"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں اُن کی ‘متن ہمارے

پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے:نواز شریف
نااہل اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے‘‘ جبکہ یہ وزیراعظم کی بالادستی ہی ہے اور میرا خیال ہے کہ مجھے ایک بار پھر یہ بارِگراں اٹھانا پڑے گا کیونکہ مریم نواز نے کہہ دیا ہے کہ نواز شریف چوتھی بار بھی وزیراعظم بنیں گے۔ تاہم جہاں تک پارلیمنٹ کا تعلق ہے تو میں اس میں وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی کبھی کبھار ہی جایا کرتا ہوں۔ مثلاً منی ٹریل کے بارے میں کوئی بیان دینا ہو جس کے غلط یا صحیح ہونے کے بارے میں فکرمندی کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ وہ سیاسی بیان ہوتا ہے جو کبھی سچا نہیں ہوتا۔اگرچہ نااہل ہونے کے بعد اب تک پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کافی کردار ادا کر چکا ہوں اور اپنی تقریروں میں عدلیہ اور فوج کی جو خدمت سرانجام دیتا رہا ہوں وہ پارلیمنٹ کی بالادستی ہی کیلئے تو تھی‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
عدالت کے فیصلے سے اب تک 15کھرب 
روپے کا نقصان ہو چکا ہے:احسن اقبال
وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''جب سے جے آئی ٹی بنی ہے‘ اب تک 14 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے جو 15 کھرب روپے بنتے ہیں‘‘ اور انتہائی افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ میاں نواز شریف کا ذاتی نقصان ہے کیونکہ اگر جے آئی ٹی نہ بنتی اور یہ پینڈورا باکس نہ کھلتا تو انہیں اب تک 15 کھرب روپے کا فائدہ پہنچ چکا ہوتا اور اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ چار سال میں انہیں کتنا فائدہ پہنچا ہوگا جس سے مخالفین کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں اور کسی کو کھاتا پیتا دیکھنے سے ان کی طبیعت خراب ہونے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں‘‘ اور میاں صاحب نے تو اس معاملے میں اخیر ہی کر چھوڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم نے فیصلے پر عملدرآمد کیا‘‘ لیکن اسے تسلیم نہیں کیا کیونکہ جب سے میاں صاحب انقلابی ہوئے ہیں وہ اپنے علاوہ کسی کو بھی تسلیم نہیں کرتے۔ آپ اگلے روز پانامہ فیصلے پر ایک مشاورتی اجلاس میں شریک تھے۔ 
غریبوں کیلئے صحت کی بنیادی سہولتوں 
کا انقلابی پروگرام تیز کریں گے: شہباز شریف
خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ہم غریبوں کیلئے صحت کی بنیادی سہولتوں کا انقلابی پروگرام تیز کریں گے‘‘۔ کیونکہ جب سے بھائی صاحب انقلابی ہوئے ہیں سب کچھ انقلابی ہو گیا ہے اور کوئی چیز بھی غیر انقلابی نہیں رہی اور اب تک غریبوں کے لئے صحت کی سہولتیں فراہم نہ کر سکنے کی وجہ یہی ہے کہ ہماری کوششیں انقلابی نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ''عام آدمی کی زندگی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کروں گا‘‘۔ جبکہ عام آدمی کو ہاتھوں پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہنے اور مکھیاں اڑانے کے علاوہ خود بھی اس کی کوشش کرنا ہوگی کیونکہ حکومت کا کام تو صرف بیان دینا اور اپنے اصل کام میں لگ جانا ہے جس کے نتائج دنیا بھر کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''امیروں غریبوں کو ایک ہی دوائی مل رہی ہے‘‘ جو کہ جعلی اور دو نمبر ہی ہوتی ہے اور جعلسازوں کیلئے ہمارے دل سے ہمیشہ بددعا ہی نکلتی ہے۔ آپ اگلے روز رانا تنویر کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کر رہے تھے۔
نواز شریف صادق امین اور معصوم‘ چوتھی بار
وزیراعظم بنائیں گے:مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف صادق‘ امین اور معصوم ہیں۔ انہیں چوتھی بار بھی وزیراعظم بنائیں گے‘‘ اور کیا وہ شکل سے معصوم نہیں لگتے؟ باقی دلوں کا بھید تو اللہ ہی جانتا ہے۔ تاہم اس کا ایک اور ثبوت یہ ہے کہ وہ اپنے ادوار میں جو کچھ بھی کرتے رہے ہیں‘ معصومیت کے ساتھ ہی کرتے رہے ہیں جس کا کسی کو پتا ہی نہیں چلنا تھا لیکن برا ہو اس پاناما لیکس کا جس نے سارا کام ہی خراب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''نواز شریف نے جس کو محبت دی اس نے انہیں دھوکا دیا‘‘ مثلاً حسین نواز جس نے الحمدللہ کہہ کر سارا کھوتا ہی کھوہ میں ڈال دیا۔ آپ لاہور میں کارکنوں سے خطاب کر رہی تھیں۔
عمران خان غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی ہیں:سعد رفیق
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''عمران خان غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی ہیں‘‘ اور اس سے بڑی بیوقوفی اور کیا ہو سکتی ہے جو خواہ مخواہ کرپشن کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں حالانکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ کل کو اقتدارمیں آ کر انہیں بھی یہی سب کرنا ہوگا‘ اس لیے انہیں چاہیے کہ اپنے پائوں پر کلہاڑی نہ ماریں‘ ہمارا تو کونڈہ انہوں نے کروا ہی دیا ہے‘ کم از کم اپنا ہی کچھ خیال کریں کیونکہ ان کے دور اقتدار میں کرپشن کے خلاف سب سے بڑا جھنڈا ہم نے ہی اٹھانا ہے۔ ہیں جی؟ اور یہ ہیں جی بھی اس لیے کہا ہے کہ ان کی کم از کم کوئی یاد گار تو باقی رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ''نواز شریف کی لندن کیلئے حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی‘‘ وہ تیل کو اور تیل کی دھار کو دیکھ رہے ہیں اور جس وقت بھی انہیں پانی سر سے گزرتا دکھائی دیا وہ فوراً ہی پھُر کر کے اُڑ جائیں گے جبکہ تقریباً سبھی دیگر اہلخانہ احتیاطاً پہلے ہی عازم لندن ہو چکے ہیں کہ دور اندیشی کا تقاضا بھی یہی تھا۔ آپ اگلے روز جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مقطع
ہوں اس کا سب سے زیادہ نیاز مند‘ ظفرؔ
جو شہر میں مرا سب سے بڑا مخالف ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں