"TSC" (space) message & send to 7575

نیا مطالعہ پاکستان (نیا نصاب)

ایک بار پھر عوام کو تبدیلی کی خوشخبری سنائی جارہی ہے۔11مئی 2013ء کے دن عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریںگے۔یوں تو اس وقت پاکستان کی روایتی سیاسی جماعتیں سرگرمِ عمل ہیںلیکن تحریک انصاف اورنون لیگ کے مابین تو یوں لگ رہاہے کہ جیسے دونوں میں ’’انتخابی جنگِ کالنگا‘‘ چھڑ گئی ہو۔عمران خان کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم بن کر وہ اس ملک کے اکیس کروڑ انسانوں کی تقدیر بدل دیں گے اور بارہ مئی کا سورج ایک بدلے ہوئے پاکستان میںطلوع ہوگا۔شریف برادران کی انتخابی مہم تو انتباہ پر مشتمل ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ’’شیر کے خلاف ڈالے جانے والا ووٹ اس سیاہ دور کے حق میںگنا جائے گا جس سے آپ نجات چاہتے ہیں‘‘۔ توقع کی جارہی ہے کہ عمران خان اس بار انتخابات میںسرپرائز دیں گے ،شریف برادران اس بار پانچویں مرتبہ اقتدار میںآئیںگے، اس لحاظ سے انہیں’’عادی حکمران‘‘ کا نام دیاجاسکتا ہے۔عمران جیتیں یامیاں برادران ،سوال یہ ہے کہ کیاعوام کی زندگی میںکوئی تبدیلی واقع ہوگی؟11مئی 2013ئکے عام انتخابات کے نتیجہ میں نئے پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے کے بعد بہت کچھ بدلنا ہوگا۔سب سے پہلے تواصولی سیاست اورہر قسم کی کرپشن سے پاک معاشرے میںنئی کتابیں اورنیانصاب مرتب کرنا ہوگا۔نئے پاکستان میںنئے نصاب کے مطالعہ پاکستان کا پرچہ ملاحظہ ہو: نوٹ: ہر سوال کے چار ممکنہ جوابات دئیے گئے ہیں۔ان میں سے ایک جواب درست ہے ۔بعض سوالات کو اشارے کنایے میں لکھا گیا ہے۔ان کے جوابات لکھتے ہوئے امیدوار کو اجازت ہے کہ ’’ ٹریک ٹو ڈپلومیسی‘‘ جیسی منافقت سے استفادہ کریں۔ سوال :عمران خان گیارہ مئی 2013ء کو نیاپاکستان بنائیں گے،نیا،کھلا ڈھلا ،ہواداراور ُپرامن پاکستان دنیا کے نقشے میں کہاں واقع ہوگا؟ (الف ) بر اعظم افریقہ (ب)برا عظم ایشیاء(ج)براعظم انٹار کٹکا(د) براعظم جنوبی امریکہ سوال: مورخ بیان کرتا ہے کہ پاکستان اسی دن وجود میںآگیاتھاجب ہندوستان میں پہلاہندومسلمان ہواتھا،عمران خان کے نیاپاکستان کے معرض وجود میںآنے کی وجوہات کیاہیں؟ (الف) پاکستان پرڈرون حملے(ب) امریکہ کا ایبٹ آباد میں کیاآپریشن جیر و نمو(ج)میموگیٹ سیکنڈل(د)سہالہ چیک پوسٹ پر امریکی جارحیت سوال :2013ء کے انتخابات ، انقلاب اورتبدیلی کے بعد ان بھانت ،بھانت کی سیاسی جماعتوںسے مستعارلیے گئے رہنماوں کا کیاہوگا؟کیا ان کے پرانے پرزے تبدیل کیے جائیں گے یااس کے بغیر ہی انہیںنظریاتی اورسیاسی طور پر ’’ری کنڈیشنڈ‘‘تصور کیاجائیگا؟ سوال : اقوام متحدہ کے کس ادارے یاشخصیت نے استصواب رائے کے بعد جموں و کشمیر کے تنازعہ کو میڈیا میں زندہ رکھا؟ (الف) لارڈ منٹو ( ب) موئنٹ بیٹن (ج ) ریڈ کلف (د) شیخ رشید آف لال حویلی سوال: سٹیٹ بنک آف پاکستان کی بنیاد قائداعظم نے یکم جولائی 1948کور کھی تھی ،اس بنک سے قرضہ لینے والے عظیم قائدین کا نام بتائو۔اس ضمن میں کیس اگر عدالتوں میں ہے تو خاموشی اختیار کرو کیونکہ اسی میںامیدوار اورممتحن کی بھلائی ہے؟ سوال :آل انڈیا مسلم لیگ کے بانی کون تھے ؟ (الف) نواب سیلم اللہ خان (ب) نواب محسن الملک (ج) نواب وقار الملک (د) میاں محمد نواز شریف نوٹ !پرچہ حل کرتے ہوئے اپنوں اوربیگانوں کاخیال رکھیں ،دانائی اسی میں ہے کہ عظمت رفتہ کے متذکرہ میناروں کو روشن کرنے اورقدیمی بابوں کو تاریخ کے سنہری باب میںاوپر رکھنے کی بجائے اپنے قائدین کو گلوری فائی کیاجائے۔خوش خطی کے نمبرزالگ سے ہوں گے۔ سوال :ریاست جموں وکشمیر کو انگریزوں نے ڈوگرہ راجہ کے ہاتھ کتنے روپے میںفروخت کیاتھا،نیز معلوم کروکہ اس ڈیل میںپیپلز پارٹی کی حکومت نے کک بیکس کی شکل میںکتنی رقم وصول کی تھی،اس ضمن میںشریف برادران کیاکہتے ہیں،اسے لازمی تحریر کرو؟ سوال : کوہ ہندو کش کی بلند ترین چوٹی کانام کیا ہے ؟ (الف) نانگا پربت ( ب) کے ۔ٹو (ج) ترچ میر ( د) شملہ پہاڑی ملحقہ لاہور پریس کلب سوال : 11ستمبر 1948ء کو بھارت نے کس ریاست پر حملہ کیاتھا؟ (الف) ریاست جونا گڑھ (ب) ریاست حیدر آباد دکن ( ج) ریاست رائے ونڈ (د) ریاست بنی گالہ سوال:پنجاب میں پیپلز پارٹی کے زوال کے اسباب اورناول توبتہ النصوح کے مصنف کا نام تحریر کرو؟ (الف ) ڈپٹی نذیر احمد (ب) شبلی نعمانی ( ج) اسٹبلشمنٹ (د) آصف علی زرداری سوال : ’’پاکستان ناگزیر تھا‘‘ اور بھارتی فلم ’’ونود ایجنٹ‘‘ کی کہانی ،سکرین پلے اورڈائیلاگ کس نے تحریر کیے ہیں؟ (الف ) عبد الحلیم شرر ( ب) سر سید احمد خان ( ج) ہیما مالنی ( د) ڈاکٹر صفدر محمود سوال:وادی سندہ کی تہذیب کتنے سال پرانی ہے ؟نیز یہ بھی لکھو کہ سندھ کارڈ پہلی بار کب استعمال کیا گیا تھا؟ (الف) 2000 سال (ب) 3000سال(ج) 4000سال (د) بھٹو یا بے نظیر بھٹو کی شہادت پر سوال : برصغیر کے اس خطے میںسڑکوں کا جال کس نے بچھایاتھا؟نیز یہ بھی بیان کرو کہ سٹیٹ آف آرٹ انڈر پاسز کس نے بنائے ؟ (الف ) شیر شاہ سوری ( ب ) شہنشاہ اکبر ( ج) نادر شاہ ابدالی (د) جناب محمد شہبازشریف المعروف خادم اعلیٰ۔ نوٹ! اِدھراُدھر وقت ضائع کرنے کی بجائے سیدھا لکھوکہ یہ کام صرف اورصرف خادم اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہی کیاہے۔اسی میںتمہاری اورپنجاب کے غریب عوام کی بھلائی ہے۔سچ اورحقائق خوش خط لکھنے والے سٹوڈنٹ کو انٹری ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیاجائے گا۔ سوال :میاں برادران نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں اورپاکستان کے غریب عوام پر براہ راست کتنے سال حکومت کی ؟ (الف) 500سال (ب) 800سال )ج) 1000سال (د) فوجی اورجمہوری ادوار کے لگ بھگ 15سال سوال :بابائے بجلی تو امریکی سائنسدان بینجمن فرینک لین ہیں ،بابائے لوڈشیڈنگ کون ہے؟ (الف ) جنرل محمد ضیاء الحق(ب) جنرل پرویز مشرف(ج) ماہرین کنڈا باز (د) راجہ پرویز اشرف سوال: تقسیم کے وقت ہندوئوں اورسکھوں نے مسلمانوں کا قتل عام کیاتھا۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میںمسلمانوں کا خون کون بہارہاہے ؟نیزاس قبیحہ عمل پر بھی روشنی ڈالو کہ جوں جوں عام انتخابات کی تاریخ قریب آرہی ہے ،نائن زیرو کے اردگرد دھماکے کون کرارہاہے؟ سوال: وزارت کسے کہتے ہیں؟کونسی وزارت بہترین ہوتی ہے؟فوجی یا سویلین وزارت؟کیانگران وزیر اعلیٰ بھی عوام کی بھلائی میںوہ کارہائے نمایاں سرانجام دے سکتا ہے جو ایک خادم اعلیٰ کے حصے آتے ہیں؟ سوال: جنرل جیلانی، جنرل اختر عبدالرحمن،جنرل حمید گل،جنرل درانی اورجنرل جاوید ناصر کے ہاتھوںکس بطلِ سیاست نے پرورش پائی؟یہ بھی بیان کروکہ قائدین اوررہنماوں کی پرورش وپرداخت اور سیاسی تربیت کرنے میںخفیہ تربیتی اداروں کا کیاکردار ہوتاہے؟ سوال: اس میگاسٹار کا نام بتائوجس نے حال ہی میں ’’پاشا آرٹس اکیڈمی ‘‘ سے انقلابی ہونے کی ڈگری حاصل کی ہے؟

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں