"ZIC" (space) message & send to 7575

اُلٹے سیدھے اشتہارات

اطلاع عام
میرا مؤکل رقبہ تعدادی ایک کنال واقع دھرمپورہ موڑ فروخت کرنا چاہتا ہے، اگرچہ رقبہ اس کا اپنا نہیں ہے اور یہ نیک کام وہ بذریعہ قبضہ گروپ کرنا چاہتا ہے۔ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہو تو اپنا نفع و نقصان اچھی طرح سوچ لے کیونکہ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ اصل مالکان چون و چرا کرنے کی کوشش نہ کریں ورنہ میرے مؤکل سے بُرا کوئی نہ ہوگا۔ ویسے بھی یہ سب زمینیں اور مکان یہیں دھرے رہ جائیں گے اس لیے اصل مالکان کو چاہیے کہ خدا سے لو لگائیں اور اپنی عاقبت کی فکر کریں۔(اعزازی لاء چیمبرز)
قلمی دوستی 
قلمی دوستی میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان مرد اور لڑکیاں توجہ فرمائیں۔ ہمارے پاس کئی لاکھ لڑکے لڑکیوں کے پتے موجود ہیں جو قلمی دوستی کرنا چاہتے ہیں۔ کئی تو اتنے پرانے ہو چکے ہیں کہ اب ان کی اولادیں قلمی دوستی کے لیے تیار ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کہ اکثر اوقات قلمی دوستی کی خواہشمند لڑکیاں لڑکے ہی ہوتے ہیں جبکہ لڑکوں کی صورت میں لڑکیاں خط و کتابت کرتی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ کسی قانونی پیچیدگی کے پیدا ہونے کی صورت میں ہم سے مشورہ کریں۔ فیس معمولی(قلمی دوستی بیورو لاہور)
گاڑی برائے فروخت
ایک عدد گاڑی جس کا مارکہ آسانی سے بتایا نہیں جا سکتا کیونکہ انجن، باڈی اور سٹیرنگ وغیرہ مختلف کمپنیوں کے تیار کردہ ہیں، برائے فروخت موجود ہے۔ سرِدست چلتی نہیں ہے ورنہ اسے بیچنے کی کیا ضرورت تھی، البتہ کھینچ کر جہاں چاہیں لے جائی جا سکتی ہے۔ اسے مختلف اور مطلوبہ ٹکڑوں کی صورت میں بھی خریدا جا سکتا ہے۔ نوادرات کے متلاشی حضرات توجہ فرمائیں۔ (پوسٹ بکس نمبر420)
نوٹس طلاق
میں نے اپنی اہلیہ گستاخ بیگم کو بوجہ ناچاقی و بدصورتی وغیرہ طلاق دے دی ہے۔ اس لیے اب وہ میرے لیے حرام اور دُنیا بھر کی دیگر کنواری لڑکیاں مجھ پر حلال ہو چکی ہیں جن میں سے ایک کے ساتھ میں نے سلسلہ جنُبانی بھی کر رکھا ہے۔ لہٰذا اب میرا گستاخ بیگم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں نے اس کا جملہ سامان چارپائیاں، برتن اور بستر وغیرہ واپس کر دیئے ہیں البتہ اس کے زیورات نشانی کے طور پر رکھ لیے ہیں تاکہ اس کی یاد دلاتے رہیں (زبردست خاں عُرف چھری مار کاچھو پورہ)
شوہر برائے فروخت
ایک عدد شوہر برائے فروخت موجود ہے۔ نیک چلن، فرمانبردار، سعادت مند اور عین چالو حالت میں یعنی شوفر، باورچی، بیرا، دھوبی وغیرہ ہر قسم کی خدمات سرانجام دے سکتا ہے۔ گالیاں اور جھڑکیاں کھانے کے لیے ہر وقت تیار، بوقت ضرورت مُرغا بھی بنا سکتی ہیں۔ ایسا مثالی شوہر ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملے گا۔ پہلے آؤ، پہلے پاؤ، بازار سے بارعایت قیمت پر دستیاب ہے۔ برتن صاف کرنے اور صفائی وغیرہ کرنے سے بے فکر ہو جائیں۔ آزمائش شرط ہے (فون نمبر 00007)
کُتا خریدیئے
ایک اعلیٰ نسل کا خاندانی کُتا برائے فوری فروخت موجود ہے۔ وفادار اتنا کہ دوسرے دن ہی اصل مالک کے پاس واپس پہنچ جاتا ہے چنانچہ اسے کوئی ڈیڑھ سو بار فروخت کیا جا چکا ہے۔ پیشتر اس کے کہ یہ کسی روز کُتے کی موت مر جائے، اسے خرید کر اپنا شوق پورا کریں۔ 'سگ باش برادرِ خورد مباش‘ پر یقین رکھنے والے حضرات کے لیے نادر موقع۔نیز دُم ہلانے کا اپنا ہی اسلوب رکھتاہے۔ (فون نمبر 11111)
ضرورت رشتہ
والد صاحب کے لیے ایک عدد حرافہ اورگرگ باراں دیدہ بلکہ تیرہ دیدہ جبڑ جنگ قسم کی خاتون کا رشتہ درکار ہے جو خود کفیل ہونے کے علاوہ شوہر نامدار کا خرچہ بھی برداشت کرے۔یا موصوف کو کسی کام پر لگائے اور انہیں کام کی عادت ڈالے کیونکہ ہڈ حرامی ان کی رگ رگ میں سرایت کر چکی ہے۔ والد صاحب کا قبضہ فوری طور پر دے دیا جائے گا۔ دیر نہ لگائیں اور والدہ صاحبہ کی دعائیں جلد از جلد حاصل کریں۔ یہ سُنہری موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا (پدربیزار برادران وخواہران کوٹ امر سدھو)
کوٹھی برائے فروخت
ایک عدد خوبصورت، ماڈرن کوٹھی برائے فروخت ہے جو کاغذی کوٹھی کے نام سے مشہور ہے کیونکہ ایک سرکاری محکمہ کی وساطت سے تعمیر شدہ یہ کوٹھی صرف کاغذوں ہی میں تکمیل پذیر ہوئی ہے اور آپ کو معلوم ہے کہ بڑے سے بڑے پراجیکٹ کو بھی شروع کرنے سے پہلے کاغذی کارروائی کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کوٹھی کے جملہ لوازم پورے کر لئے گئے ہیں یعنی ٹھیکیداروں اور متعلقہ اہلکاروں کو ان کا حق الخدمت ادا کیاجا چکا ہے اور محکمہ ہذا بھی اپنا پورا کمیشن وصول کر چکا ہے۔ المشتہر کاغذ والا کمپنی بھائی پھیرو)
پلاٹ برائے فروخت
تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کیلئے ایک بنا بنایا پلاٹ برائے فروخت موجود ہے۔ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتیں خصوصی توجہ فرمائیں۔ پلاٹ اگرچہ پیپلز پارٹی والوں کا مسترد شدہ ہے، تاہم خاصی دیر تک قابلِ عمل ہے بشرطیکہ مکمل راز داری سے کام لیا جائے اور پلاٹ پر عملدرآمد ہونے سے پہلے کوئی معزز رکن خود حکومت میں جا شامل نہ ہو۔ پلاٹ مولانا فضل الرحمن کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے تجربے کا نچوڑ، نقالوں سے ہوشیار رہیں۔ سرورق پر جناب اسفند یا ر ولی کی خوشنما تحریری تجاویز اور تازہ تصویر، گارنٹی کے ساتھ طلب فرمائیں۔ کامیابی کے بعد پلاٹ آدھی قیمت پر واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔ جھوٹے پر خدا کی لعنت، آزمائش شرط ہے، دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا (میسرزساز باز اینڈ سنز اینڈ ڈاٹرز ساندہ روڈ)
آج کا مقطع
میں خواب ِ سبز تھا دونوں کے درمیاں میں ، ظفرؔ
کہ آسماں تھا سنہرا، زمین بھوری تھی

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں