"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن‘ اشتہار اور کٹی پھٹی خبریں

فوج سیاست میں دلچسپی لے کر متنازع نہ بنے: خواجہ سعد رفیق
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''فوج سیاست میں دلچسپی لے کر متنازع نہ بنے‘‘ البتہ فوج کی حکومت میں دلچسپی سمجھ میں آتی ہے کیونکہ حکومت پہلے ہی یعنی کافی عرصے سے دفاع اور خارجہ پالیسی سے دستبردار ہے‘ اس لیے اُسے اسی پر اکتفا کرنا چاہیے تاہم فیض آباد دھرنے سے جان چھڑوانے کے لیے ہم فوج کے شکرگزار ہیں جبکہ حکومت خود بھی دھرنے والوں کی ہر طرح سے خاطر خدمت کر رہی تھی اور اُن کے پسندیدہ ہوٹلوں سے کھانا وغیرہ بھی منگوا کر پیش کیا جا رہا تھا اور جو گھر کا کھانا پسند کرتے تھے‘ اُن کا کھانا جاوید لطیف صاحب کے گھر سے آتا تھا‘ نیز معقول نذرانہ بھی پیش کر کے اُن کی خوشنودی حاصل کی گئی اور وہ دھرنا ختم کرنے پر راضی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ''چند لوگ مُلک کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر سکتے‘‘ اور ان چند لوگوں سے میری مراد وہی چند لوگ ہیں جن کا ذکر خیر میاں صاحب کی زبان پر ہر وقت رہتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
جو عدالتوں سے بچے گا وہی 2018ء کا
الیکشن لڑے گا: یوسف رضا گیلانی
سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ''جو عدالتوں سے بچے گا وہی 2018ء کا الیکشن لڑے گا‘‘ اور جہاں تک ہمارا سوال ہے‘ اول تو زرداری صاحب سمیت کوئی بھی نہیں بچے گا‘ تاہم جو بچ گئے وہ بھی الیکشن لڑنے کا صرف تکلف ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''پہلے افتخار چوہدری نے مجھے آئوٹ کیا‘ اب نواز شریف کو آئوٹ کر دیا گیا ہے‘‘ اور ابھی بہت سوں کی باری آنے والی ہے اور ہر کسی کو اپنی اپنی فکر پڑی ہوئی ہے۔ لیکن میں مطمئن ہوں کیونکہ ان سب کے آئوٹ ہونے سے ہی میرا کوئی چانس نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''جاوید ہاشمی کی کسی بھی جماعت میں شمولیت سے جنوبی پنجاب کی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا‘‘ کیونکہ اب ماشاء اللہ ہم سیاستدانوں نے سیاست کا وہ حشر کر دیا ہے کہ اب اس پر کسی کے بھی آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ آپ اگلے روز انجمن تاجراں گول مارکیٹ ممتاز آباد کی تقریب سے خطاب اور لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
تبدیلی اور ترقی بیان بازی سے نہیں آتی: حمزہ شہباز شریف
نواز لیگ کے مرکزی رہنما، مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور ایم این اے حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''تبدیلی اور ترقی بیان بازی سے نہیں آتی‘‘ اور یہی بات میں تایا جان اور ابّو جان کو بار بار سمجھا چکا ہوں لیکن ان کا اصرار ہے کہ ترقی اگر ویسے نہیں ہو رہی تو بیان بازی اور اشتہار بازی ہی سے کام لینا پڑتا ہے جو ہم زور و شور سے کر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ترقی کے لیے نوازشریف قوم کی آخری اُمید ہیں‘‘ کیونکہ سیاست میں ان کا یہ آخری ہی دور ہے‘ اور اس کے بعد ہمارا ہی زمانہ ہے بشرطیکہ حدیبیہ پیپر ملز کیس نے ہماری امنگوں پر پانی نہ پھیر دیا۔ حالانکہ زیر زمین پانی کی روز افزوں کمی کی وجہ سے پانی کا غیر ضروری استعمال ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''کھوکھلے اور جھوٹے دعوے عوام کو مطمئن نہیں کر سکتے‘‘ کیونکہ عوام اب ان دعووں کی حقیقت کو اچھی طرح سمجھنے لگ گئے ہیں اور یہی فکر مندی کی سب سے بُری بات ہے۔ آپ اگلے روز اپنے دفتر میں ملک افضل کھوکھر سے ملاقات کر رہے تھے۔
درخواستیں مطلوب ہیں
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہٰذا عوام کو اطلاع بلکہ خوشخبری دی جاتی ہے کہ پاکستان دھرنا پارٹی نے اب باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔ اس لیے ضرورت مند خواتین و حضرات پہلی فرصت میں رابطہ کر کے معاملات طے کر لیں اور اپنے اپنے فیصلے سے آگاہ کریں کہ اُنہیں کس کس کا مستعفی ہونا درکار ہے۔ اس سلسلے میں واضح رہے کہ بڑے افسر کے استعفی کا ہدیہ چھوٹے افسر کے استعفے سے دُگنا ہو گا۔ اسی طرح صوبائی وزیر کے استعفے سے وفاقی وزیر کے استعفے کی فیس بھی دُگنی ہو گی بشرطیکہ دھرنے کی رونق دوبالا کرنے کے لیے ہر درخواست گزار کو پچاس افراد مہیا کرنا ہوں گے جن کی خاطر تواضع حکومت کے ذمے ہو گی۔ نیز شرکا کو حکومت کی طرف سے فرداً فرداً نذر و نیاز سے بھی نوازا جائے گا۔ علاوہ ازیں پولیس سے دفاع کا جُملہ ساز و سامان بھی مہیا کیا جائے گا۔ پہلے آئو‘ پہلے پائو۔ نقالوں سے ہوشیار رہیں۔ دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا!
المشتہر : مرکزی دفتر پارٹی ہذا‘ نیلا گنبد لاہور
کٹی پھٹی خبریں
وزیراعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک بُرقع اوڑھ کر رکشے پر زرعی انسٹی ٹیوٹ میں داخل ہوئے۔ ہسپتال میں زخمیوں نے وزیر داخلہ احسن اقبال اور گورنر پختونخوا کی تیمارداری کی۔ تحریک انصاف عوامی مسلم لیگ کے جھنڈے تلے الیکشن لڑے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک نے نااہل سیاستدانوں کو مشکل میں ڈال دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ آئین تمام اداروں کی حدود میں رہے۔ احتساب عدالت کی آج سابق وزیراعظم کے سامنے پیشی۔ سعودی عرب میں پاکستانی شہری کے پھٹنے سے کمپریسر ہلاک‘ پاکستان کے سب سے بڑے انڈر پاس پر کینال روڈ مکمل۔ سوشل میڈیا کی تشہیر کے لیے حکومتی کارکردگی کے استعمال کا فیصلہ‘ گرین پاکستان پروگرام: 20 لاکھ درختوں پر پاکستان لگایا جائے گا۔ چنیوٹ: لواحقین کے غائب ہونے پر 13 افراد کا مظاہرہ۔ فاروق ستار: فوری انتخابات کے خلاف سندھ تقسیم کے لیے بھی تیار ہیں۔
آج کا مقطع
دل کے اندر جنہیں محفوظ سمجھتا رہا میں
چل دیئے وہ بھی‘ ظفرؔ توڑ کے گھیرے میرے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں