دہشت گردانہ کارروائیاں قوم کا عزم
متزلزل نہیں کر سکتیں... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''دہشت گردوں کی کارروائیاں قوم کا عزم متزلزل نہیں کر سکتیں‘‘ ماسوائے میرے عزم کے‘ کیونکہ گو نواز گو والے کم بخت لندن اور امریکہ میں بھی میرا پیچھا چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے ،اگرچہ اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ میں لندن جائوں یا امریکہ۔ انہوں نے کہا کہ ''ان کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے‘‘ اگرچہ تب تک دم سادھے رکھنا بہت مشکل کام ہے، اس لیے ان سے درخواست ہے کہ جلد از جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیں‘ اور اگر یہ منطق سے بے بہرہ ہوں تو انہیں چاہیے کہ فوری طور پر منطق سیکھنے کی کوشش کریں‘ ہیں جی؟۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
دھرنے والوں کے دل پتھر کے ہو گئے‘
متاثرین انہیں بھی ڈبو دیں... شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''دھرنے والوں کے دل پتھر کے ہو گئے‘ سیلاب متاثرین انہیں بھی ڈبو دیں‘‘ کیونکہ جو خود ڈوب رہا ہو وہ دوسروں کو بھی آسانی سے ڈبو سکتا ہے جبکہ میں نے ربڑ کے جوتوں کا ایک اور جوڑا خرید لیا ہے جو اگر اب کے نہیں تو اگلے سال کام آ جائے گا کیونکہ سیلاب تواب آتے ہی رہیں گے کہ نہ بند باندھے جا سکتے ہیں نہ ہی چھوٹے موٹے ڈیم بنائے جا سکتے ہیں کہ میٹرو بس کے منصوبے سے سارا مسئلہ ہی حل ہو جائے گا اور جو لوگ سیلاب سے بچ نکلیں گے کم از کم انہیں سفر کرنے کی سہولت تو حاصل ہو، اگرچہ انہوں نے پیش بندی کے طور پر کشتیاں بھی تیار کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان اور طاہرالقادری نے دھرنوں پر اربوں روپے خرچ کیے‘‘ اور ہمیں سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ اربوں روپے انہوں نے لیے کہاں سے ہیں کیونکہ ملک کی ساری دولت تو پہلے ہی بیرون ملک ٹھکانے لگائی جا چکی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان بُلائیں تو آج بھی کنٹینر
پر جانے کو تیار ہوں... جاوید ہاشمی
پاکستان تحریک کے تاحال صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ''عمران خان بلائیں تو آج بھی کنٹینر پر جانے کو تیار ہوں‘‘ کیونکہ ایمان داری کی بات ہے کہ اب میرا بھی وہاں سے آنے کے بعد جی نہیں لگتا اور بالکل ایک کٹی ہوئی پتنگ ہو کر رہ گیا ہوں۔ اگرچہ ن لیگ والے بہت چکنی چپڑی باتیں کر رہے ہیں لیکن انہیں آنکھیں پھیرتے بھی دیر نہیں لگے گی کیونکہ میں انہیں بھی اچھی طرح سے جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ''تحریک انصاف کا اب بھی صدر ہوں‘‘ اس لیے تحریک والوں کو اپنے صدر پر کچھ تو رحم کھانا چاہیے کیونکہ ہمارا منشور بھی اس قطع رحمی کی اجازت نہیں دیتا اور صبح کا بھولا اگر شام کو کنٹینر پر واپس آنے کو تیار ہو تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ انہوں نے کہا کہ ''شاہ محمود اور جہانگیر ترین غیر آئینی عہدیدار ہیں‘‘ اس لیے میری آئینی حیثیت کا ہی کچھ خیال کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ''مجھے اب تک کوئی شوکاز نوٹس نہیں ملا‘‘ اور اس سے بڑی زیادتی اور کیا ہو سکتی ہے کہ مجھے تو انہوں نے مجبور کر کے استعفیٰ دلوا دیا لیکن اپنے استعفوں کے سلسلے میں آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز ملتان میں صحافیوں سے باتیں کر رہے تھے۔
ایک روز کے بعد دنیا کے طویل ترین
دھرنے کا ریکارڈ بن جائے گا... عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ''ایک روز کے بعد دنیا کے طویل ترین دھرنے کا ریکارڈ بن جائے گا‘‘ اور میں دیکھوں گا کہ اس ریکارڈ کو کون توڑتا ہے کیونکہ اول تو آئندہ کسی دھرنے والے کو اجازت دینے کی حماقت ہی نہیں کی جائے گی اور اس کا بندوبست پیشگی ہی کر لیا جائے گا بلکہ اس دھرنے کا انجام دیکھ کر ہی سب عبرت پکڑ لیں گے اور آئندہ کوئی اس حرکت کا نام ہی نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ''افتخار چودھری کے متعلق سچائی بتانے کے لیے بے چین ہوں‘‘ جب کہ دیگر معاملات کے متعلق سچائیاں بیان کر کر کے پہلے ہی پھاوا ہو گیا ہوں اور کسی پر کوئی اثر ہی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ''قائم مقام چیئرمین نادرا حقائق بدل رہے ہیں‘‘ جبکہ ہمارے دھرنے کی حقیقت کو کوئی نہیں بدل سکتا حالانکہ امپائر کی انگلی اٹھنے کا بھی بے سود انتظار کرتے رہے اور اس نے انگلیاں جیب سے باہر نکالی ہی نہیں‘ اور اب میں اس بات پر حیران ہو رہا ہوں کہ مجھے دھکا کس نے دیا تھا‘ میرے سٹیج سے گرنے کے بعد یہ دوسرا دھکا تھا اور اب کسی تیسرے دھکے کا انتظار ہے۔ آپ اگلے روز دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔
دھرنا سازش کے مزید حقائق
سامنے آئیں گے... حمزہ شہباز
نوازلیگ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''دھرنا سازش کے مزید حقائق سامنے آئیں گے‘‘ کیونکہ یہ زمانہ ہی سازشوں کے حقائق سامنے آنے کا ہے جیسا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں دھاندلی کی سازش کو بے نقاب کیا گیا ہے اور کئی شرفاء کی نیندیں اُڑی ہوئی ہیں کہ ہر روز کوئی بڑی خبر ہی سامنے آتی ہے لیکن پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ تایا جان نے صاف کہہ دیا ہے کہ وہ امریکہ سے واپسی پر اچھی خبریں لائیں گے۔ اگرچہ کچھ شرپسندوں نے ان کے ہوٹل کے سامنے گو نواز گو کے نعرے لگوانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جبکہ حکومت امریکہ کو اس دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''دھرنا رہنما انا کے بت توڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں‘‘ جیسا کہ حکومت نے انا کے بت کو پاش پاش کر رکھا ہے اور نہایت عاجزی کے ساتھ مستعفی ہونے سے معذرت کر رہی ہے؛ چنانچہ اس انکساری کی قدر کرنی چاہیے۔ آپ اگلے روز لاہور میں سیلاب زدگان میں چیک تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
میں شعر بھی لکھوں گا، وکالت بھی کروں گا
لازم نہیں یہ بات کہ محنت بھی کروں گا