"MMC" (space) message & send to 7575

اپنی اپنی تعبیر

ہمارے ہاں جب سے لیکس کا سلسلہ شروع ہوا ہے، ہر فریق اس کی اپنی من مانی تعبیر کرتا ہے۔ اگر یہ لیکس اس کے فریقِ مخالف کی ہیں تو جشن مناتے ہیں اور اگر یہ اُ ن کی اپنی یا اپنی جماعت کے کسی رہنما یا وابستگان میں سے کسی کی ہے، تو اچانک انہیں اخلاقی اور قانونی پہلو یاد آ جاتے ہیں کہ یہ کام غیر قانونی اور غیر اَخلاقی ہے، یعنی ان کا نقطۂ نظر یہ ہوتا ہے کہ اصل متن سے صرفِ نظر کرو اور ''مٹی پاؤ ‘‘۔ یہ شِعار درست نہیں ہے۔ اس کی مثال ایسی ہے: کسی نے کسی کو قتل کیا ہو، تو اس بحث میں پڑ جائیں کہ جس ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے، وہ قانونی تھا یا غیر قانونی، لائسنس یافتہ تھا یا بلالائسنس، ان معاملات کی تحقیق ضرور کریں، اگر قانون میں اس کی کوئی سزا ہے تو وہ بھی ضرور دیں، لیکن اصل جرم جو قتل ہے، اس کی تحقیق اور اس کے ذمہ دار کو سزا دینا سب پر مقدم ہے۔
قانونی اور اخلاقی موشگافیوں کی بحث میں پڑ کر اصل جرم سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔ پس اسی طرح اِن لیکس کا جو اصل متن ہے، اس کا فرانزک آڈٹ ہونا، یہ طے کرنا کہ اصلی ہے یا جعلی‘ اس کا تعین لازمی ہے اور اگر یہ اصلی قرار پائیں تو جن شخصیات کی ہیں یا جن سے متعلق ہیں،ا ن کو ضرور قانون کی عدالت میں طلب کیا جانا چاہیے، خواہ وہ کتنے ہی اعلیٰ مناصب پر فائز ہوں، ان میں اعلیٰ عدلیہ کے اہم عہدیداران بھی شامل ہیں۔ عدل کے منصب پر فائز شخصیات کو تو فوراً اپنے منصب سے علیحدہ ہو کر اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنا چاہیے تاکہ اگر ان کا دامن اُجلا ہے تو وقار و اعتبار کے ساتھ منصب کو جاری رکھیں اور اگر ان کا دامن داغ دار ہے تو پھر نتائج کا سامنا کریں، کیونکہ بعض آڈیو لیکس تو اتنی واضح ہیں کہ کسی تاویل یا توجیہ کے پردے کے پیچھے چھپنا آسان نہیں ہے۔
امریکہ میں سابقہ وِکی لیکس اور حالیہ ڈسکارڈ لیکس کی باقاعدہ تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وِکی لیکس کا بانی جولین آسانج آج تک امریکہ کو مطلوب ہے۔ انہوں نے اَخلاقی اور قانونی مو شگافیوں کے حیلوں کے نیچے اس ملبے کو دفن نہیں کیا، بلکہ اس کی تہہ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جناب محمد امیر بھٹی کے داماد جنابِ علی افضل ساہی پر کچھ الزامات ہیں کہ اپنے داماد کی وجہ سے چیف جسٹس کی عدالت کا جھکاؤ ایک پارٹی کی طرف ہے۔ جنابِ علی افضل ساہی ایک معروف اینکر پرسن اور وی لاگرکے ڈیجیٹل چینل پر آئے اور اپنا مؤقف پیش کیا، انہوں نے اپنا علمی پس منظر بھی بتایا کہ وہ لمز یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں، ان کا انداز پُراعتماد تھا، اپنی ذات کی حد تک وہ اپنے کردار کو صاف و شفاف سمجھ رہے تھے اور بیان کر رہے تھے؛ چنانچہ انہوں نے بتایا: صوبائی وزیر بننے کے بعد انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر لاہور ہائی کورٹ کے عالی مرتبت جج صاحبان کی دعوت کی اور چھبیس جج صاحبان ان کی دعوت میں شریک ہوئے، اگرچہ ان کا تعلق ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے خاندان سے ہے اور اس پس منظر اور ہمارے سماجی تناظر میں یہ معمولی واقعہ ہو سکتا ہے مگرکیا وہ ایک بھی ایسی مثال بتا سکتے ہیں کہ کسی وزیر کی سماجی نہیں بلکہ نجی دعوت پرکسی اعلیٰ عدلیہ کے چھبیس جج صاحبان شریک ہوئے ہوں، ہماری دانست میں تو شاید دنیا میں اس کی مثال نہ ملے۔ سماجی تقریب سے مراد بیٹے یا بیٹی یا بھائی یا بہن کی رُخصتی یا ولیمے کی تقریب ہو سکتی ہے، جبکہ نجی تقریب گھریلو دعوت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا: ''میں نے اگر صوبائی حکومت سے اربوں روپے لیے ہیں تو اپنے حلقۂ انتخاب پر خرچ کیے ہیں‘‘، یہ دعوائے پارسائی تب درست ہوتا جب پنجاب اسمبلی کے ہر حلقۂ انتخاب کے لیے اتنا ہی ترقیاتی بجٹ جاری ہوا ہوتا۔ پس کسی کا اپنی پاکیزگیٔ کردارکا دعویٰ کرنا اس کی برأت کی دلیل نہیں بن سکتا، اس کا فیصلہ دوسروں نے کرنا ہوتا ہے اور مسلّمہ معیارات پر کرنا ہوتا ہے۔ اگر ہر ایک اپنی مارکنگ خود کرے تو سب کے سب اول پوزیشن پر کامیاب ہوں گے، دوسری پوزیشن کسی کی نہیں آئے گی۔
قرآنِ کریم میں ہے: (1) ''پس تم اپنی پارسائی کا دعویٰ نہ کرو، اللہ تعالیٰ خوب جانتاہے، کون پارسا ہے‘‘ (النجم: 32)، (2) ''کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو اپنی پارسائی بیان کرتے ہیں، بلکہ اللہ ہی جس کو چاہے پارسا بناتا ہے‘‘ (النسآء: 49)، (3) ''اور اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو تم میں سے کسی کا بھی (ظاہر و) باطن کبھی بھی پاک صاف نہ ہوتا، لیکن اللہ جس کو چاہتا ہے اس کے باطن کو پاک صاف فرما دیتا ہے‘‘ (النور: 21)۔
اسی لیے حضرتِ فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا: ''قبل اس کے کہ تمہیں آخری عدالت میں حساب دینے کے لیے پیش ہونا پڑے، اپنا حساب خود کر لو ‘‘، نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''بلکہ انسان اپنے نفس (کے خیر و شر) پر خوب آگاہ ہے، خواہ وہ (اپنی بداعمالیوں کے جواز کے لیے) کتنے ہی عذر پیش کرتا رہے‘‘ (القیامۃ: 15)۔ آج کل ہم دیکھ رہے ہیں، ہر پارٹی نے اپنے ترجما ن رکھے ہوئے ہیں، اس بات سے قطعِ نظر کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حق کیا ہے اور باطل کیا ہے، آنکھیں اور دل و دماغ کے دریچے بند کرکے اپنے ممدوح کا دفاع کرتے رہتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں پیش ہونے کا کوئی تصور کسی کے دل و دماغ میں نہیں ہے، اپنی خواہشات اور اپنے رہنماؤں کو معبود کا درجہ دے رکھا ہے اور یہی روش ساری خرابیوں کا بنیادی سبب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''پس کیا آپ نے اس شخص کو دیکھا! جس نے اپنی خواہش کو اپنا معبود بنا لیا اور اللہ نے اسے علم کے باوجود گمراہی میں چھوڑ دیا اور اس کے کان اور اس کے دل پر مہر لگا دی اور اس کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا، پس اللہ تعالیٰ کے (گمراہی میں چھوڑ دینے) بعد اسے کون ہدایت دے گا، تو کیا تم نصیحت قبول نہیں کرتے‘‘ (الجاثیۃ: 43)۔
جب سپریم کورٹ کے ایک معزز جج پر الزام لگا تو جنابِ چیف جسٹس نے کہا: ''میں نے انہیں اس لیے اپنے ساتھ بٹھایا ہے کہ پیغام دینا چاہتا تھا‘‘، تو حضورِ والا! کیا معزز جج صاحبان احتساب سے بالاتر ہیں، ان پر لازم نہیں ہے کہ اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کریں؟ حدیثِ پاک میں ہے: ''ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: نبی کریمﷺ نے فرمایا: جس کے حساب کی مکمل تفتیش کی گئی اسے عذاب دیا گیا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: میں نے عرض کی: (یا رسول اللہﷺ!) اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا: ''سو جس شخص کااعمال نامہ اس کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا تو اس سے عنقریب بہت آسان حساب لیا جائے گا اور وہ اپنے اہل کی طرف خوشی خوشی لوٹے گا‘‘ (الانشقاق: 7 تا 9) آپﷺ نے فرمایا: یہ (ان کی بات ہے، جن کی صرف) پیشی ہو گی (صحیح بخاری: 6536)۔ حدیثِ مبارک کا منشا یہ ہے کہ جس سے تفصیلی حساب لیا گیا، ان کی نجات مشکل ہو گی، اسی کو آج کل ''منی ٹریل‘‘ کہتے ہیں۔ حدیثِ پاک میں ہے: ''ابو بَرزہ اسلمی بیان کرتے ہیں: رسول اللہﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن کسی بندے کے دونوں پاؤں (اپنی جگہ سے) نہیں ہٹیں گے تاوقتیکہ اس سے ان سوالوں کے جواب نہ پوچھ لیے جائیں: یہ کہ اس نے اپنی زندگی کن کاموں میں بسر کی اور اس نے اپنے علم کے تقاضوں پر کس قدر عمل کیا، نیز یہ کہ اس نے مال کہاں سے اور کیسے کمایا اور کن مصارف پر صرف کیا اور اس نے اپنی جسمانی صلاحیتوں کو کن مشاغل میں استعمال کیا‘‘ (ترمذی: 2417)۔
قرآنِ کریم میں ہے: ''سو جس کو اس کااعمال نامہ اس کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا، تو کہے گا: لو! میرا اعمال نامہ پڑھو، مجھے یقین تھا کہ مجھے اپنے حساب کا سامنا کرنا ہے، پس وہ بلند جنت میں پسندیدہ زندگی میں ہوگا، اس(جنت) کے پھلوں کے خوشے جھکے ہوئے ہوں گے، (اس سے کہا جائے گا:) ان نیک کاموں کے عوض جو تم نے گزشتہ زندگی میں کیے، خوب مزے سے کھاؤ اور پیو اور رہا وہ‘ جس کو اس کا اعمال نامہ اس کے بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا، پس وہ کہے گا: کاش! مجھے میرا اعمال نامہ دیا ہی نہ جاتا اور مجھے معلوم ہی نہ ہوتا کہ میرا حساب کیا ہے، اے کاش ! (موت ہی سے) میرا قصہ تمام ہو چکا ہوتا، میرا مال میرے کسی کام نہ آیا، (دنیا میں خوش فہمی پر مبنی) میری حجت جاتی رہی، (پھر حکم ہو گا:) اسے پکڑو، پھر اسے طوق پہنا دو، پھر اسے دوزخ میں جھونک دو، پھر اسے ستر ہاتھ لمبی زنجیر میں جکڑ کر لے چلو، بے شک یہ بڑی عظمت والے اللہ پر ایمان نہیں رکھتا تھا‘‘ (الحاقہ: 19 تا 33)۔ اس لیے بعض بزرگوں کا قول ہے: ''اللہ تعالیٰ سے عدل کا سوال نہ کرو، بلکہ اس سے اس کے فضل کا سوال کرو‘‘، کیونکہ اگر اللہ تعالیٰ اپنے بندے سے عدل کا معاملہ فرما دے تو نجات پانا دشوار ہو جائے گا، ایک ایک لمحے اور ایک ایک سانس کا جواب دینا آسان نہیں ہو گا۔ عدل کے معنی ہیں: ''اپنا حق پورا لینا اور دوسرے کو اس کا حق پورا دینا‘‘، جبکہ فضل و احسان کے معنیٰ ہیں: ''اپنا حق چھوڑ دینا یا اپنے حق سے کم لینا اور دوسرے کو اس کے حق سے زیادہ دینا‘‘۔ سبق یہ ہے کہ لیکس کا یہ ناگ باری باری سب کو ڈسے گا، بچے گا کوئی بھی نہیں۔ احمد فرازؔ نے کہا تھا:
میں آج زَد پہ اگر ہوں، تو خوش گمان نہ ہو
چراغ سب کے بجھیں گے، ہوا کسی کی نہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں