جھوک رانجھن دی

یہ مَلک المزاح کی نگری ہے ۔ ہمارے گھر کے سامنے ، فروری کی سنہری دھوپ میں لہلہاتی سرسوں کی اس فصل سے آگے ، سڑک کے اس پار آسودئہ خاک لوگوں کا جہان آباد ہے ۔ ایک قبر کے کتبے پر لکھا ہے ''کرنل محمد خان ، مصنف ‘‘ ...ہم نے چکوال کے اسی دیہی علاقے میں آنکھ کھولی ہے اور آج بھی یہیں سانس لے رہے ہیں۔ 
کرنل محمد خان علم، تجربے اور مزاح نگاری میں ہم سے کئی نوری سال بلند تھے ۔ البتہ ان کے اور ہمارے بچپن کے ادوار کی پسماندگی میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے ۔ ان کی کتاب میں مرقوم ہے کہ انہوں نے صاحبزادے کو تقسیم ہند سے قبل کے اپنے زمانہ طالب علمی کا قصہ سنایا کہ جب اسکول ماسٹر صاحب ان کے ہاں مہماں ہوئے تو احتراماً رنگیلے پائیوں والا پلنگ بچھایا گیا۔ صاحبزاد ے نے والد گرامی سے پوچھا کہ آپ لوگوں میں اتنی عقل نہیں تھی کہ ماسٹر صاحب کو کرسی پیش کرتے ؟ جواب میں کرنل صاحب نے تاریخی جملہ کہا کہ سلیم میاں! عقل تو تھی مگر کرسی نہیں تھی ...اسی پسماندہ نگری میں جب ہمارا طالب علمی کا دور شروع ہوا تو کرنل محمد خان مزاح نگاری کے آسمان پر جگمگا رہے تھے ۔تاہم کرسی ہمارے گھر بھی نہیں تھی ۔ کرسی تو کیا ،ڈھنگ کا پلنگ بھی نہیں تھا۔ ڈرائنگ روم تو کجا، گھر میں مناسب پختہ کمرہ بھی نہیں تھا ۔ ہمیں ریفریجریٹر ،کپ بورڈ اور ڈریسنگ ٹیبل میسر نہیں تھے ، ہم پڑچھتیوں ، کانسوں، گھڑونجیوں اور چھِکوں کے ساتھ گزارہ کرنے والے لوگ تھے ۔ہمارے گائوں میں ڈائننگ ٹیبل بھی نہیں تھے ، ہم زمین پر بیٹھ کر مٹی کے برتنوں میں کھانا کھاتے تھے اور کورے گھڑے کا پانی پیتے تھے ۔ بجلی اور اس سے وابستہ کسی سہولت کا ہماری زندگیوں میں کوئی دخل نہیں تھا۔ رات دیئے یا لالٹین کی مدھم لَو میں چرخے کی مدھر آواز سنتے ہماری آنکھ لگتی اور سحر دم گھر کی چکی کی پُر سوز صدا سے کھلتی تھی ، مگر ہم خوش تھے ۔ 
آپ سے کیا چھپانا ، ہم بارانی اور پہاڑی اَن پڑھ ، ان گھڑ ، اجڈ ، دنیا سے نا آشنا اور سائنس و ٹیکنالوجی سے بے بہرہ، اپنے گائوں کے کنوئیں ہی کو کل کائنات سمجھتے تھے ۔ ہمارے لیے یہی جھوک رانجھن کی ، یہی ہیر کا ڈیرہ تھا ۔ ہم گڑ کی چائے میں کیک رس ڈبو کر کھانے کو دنیا کی سب سے بڑی عیاشی کہتے تھے ۔شکر دوپہروں کو کھیت کے کنارے بیری کی گھنی چھائوں میں روٹی، اچاراور لسی پر مشتمل کھانا تناول کرتے اسے پر تکلف لنچ خیال کرتے تھے ۔ ہم اپنی تیز دھار درانتیوں کو سب سے موثر ہتھیار سمجھتے تھے ۔اپنی ہل ، پنجالی اور سہاگہ کو جدید زرعی مشینری گردانتے تھے ۔ مغرب کے وقت گھر گھر تندوروں سے اٹھنے والے دھوئیں کی خوشبو ہمیں مسحور کن لگتی تھی ۔ڈوبتے سورج کے سمے چراگاہوں سے واپس آتے ریوڑوں کی گھنٹیوں کی آوازیں ہمیںمست کیے دیتی تھیں۔ بخدا ہمیں کچھ خبر نہیں تھی کہ دنیا میں کرپشن اور فحاشی یا انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے معاشرتی ناسور بھی ہوتے ہیںاور مردان ِ جری انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔ ہمیں دنیا کی ہوا بھی نہیں لگی تھی ، مگر ہم خوش تھے ۔ 
ہم سادہ دلوں کی زندگی فقط گائوں کے سادہ لوح مولوی کے افکار کے گرد گھومتی تھی ۔ وہی ہمارا دینی رہنما تھا ،وہی دنیاوی مسائل کی گتھیاں سلجھانے والا ، وہی طبیب اور وہی نصیب ۔آپ اس کی کم علمی سمجھیں یا سادگی مگر اس نے کبھی ہمیں فرقہ واریت اور مذہب کے نام پردنگا فساد کی طرف راغب نہیں کیا۔ ہمارا مولوی کوئی عالم بے بدل یا منبع فصاحت و بلاغت نہیں تھا۔ شاید اسی لیے کافر گری کے میدان میں اپنی گراںقدر خدمات سر انجام نہیں دے سکا۔خدا جانے اس نے کہاں سے سیکھا تھا مگر اس کا علم رواداری اور امن و آشتی تک محدود تھا ۔ ہم اس کے افکارِ سادہ کی روشنی میں چاند پر انسانی قدم پڑنا نا ممکن سمجھتے تھے ۔ البتہ چاند پر چرخہ کاتتی بڑھیا اور زمین کو اپنے سینگ پر اٹھانے والے بیل پر ہمارا یقین پختہ تھا ۔ تب یہاں عقل و دانش کا سیلاب نہیں آیا تھا مگر ہم خوش تھے ۔ 
پھر وقت نے پلٹا کھایا اور روشنی نے ہمارے گھر کا رستہ دیکھ لیا۔ نوبت بہ ایں جا رسید کہ اب ہمیں کرسیاں تو کیا، جدید ٹرانسپورٹ ، انٹر نیٹ ، موبائل ، وٹس ایپ ،کیبل ،ڈش اور زراعت کی جدید ترین مشینری تک میسر ہے ۔ہمارا رابطہ ساری دنیا سے ہے ۔ اب ہم ان پڑھ اور ان گھڑ نہیں رہے ۔ہمارے پاس علم ہے ، اپنی اپنی مساجدہیں ، اپنے اپنے فرقے ہیں، اپنے اپنے حصے کے غدار اور کافر ہیں ، اپنے اپنے مشن ہیں ۔ اب ہمیں ہر سہولت میسر ہے ، مگر ہم خوش نہیں ہیں۔ واللہ ہم خوش نہیں ، ہم جدید دور کی فہم و دانش اور علم و عمل سے خوفزدہ ہیں۔ ہم ترقی کے اس سفر کی رائیگانی پر پشیمان ہیں ۔ ہم لاعلمی میں آسودہ تھے ۔ ان فرقہ وارانہ جھگڑوں ، بم دھماکوں اور انسانی اجسام جلنے کی بُو نے ہماری سانسوں میں چنگاریاں بھر دی ہیں ۔ ہم سسی کی مانند مظلوم ہیں ، جو امن کی ڈاچی کے نقوش پا پر بھاگ بھاگ کر بگولا ہو گئے ہیں۔ اب ہم سے اپنے بچوں کے گولیوں سے چھلنی سینے نہیں دیکھے جاتے ۔ ہم سے اپنے پیاروں کے مزید لاشے نہیں اٹھائے جاتے ۔ ہم میں ہر روز میڈیا پر خاک و خون میں لتھڑے ہم وطنوں کے جسموں کے ٹکڑے دیکھنے کی ہمت نہیں ۔ ہم میں بیویوں ،بہنوں اور بیٹیوں کے خوفزدہ چہرے دیکھنے کی تاب نہیں ۔ ہم گھروں سے نکلتے ہیں تو سلامتی کی دُعا کے لیے مائوں کے کپکپاتے ہونٹ دیکھ کر لرز جاتے ہیں ۔ خداشاہد ہے کہ ہم خوش نہیں ہیں۔
آپ اسے ہمارا پینڈو پن کہیں یا شعورو آگہی سے دشمنی ،مگر ہم اپنے اسی جہالت کے دور میں واپس پلٹنا چاہتے ہیں ۔ اب ہماری بستیوں پر کھیڑوں کا راج ہے ۔ ہم نے یہاں نہیں رہنا۔ ہم نے جھوک رانجھن کی جانا ہے ، کرنل محمد خان کی اسی نگری میں جا بسناہے ، جہاں بارود کی بُو نہیں ، تندوروں سے اٹھنے والے دھوئیں کی مہک ہے ۔ جہاں گولیوں کی تڑ تڑاہٹ نہیں ،ریوڑوں کی گھنٹیوں کی مسحور کن آوازیں ہیں ۔ جہاں لائوڈ سپیکر کا شور نہیں ، چرخے کی دلفریب موسیقی ہے ۔ جہاں کوئی مقرر شعلہ بیان ،کوئی خطیب بے بدل ،کوئی ولولہ انگیز قیادت ،کوئی زو فہم دانشور نہیں رہتا۔ جہاں کوئی دہشت گرد ہے نہ اس کی کمر توڑنے والا ۔ بے شک کوئی ہم سے ساری جدید سہولتیں لے لے ، ہم سے ہماری کرسیاں بھی لے لے مگر ہمیں کھیڑوں سے نجات دلا دے ...ہے کوئی ہماری فریاد سننے والا ؟...ہم شاہ حسینؔ کی طرح چاک گریباں ہیں ...جھوک رانجھنڑ دی جانڑاں ، نال میرے کوئی چلے ...

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں