ہمارے ایک ممدوح کالم نگار نے ائمہ و خطباء کی شکایات درج کی ہیں، مِن جملہ شکایات میں سے ایک واقعتاً درست ہے کہ اکثر مساجد میں نمازِ جمعہ اور نمازِ عیدین اعلان کردہ وقت پر کھڑی نہیں کی جاتیں۔ اگرچہ شریعت میں ہر نماز کے وقت میں توسُّع ہے، کافی گنجائش رہتی ہے، ماضی میں جب لوگوں کے پاس گھڑیاں نہیں تھیں تو اندازے سے جماعت کھڑی کر دیا کرتے تھے یا نمازیوں کی مناسب تعداد کو پیشِ نظر رکھتے یا وقت کی گنجائش اور شریعت کی حدود کے اندر رہتے ہوئے نمازیوں کی سہولت کو سامنے رکھتے تھے۔ مگر جب سے ہر شخص کے پاس گھڑی موجود ہے، مساجد میں ایک سے زیادہ گھڑیاں آویزاں ہوتی ہیں، بلکہ آج کل تو اس کے لیے الیکٹرانک بورڈ آویزاں ہوتے ہیں، ہر نماز کی جماعت کے قیام کا وقت متعین ہوتا ہے؛ پس لازم ہے کہ جماعت صحیح وقت پر کھڑی کی جائے، خطابت کے شوق میں لوگوں کو شکایت کا موقع نہ دیا جائے، کیونکہ ائمہ و خطباء کے قول و فعل میں تضاد کی وجہ سے لوگ مجموعی طور پر دین پر طعن شروع کر دیتے ہیں۔ حدیث پاک میں ہے: ''حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی کریمﷺ نے فرمایا: معراج کی شب میرا گزر ایسے لوگوں سے ہوا، جن کے ہونٹوں کو کاٹا جا رہا تھا، میں نے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں، جبریل امین نے کہا: یہ آپ کی امت کے خطباء ہیں اور میرا گمان ہے یہ بھی کہا: یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے کچھ ہیں، کرتے کچھ ہیں‘‘ (مسند البزار: 7231)۔
اسی طرح ہماری فقہی کتب میں درج ہے: ''جن فرائض کے بعد سنتیں ہوں، اُن کے بعد طویل دعا نہیں کرنی چاہیے اور عام نمازوں میں بھی دعائوں، قرأت اور رکوع و سجود میں اتنی طوالت نہیں ہونی چاہیے کہ لوگوں پر گراں گزرے اور اُن کی حضوریِ قلب میں فرق آئے‘‘، نیز لوگوں کی جائز شکایات کا ازالہ ہونا چاہیے۔
محترم کالم نگار نے عقلِ عام یعنی Common Sense اور مذہب میں تعلق کی بات کی ہے، اس کی بابت ہماری گزارش ہے: دین و مذہب اور عقلِ عام میں کوئی تضاد (Contradiction) نہیں ہے، مگر عقلِ سلیم کا ہونا شرط ہے، عقلِ عیّار اور عقلِ آوارہ کی بات الگ ہے۔ اسلام کو تو دینِ فطرت سے تعبیر کیا جاتا ہے، اسلام کی کوئی بات عقل سے ماورا تو ہو سکتی ہے کہ ہماری ناقص عقل کو دین کی کسی بات کی حکمت سمجھ میں نہ آئے، لیکن ضدِّ عقل نہیں ہو سکتی۔ رہا یہ سوال کہ صحت اور اصابت (Righteousness) کے لیے معیار کیا ہے، تو ہماری سوچ یہ ہے کہ معیار 'وحیِ ربّانی‘ ہے، امینِ وحیِ ربانی سیدنا محمد رسول اللہﷺ کے اقوال، افعال اور احوالِ مبارکہ ہیں۔ اس کی مثال یہ ہے: جنابِ سرسید احمد خان نے رسول اللہﷺ کی معراجِ جسمانی کو ردّ کرنے کے لیے قانونِ فطرت (Law of Nature) کو معیار و مدار بنایا اور یہاں تک کہا: اگر نبیﷺ کی جسمانی معراج کی بابت احادیث جرح و تعدیل کے معیار پر صحیح بھی ہوں، تو ہم کہیں گے: صحابی کو سمجھنے میں غلطی ہو گئی، کیونکہ قوانینِ فطرت ناقابلِ تغیّر اور غیر متبدّل ہیں، اُن کے برخلاف کوئی چیز وقوع پذیر نہیں ہو سکتی، جیسے: پتھر بلندی کی طرف پھینکا جائے اور اُسے کسی مادّی طاقت یا میکانزم کے ذریعے فضا میں معلق نہ کیا جائے تو وہ لازماً واپس زمین کی طرف آئے گا، کیونکہ یہ قانونِ فطرت ہے۔ اسی طرح کوئی شخص اپنے جسم کے ساتھ مادّی اسباب کے بغیر بلندیوں کی طرف پرواز نہیں کر سکتا، لہٰذا جسمانی معراج کے دعوے کو قانونِ فطرت کے خلاف ہونے کے سبب (معاذ اللہ) ردّ کر دیا جائے گا۔
پس ہماری گزارش ہے: اس سوچ سے ہم متفق نہیں ہو سکتے۔ ہمارا نظریہ یہ ہے: قوانینِ فطرت عالَمِ اسباب میں کارفرما ہیں اور حاکم ہیں۔ سنّتِ الٰہیہ یہ ہے کہ نظامِ کائنات اُن قوانین کے مطابق چل رہا ہے، لیکن یہ قوانین فاطِر اور خالِق پر حاکم نہیں ہیں، وہ جب چاہے انہیں پلٹ سکتا ہے، مثلاً: عام قانونِ فطرت یہ ہے کہ مرد و زن اور مادہ و نر کے اختلاط سے افزائشِ نسل ہوتی ہے، لیکن اللہ تعالیٰ نے عیسیٰ علیہ السلام کو باپ کے واسطے کے بغیر، حضرت حوا کو عورت کے واسطے کے بغیر، حضرت آدم علیہ السلام کو دونوں واسطوں کے بغیر پیدا کرکے بتادیا کہ اُس کی قدرت ان اسباب کی محتاج نہیں ہے، وہ ان اسباب کا خالق ہے، ان پر حاکم ہے، معاذ اللہ! ان کا تابع یا پابند نہیں ہے۔
فقہی مسئلہ یہ ہے: جنابت‘ یعنی جن صورتوں میں غسل واجب ہوتا ہے‘ کی معنوی نجاست انسان کے پورے جسمِ ظاہری پر اثرانداز ہوتی ہے اور غسلِ طہارت کرتے وقت جب تک ایک ایک روئیں کی جڑ تک پانی نہ پہنچ جائے، طہارتِ شرعی حاصل نہیں ہوتی۔ حدیث پاک میں ہے: ''حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: رسول اللہﷺ نے فرمایا: جس نے جنابت کے ازالے کے لیے (غسلِ طہارت کرتے ہوئے) ایک بال کی جگہ بھی چھوڑ دی اور اُسے نہ دھویا تو اُس کے ساتھ آگ میں یہ یہ سلوک کیا جائے گا (یعنی رسول اللہﷺ نے عذاب کی وعید فرمائی)، حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تین مرتبہ فرمایا: اسی باعث میں نے اپنے سر (کے بالوں) سے دشمنی اختیار کر لی ہے، لہٰذا آپ اپنے بالوں کو مونڈا کرتے تھے (تاکہ کہیں غسل کے وقت بے احتیاطی میں کسی بال کی جڑ تک پانی پہنچ نہ پائے)‘‘ (ابودائود: 249)۔ عقلاً کوئی یہ سوال کر سکتا ہے کہ جنابت کی ناپاکی حسّی نہیں، بلکہ معنوی ہیں، تو وہ ہر بال کی جڑ تک کیسے سرایت کر جاتی ہے، یہ بات ہمیں شارع علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تعلیم فرمائی ہے، اسی پر ہمارا ایمان ہے اور اسی پر ہم عمل پیرا ہیں۔
اسی طرح فقہی مسئلہ ہے: ''حالتِ اقامت میں ایک دن اور حالتِ سفر میں تین دن تک وضو کرتے وقت پائوں دھونے کے بجائے موزوں پر مسح کرنے کی رخصت ہے اور یہ مسح پائوں کی پشت پر کیا جاتا ہے، اس کی بابت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: ''اگر دین کے فیصلے رائے (اور عقلِ عام) پر ہوتے تو پائوں کی پشت کے بجائے پائوں کے تلووں پر مسح کرنا بہتر ہوتا (کیونکہ چلتے وقت زمین سے پائوں کے تلوے ٹکراتے ہیں نہ کہ پشت)، چونکہ میں نے رسول اللہﷺ کو پائوں کی پشت پر مسح کرتے ہوئے دیکھا ہے، (اس لیے میں اپنی عقلی اُپج کے برعکس اتباعِ رسول کو ترجیح دیتا ہوں)‘‘ (ابودائود: 162)۔ اقبال نے کہا ہے:
گزر جا عقل سے آگے‘ کہ یہ نور
چراغِ راہ ہے‘ منزل نہیں ہے
پس عقل کو ہم اُس وقت تک ہادی مانتے ہیں، جب اُس کی رہنمائی شریعت کے صریح احکام سے متصادم نہ ہو اور جہاں متصادم ہو جائے گی تو عقل کی سوچ کو قربان کر کے وحیِ ربانی کو اپنا ہادی بنائیں گے، کیونکہ ہادیِ مطلق اللہ کی ذات ہے اور اُس کے فیضان سے رسول اللہﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔ مغرب میں LGBT+ قانونی شکل اختیار کر چکی ہے، یہ اہلِ مغرب کی اجتماعی یا اکثری دانش کا مظہر ہے، حتیٰ کہ ہمارے ہاں بھی یہ تحریک لبرل اور آزاد مَنِش لوگ چلا رہے ہیں، تو کیا اس کے مقابل ہمیں شریعت کے احکام کو ردّ کر دینا چاہیے۔
آج سے تقریباً آٹھ سو برس پہلے عالَمِ اسلام میں ایک فرقہ پیدا ہوا تھا، اسے فرقۂ باطنیہ اور قرامطہ کہتے تھے۔ اس فرقے کا ایک مشہور رہنما عبیداللہ بن حسن قیروانی ہے، اس نے اپنے پیروکاروں کے نام ایک خط لکھا اور اس میں زندگی گزارنے کے لیے ہدایات دیں۔ اس خط کے آخر میں وہ لکھتا ہے: ''میری سمجھ میں یہ بے عقلی کی بات نہیں آتی کہ لوگوں کے پاس اپنے گھر میں ایک بڑی خوبصورت سلیقہ شعار لڑکی بہن کی صورت میں موجود ہے، وہ بھائی کے مزاج کو بھی سمجھتی ہے، اس کی نفسیات سے بھی واقف ہے، لیکن یہ بے عقل انسان اُس بہن کا ہاتھ ایسے اجنبی شخص کو پکڑا دیتا ہے، جس کے بارے میںاُسے معلوم نہیں کہ اس کی بہن کا اُس سے نباہ ہوسکتا ہے یا نہیں، جبکہ وہ اُس کے مزاج سے واقف بھی نہیں ہے، خود اپنے لیے بعض اوقات ایسی لڑکی لے آتے ہیں جو حسن و جمال، سلیقہ شعاری اور مزاج شناسی کے اعتبار سے اس کی بہن کے ہم پلہ نہیں ہوتی۔ میری سمجھ میں نہیں آتا: اس بے عقلی کا کیا جواز ہے کہ اپنے گھر کی دولت کو دوسرے کے حوالے کر دیا جائے اور اپنے لیے ایک ایسی چیز لے آئے جو اُسے پوری طرح سے راحت و آرام نہ دے سکے، یہ بے عقلی ہے، عقل کے خلاف ہے، میں اپنے پیروکاروں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ اس بے عقلی سے اجتناب کریں اور اپنے گھر کی دولت کو گھر ہی میں رکھیں اور اُس سے فائدہ اٹھائیں‘‘ (اَلْفَرقُ بَیْنَ الْفِرَق، ص: 281 تا 282)۔ سو کبھی کبھی عقل پر مبنی سوچ شریعت سے ٹکراتی ہے، لہٰذا ہم عقل کو ''ہادیِ مطلق‘‘ یا ''ہادیِ کامل‘‘ کبھی بھی تسلیم نہیں کر سکتے؛ البتہ شریعت میں مباحات کا دائرہ بڑا وسیع ہے اور اُن امور میں‘ جو شریعت سے متصادم نہیں ہیں‘ دانشِ کُلّی یا دانشِ اکثری سے فیصلہ کریں گے۔ اسی طرح انفرادی معاملات میں آج بھی لوگ اپنی عقل سے فیصلہ کرتے ہیں اور کسی نے اس پر قدغن نہیں لگائی، بس اس قدر احتیاط لازم ہے کہ شریعت کو عقل کے تابع نہیں کر سکتے۔
امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابتؒ فرماتے ہیں: ''اگر میں (سنّت کی) نصوص کو چھوڑتا اور اپنی رائے پر عمل کرتا تو کہتا: پیشاب کرنے سے غسل واجب ہو جاتا ہے اور منی نکلنے سے محض وضو واجب ہوتا ہے، سبب یہ ہے کہ پیشاب کے نجس ہونے پر تمام ائمہ کا اتفاق ہے، جبکہ منی کے نجس ہونے میں ائمہ کا اختلاف ہے۔ اسی طرح میں وراثت میں مرد کو عورت کا نصف حصہ دینے کا حکم دیتا، کیونکہ عورت کمزور ہوتی ہے اور کمزور کا حق زیادہ ہوتا ہے۔ نیز ارکانِ اسلام کی ترتیب کے اعتبار سے توحید و رسالت کی شہادت کے بعد نماز سب سے اہم رکن ہے، اگر میں عقل سے فیصلہ کرتا تو کہتا: ایامِ مخصوص میں عورت کی جو نمازیں چھوٹ جاتی ہیں‘ اُن کی قضا ہونی چاہیے، جبکہ میں اس کا قائل نہیں ہوں، اس کے برعکس روزے چھوٹ جائیں تو اُن کی قضا کا قائل ہوں، کیونکہ میں وحی کو عقل پر ترجیح دیتا ہوں‘‘۔
قرآنِ کریم میں صریح آیات ہیں، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (1) ''اور ہم قیامت کے دن عدل کے ترازو قائم کریں گے‘‘ (الانبیاء: 47)، (2) ''آج کے دن (اعمال کا) وزن حق ہے‘‘ (الاعراف: 8)۔ (جاری)