"ZIC" (space) message & send to 7575

آپ کے خواب

میاں نواز شریف:
کیا دیکھتا ہوں کہ عدالت نے ہمارے حق میں فیصلہ کر دیا ہے اور مدعیان عمران خاں‘ شیخ رشید اور سراج الحق صاحب کو جھوٹا مقدمہ دائر کرنے کے جُرم میں تین تین ماہ قید بامشقت کی سزا سُنا دی گئی ہے جسے سُن کر عمران خاں تو کمرۂ عدالت میں ہی بے ہوش ہو گیا جس کو اسی حالت میں جیل بھجوا دیا گیا جبکہ شیخ رشید پولیس والوں کی نظر بچا کر کھسک گیا اور باہر کھڑی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر یہ جا وہ جا۔ موصوف کی تلاش میں شہر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور جب پکڑا گیا تو فرار ہونے کے جرم میں اسے اضافی سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔
پُورے ملک میں جشن کا سا سماں ہے اور لاہور کو دُلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ ہر طرف دیگیں چڑھی ہوئی ہیں جس پر منہ میں پانی بھر گیا۔ گھونٹ پر گھونٹ نگل بھی رہا ہوں لیکن یہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ ملک بھر میں دس دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے تاکہ قوم اس خوشی سے پوری طرح لطف اندوز ہو سکے۔ ممنون حسین صاحب اپنی سابقہ مصروفیت پر لگ جائیں گے جس پر وہ الگ خوشی منا رہے ہیں اور اپنے خصوصی ماکولات سے ہمیں بھی حسب سابق سرفراز کرتے رہیں گے۔ جب سے فیصلے کا اعلان ہُوا برخوردار حمزہ شہباز اٹواٹی کھٹواٹی لے کر پڑے ہوئے ہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ کی ریہرسل کے بعد انہوں نے وزارت عظمیٰ پر بھی خاصی جانکاری حاصل کر لی تھی اور اب اس کی مایوسی قدرتی بات تھی‘ تاہم انہیں خمیرہ گائوزبان اور دیگر مقوّیات استعمال کرائی جا رہی ہیں‘ اُمید ہے کہ ہفتہ دس روز تک نارمل ہو جائیں گے۔ اسی طرح چوہدری نثار علی خاں پر بھی مایوسی کے دورے پڑ رہے ہیں کیونکہ میری نااہلی کی صورت میں وزارت عظمیٰ کے ایک امیدوار وہ بھی تھے۔ تاہم ان کے دھڑے سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی مسلسل ان کی ڈھارس بندھا رہے ہیں کہ وہ دل بُرا نہ کریں‘ ایسے مواقع پیدا ہوتے ہی رہتے ہیں‘ دُنیا اُمید پر قائم ہے۔
ٹرمپ صاحب نے اپنے مبارکباد کے فون میں میری اس فتح پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے جبکہ برادرم مودی صاحب مبارک باد دینے کی غرض سے خود بہ نفس نفیس تشریف لائیں گے کیونکہ فی الحال وہ مقبوضہ کشمیر کی بغاوت فرو کرنے اور دریائے جہلم اور سندھ وغیرہ پر ڈیم بنانے میں بُری طرح مصروف ہیں۔ دیگر‘ خصوصاً اسلامی ممالک کے سربراہان کی جانب سے بھی دھڑا دھڑ مبارکباد کے فونز کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ قطر میں خوشی کے اس موقع پر ایک دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ عزیزی سیف الرحمن کو اس کی خصوصی خدمات پر مشیر برائے امور مشترکہ مقرر کر دیا گیا ہے اور کیوں نہ کیا جاتا‘ یہ اس کا حق تھا‘ ہیں جی؟
اسحق ڈار صاحب نے خزانے کے منہ کھول دیے ہیں اور خالی ہونے کی صورت میں مزید قرضے کا بندوبست بھی حفظِ ماتقدم کے طور پر کر لیا ہے جبکہ یہ جشنِ مسرّت وہ اپنے طور پر الگ سے بھی برپا کریں گے کیونکہ مجھ سے زیادہ انہیں اندر ہونے کا ڈر تھا۔ فوری طور پر انہوں نے پانچ سو سیاہ بکروں کا صدقہ شکرانے کے طور پر دیا ہے۔ میرے پاس آئے تو بغل گیر ہوکرکافی دیر تک خوشی کے آنسو بہاتے رہے حتیٰ کہ ان کے آنسو پونچھ پونچھ کر میں باقاعدہ تھک گیا تھا جس پر اس کام کے لیے طارق فضل چوہدری صاحب کو مامور کیا گیا جو اپنی جگہ پر خوشی سے پاگل ہو رہے تھے۔
دانیال عزیز‘ امیر مقام‘ مریم اورنگزیب وغیرہ کی خصوصی خدمات اور مساعیٔ جمیلہ کے عوض ان سب کے مجسمے بنوا کر معروف چوکوں میں رکھے جانے کا آرڈر دے دیا گیاہے اور یہ حکم جاری کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر پُرجوش تقریریں کرنے والوں کی فہرست بنائی جائے نیز ان کو ان کی سنہری خدمات کے اعتراف کے طور پر انعامات واکرامات بھی تجویز کیے جائیں جبکہ خواجہ سعد رفیق صاحب کی قدر افزائی کے لیے کوئی شایانِ شان اقدام کیا جائے تاکہ دوسروں کو بھی ایسی جانفشانی کی عادت پڑے۔
رانا ثناء اللہ صاحب کو فی الحال فخرِ فیصل آباد کے لقب سے نوازا جائے اور اُن کی دیگر خواہشات کا بھی احترام کیا جائے۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن صاحب سے اُن کی تازہ ضروریات کی فہرست طلب کر کے ان پر عملدرآمد کیا جائے اور کچھ عرصہ پہلے ان کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا گیا تھا‘ ان پر اُن سے باقاعدہ معذرت کی جائے۔ اسحق ڈار صاحب اُن کے مطالبات صدق دل سے پورے کریں نیز انہیں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے فارغ کرنے کی سمری جو اگلے روز منظور کی گئی تھی اُسے کالعدم تصور کیا جائے اور اس میں تاخیر نہ کی جائے‘ ہیں جی؟
نیز معلوم کیا جائے کہ پارک لین یا اس کے اڑوس پڑوس میں اگر کوئی مزید فلیٹ دستیاب ہوں تو وہاں بھی معاملہ کیا جائے اورسودا ہونے کی صورت میں رقم بھجوانے کے لیے اونٹوں کا بھی انتظام کیا جائے اور منی ٹریل کا باقاعدہ حساب رکھا جائے کیونکہ ایسی ہی صورت حال میں خدانخواستہ پھر بھی درپیش ہو سکتی ہے۔ نیز مقامی طور پر بھی ضروری اقدامات تجویز کیے جائیں مثلاً موٹر ویز وغیرہ پر کام روک دیا جائے اورکسانوں کو دیا جانے والا پیکج اور سب سڈی وغیرہ یک قلم منسوخ کی جائے کیونکہ نہ تو آئندہ الیکشن لڑنا پڑے گا اور نہ خواہ مخواہ کی خوشامد کیونکہ پوری قوم مجھ پر مکمل اعتماد کر رہی ہے جس کا اظہار مختلف ٹی وی چینلز پر شروع ہو گیا ہے۔
قطری شہزادے نے جب اس فیصلے کی خبر سنی تو وہ بھی پہلی فلائٹ سے تشریف لے آئے ہیں اور اپنے طریقے سے مبارکباد کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔کافی تحفے تحائف بھی لے کر آئے ہیں‘ چنانچہ جو گھوڑا انہیں پچھلے دنوں بھجوایا نہ جا سکا تھا وہ ان کی خدمت میں پیش کر دیا گیا ہے جو انہیں اتنا پسند آیا کہ وہ اسی پر سوار ہو کر واپس جائیں گے۔ کوئی پچاس ساٹھ تلور جو ان کے لیے شکارکروائے گئے تھے وہ بھی انہوں نے ساتھ ہی بندھوا لیے ہیں۔ گھوڑا بھی انہیں دیکھ کر بہت خوش ہوا اور اتنی زورسے ہنہنایا کہ میری آنکھ کھل گئی۔۔۔۔!
خواب آپ کے تعبیر ہماری
اشتہار ''شاہی خواب نامہ‘‘ کے عنوان سے اس شہرۂ آفاق اور یادگار کتاب کا تازہ ایڈیشن پوری آن بان سے شائع ہو گیا ہے۔ تازہ ایڈیشن کا ایک نسخہ خریدنے والے کو سابق ایڈیشن کے دو نسخے مفت پیش کئے جائیں گے۔ اس کتاب کی اشاعت سے خوابوں سے متعلق جملہ مسائل کو نہایت دلنشیں انداز میں حل کر دیا گیا ہے اور ہر خواب کی پسندیدہ تعبیر اس کتاب سے آپ کو دستیاب ہو گی۔ زبانی خواب بیان کرنے پر تعبیر بھی اُسی وقت پیش کر دی جاتی ہے۔ ڈرائونے خوابوں کے خاتمہ کے لیے الگ طریق کار اس کتاب میں بیان کر دیا گیا ہے جس سے بدخوابی میں بھی افاقہ ہو سکتا ہے۔ خواب میں محبوب سے ملاقات کے لیے بھی طریقِ کارکا پورا ایک باب مخصوص کر دیا گیا ہے۔ اس کتاب کی مدد سے خوابوں کے متعلق ہر قسم کی نادر معلومات اور اس کے فضائل کُھل کر بیان کر دیے گئے ہیں، آپ کا کام بس خواب دیکھنا ہے‘ باقی سارا کام یہ کتاب سر انجام دے گی۔ قیمت نہایت واجبی‘ فون کر کے بھی طلب کر سکتے ہیں جو 07070707ہے۔ آزمائش شرط ہے!
آج کا مقطع
ہوتا بھی‘ ظفر‘ نباہ کیونکر
چھوٹا تھا پتنگ سے پتنگا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں