا کرتے ہیں ،(انفال:02)‘‘۔ (۲):''اللہ نے بہترین کلام کو نازل کیا، جس کے مضامین ایک جیسے ہیں ،بار بار دہرائے جاتے ہیں، جو لوگ اپنے رب سے ڈرتے ہیں(اسے سن کر) ان کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، پھر ان کے دل اور ان کے جسم اللہ کے ذکر کے لیے نرم ہو جاتے ہیں،(الزمر:23)‘‘۔
پس ہر حاجی اپنے اندر جھانک کر اپنا جائزہ لے سکتا ہے کہ کیا یہ کیفیت اس پر طاری ہے اور وہ اس روحانی تجربے سے گزر رہا ہے؟۔ اگر وہ اس کیفیت میں سرشار نہیں ہے، تو اس کا حج حقیقت اور روحِ عبادت سے کوسوں دور ہے ، اس نے صرف عبادت کی ظاہری صورت کو اپنایا ہے، اُس کا اندر اس کے نور سے خالی ہے۔ ایک عارف باللہ ولی‘ اللہ تعالیٰ کی حضوری میں ڈوبے ہوئے ''لبّیک اللّٰھم لبّیک‘‘ کی صدائیں بلند کررہے تھے کہ غیب سے ندا آئی: ''لَالبّیک‘‘ (یعنی تیری حاضری قبول نہیں) ۔ ایک نوجوان نے اس ندائے غیبی کو سنا تو کہا:''بزرگوار! جب آپ کی حاضری قبول ہی نہیں ، تو میدانِ عرفات میں آپ کی آمد کا کیا فائدہ؟‘‘۔ بزرگ نے جواب دیا:''یہ جواب تو میں چالیس سال سے سن رہا ہوں، لیکن کیا اللہ کی بارگاہ کے سوا کوئی اور بارگاہ ہے، جہاں میں رجوع کروں، ظاہر ہے کہ نہیں ہے، تو تا حیات مجھے تو یہیں حاضری دینی ہے‘‘۔ اس پر غیب سے نداآئی:''اے میرے بندے! میں نے تیری آج کی اور گزشتہ تمام برسوں کی حاضریاں قبول کیں‘‘۔ یعنی جب یہ حقیقت بندے کے قلب وروح میں جذب ہوجائے کہ حقیقی مالک ومختار صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، ساری نعمتوں اور تمام فیوض وبرکات کا منبع اسی کی ذات ہے اس کے مقابل کسی کے لیے کوئی جائے امان نہیں ہے اور جب بندہ ہر حال میں اسی کی طرف رجوع کرے اور زندگی کے آخری سانس تک اسی کا ہوکر رہے، توپھروہ حج کی سعادت اور بندگی کی معراج کو پالیتا ہے۔ 
اسی کو ''حجِ مبرور‘‘کہا جاتاہے اور کامل اجروثواب کی ساری بشارتیں اسی کے لیے ہیں ، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:(۱)'' جس نے حج کیا ، نہ کوئی بیہودہ بات کی اور نہ اللہ اور اس کے رسول کی حکم عدولی کی ، تو وہ حج کے بعد گناہوں کی ہر میل سے پاک ہوکراس حال میں لوٹے گا، جیسے اس دن پاک تھا ، جب اس کی ماں نے اسے جنا، (بخاری: 1819)‘‘۔ (۲):رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:''یکے بعد دیگرے حج اور عمرہ ادا کیا کرو، کیونکہ یہ دونوں فقراورگناہوں کو اس طرح دور کردیتے ہیں ، جیسے بھٹی لوہے ، سونے اور چاندی کی میل کو دور کردیتی ہے اور ''حجِ مقبول ‘‘کا ثواب جنت کے سوا کچھ نہیں،(سنن ترمذی:810)‘‘۔موجودہ دور میں ہجوم کی کثرت شدید مشقت کا باعث ہے ،اس لیے اگر لوگ نفلی حج کم کریں تو فرض حج کرنے والوں کے لیے قدرے آسانی ہوسکتی ہے۔
اسلام میں حج نو ہجری کو فرض ہوا، مگر رسول اللہ ﷺ اُس سال بذاتِ خود حج کے لیے تشریف نہ لائے اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ''امیرالحج‘‘ مقرر فرمایا، بعد میں ضروری اعلانات کے لیے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنا نمائندۂ خاص بناکر بھیجا، ان اعلانات کا ذکر سورۂ توبہ کی ابتدائی آیات میں موجود ہے، ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
''اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے اُن مشرکوں سے برا ء ت (یعنی قطع ِتعلق)کا اعلان ہے، جن سے تم نے معاہدہ کیا تھا ، پس (اے مشرکو!) تم زمین میں چار ماہ تک (آزادانہ )چل پھر لواور خوب جان لو کہ تم اللہ کو عاجز نہیں کرسکتے اور یہ کہ اللہ کافروں کو رسوا کرنے والا ہے۔ اور اللہ اور اس کے رسول کی جانب سے حجِ اکبر کے دن سب لوگوں کے لیے اعلان ہے کہ اللہ مشرکوں سے بیزار ہے اور اس کا رسول (بھی) ، پس اگر تم توبہ کر لو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اور اگر تم (قبولِ حق سے) اعراض کرو گے ، تو جان لو کہ تم اللہ کو عاجز کرنے والے نہیں ہو، (اے رسول !) کافروں کو درد ناک عذاب کی وعید سنا دیجیے، ماسوا ان مشرکوں کے جن سے تم نے معاہدہ کیا تھا، پھر انہوں نے اس معاہدہ کو پورا کرنے میں تمہارے ساتھ کوئی کمی نہیں کی اور نہ ہی تمہارے خلاف کسی کی مدد کی ، پس تم ان سے مقررہ مدت تک اس معاہدے کی پوری پاس داری کرو، یقینا اللہ تعالیٰ تقوے والوں کو پسند فرماتاہے۔ پس جب حرمت والے مہینے گزر جائیں تو تم مشرکوں کو جہاں پاؤقتل کردو، ان کو گرفتار کرو اور ان کا محاصرہ کرو اور ان کی تاک میں ہر جگہ گھات لگا کر بیٹھو ، (توبہ:1-5)‘‘۔اور مزید اعلان ہوا:''اے مومنو! تمام مشرک محض نجس ہیں، سو وہ اس سال کے بعد مسجدِ حرام کے قریب نہ آئیں،(توبہ:28)‘‘۔
پھر دس ہجری کو رسول اللہ ﷺ بذاتِ خود حج کے لیے تشریف لائے اور یہ آپ کی ظاہری حیاتِ مبارَکہ کا''حجۃ الاسلام‘‘تھا ، اسی میں آپ نے جبلِ رحمت پر اپنی ناقۂ مبارَکہ'' قَصوا‘‘پر سوار ہوکر وہ عظیم الشان خطبہ ارشاد فرمایا، جو تاریخِ انسانی میں حقوقِ انسانی کا پہلا منشور ہے، اسے ''خطبۂ حَجۃ الوَداع‘‘ کہا جاتاہے،اس کے موضوعات پر الگ سے گفتگو کی جائے گی۔
سورۂ توبہ میں ''حج اکبر‘‘ کا ذکر ہے، علامہ علی القاری حنفی لکھتے ہیں:''حج اکبر کے بارے میں چار اقوال ہیں:ایک یہ کہ اس سے مراد ''یومِ عرفہ‘‘ ہے،دوسرا یہ کہ اس سے مراد'' یومِ نحر‘‘ ہے، تیسرا یہ کہ اس سے مراد ''طوافِ زیارت‘‘ کا دن ہے ، چوتھا یہ کہ حج کے تمام ایام عظیم المرتبت ہیں۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ عمرے کے مقابلے میں ہر حج ''حجِ اکبر‘‘ ہے اور ایک قول یہ ہے کہ اگر حج جمعہ کے دن واقع ہوجائے ، تو اسے'' حج اکبر ‘‘کہتے ہیں اور رسول اللہ ﷺ نے جب حج فرمایا تھا تو وہ جمعۃ المبارک کا دن تھا، (اَلْحَظُّ الْاَوْفَرُ فِی الْحَجِ الْاَکْبَر ،ص:481)‘‘۔
اگر حج جمعہ کے دن واقع ہوجائے تو اس پر ''حجِ اکبر‘‘ کا اطلاق کرنا متفق علیہ مسئلہ نہیں ہے، کیوں کہ اس کے بارے میں رسول اللہ ﷺ سے کوئی صریح حدیث ثابت نہیں ہے ،تاہم اس کے بارے میں ایسے قرائن موجود ہیں کہ اس کی فضلیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ علامہ علی قاری نے اپنی کتاب ''اِتّحَافُ السَّادَّۃِ الْمُتَّقِیْن‘‘ میں ''حجِ اکبر ‘‘ کے بارے میں لکھا ہے:''جب یومِ عرفہ جمعہ کے دن واقع ہو تو اس پر حجِ اکبر کا اطلاق زبان زدِ خلائق ہے اور خلقِ خدا کی زبانیں حق کا قلم ہوتی ہیں ، پھر وہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی ایک حدیث بیان کرتے ہیں:''جس چیز کو مسلمان اچھا سمجھیں ، وہ اللہ کے نزدیک بھی حسَن ہے اور جس چیز کو مسلمان برا سمجھیں ، وہ اللہ کے نزدیک بھی بُری ہے، (مسنداحمد: 36000)‘‘۔وہ مزید لکھتے ہیں:''امام رَزین بن معاویہ نے ''تَجْرِیْدُ الصِّحَاح‘‘ میں حضرت طلحہ بن عبیداللہ سے روایت کیا ہے : نبی ﷺ نے فرمایا: ''افضل الایام یومِ عرفہ ہے اور جب یہ جمعہ کے دن واقع ہو تو دیگر ایام کے ستر حج کے برابر ہے‘‘۔یہ اعتقادی مسئلہ نہیں ہے، اس کا تعلق فضائلِ اعمال سے ہے اور فضائلِ اعمال میں ضعیف حدیث بھی معتبر ہوتی ہے۔ جمعہ کے دن یومِ عرفہ واقع ہونے کی صورت میں بلاشبہ جمعہ کی برکات بھی قدرِزائد کے طور پر شامل ہوجاتی ہیں ، کیونکہ جمعۃ المبارک کے فضائل احادیثِ مبارَکہ میں بکثرت مذکور ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ''جمعہ سیدالایام ہے،(مصنف ابن ابی شیبہ:5507) ‘‘ ۔ 
ہم دعویٰ تو کرتے ہیں کہ عبادتِ حج ''اسلامی مساوات‘‘ کا سب سے بڑا مظہر ہے ،امیر وغریب ،سفید فام وسیاہ فام ،شرقی اور غربی سب برابر ہوجاتے ہیں ،لیکن اب عملاً ایسا نہیں ہے،حج میں بھی طبقاتی تفاوت کے مظاہر موجود ہیں ،حرمین طیبین کے اردگرد فائیو سٹار وسیون سٹار ہوٹل ہیں ، جن میں صرف اعلیٰ طبقات کے لوگ ہی قیام کرسکتے ہیں ،متوسّط اور زیریں طبقات کے لیے حرمین طیبین سے دور رہائش گاہیں تعمیر کی گئی ہیں ۔اسی طرح منیٰ کے خیموں میں بھی سہولتوں اور جمرات کی قُرب کے اعتبار سے تفاوت موجود ہے،کیونکہ اب سعودی عرب میں حج کا وزارتِ مذہبی امور کے ساتھ ساتھ محکمۂ سیاحت سے بھی گہرا تعلق ہے ،عہدِ رسالت کی بات اور ہے :ام المومنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: میں نے عرض کیا:یارسولاللہ!مناسب ہے کہ آپ کے لیے منیٰ میں ایک گھریا مُسَقَّف(Covered) جگہ بنا لی جائے تاکہ آپ پر سورج کی دھوپ نہ پڑے، آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں! منیٰ اُس کی فِرُودگاہ (منزل)ہے جو یہاں پہلے آئے ،(سنن ابودائود:2019)‘‘، یعنی یہاں پیشگی الاٹمنٹ نہیں ہوگی، پہلے آئیے پہلے پائیے کا اصول لاگو ہوگا،مگر اب یہ خواب وخیال کی باتیں ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں