"ZIC" (space) message & send to 7575

ستارے کیا کہتے ہیں…؟

بُرج حمل‘ سیّارہ مریخ‘21دسمبر تا 21جنوری
خوش قسمتی اس ہفتے دروازے پر ہلکی سی دستک دے گی‘ اس لیے بہتر ہے کہ پورا ہفتہ دروازے کے ساتھ ہی لگ کر کھڑے رہیں ‘بلکہ زیادہ بہتر ہوگا کہ کھانے پینے اور آرام کرنے کا بندوبست بھی دروازے کے قریب ہی کر لیں‘ ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کہ خوش قسمتی دستک دے کر غائب ہو جائے اور آپ کو پتا ہی نہ چلے‘ جبکہ اس کفرانِ نعمت کی بارش میں کوئی بدقسمتی بھی دروازے پر دستک دے سکتی ہے اور اگر آپ دروازہ نہ کھولیں گے تو وہ اسے توڑ کر بھی اندر آ سکتی ہے‘ اس لیے مزید بہتر ہوگا کہ دروازہ ہی اُکھڑوا دیں اور آنے جانے کے لیے پائپ کا استعمال کریں ‘کیونکہ خوش قسمتی یا بدقسمتی کو اتنی مشقت کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ پائپ کے ذریعے چڑھتی اُترتی رہے۔
بُرج اسد‘ سیارہ زہرہ‘ 22اپریل تا 20مئی
یونین کونسل کے ا نتخاب میں کامیابی ہوگی۔ مبارکباد دینے والوں کا اس قدر ہجوم ہوگاکہ خدا کی پناہ۔ ایک دوست آپ کو اس زور سے گلے لگائیں گے کہ پسلی کڑک جائے گی جس کی آواز سُن کر آپ کی آنکھ کھل جائے گی۔ روٹھے رشتے داروں سے صلح ہو جائے گی‘ البتہ مہمانداری کا خرچہ بڑھ جائے گا اور آپ صلح کروانے والوں کو بد دعائیں دیتے پھریں گے‘ بلکہ ایک صلح کروانے والے کے ساتھ سر پھٹول بھی ہو سکتی ہے۔ دونوں داخلی ہسپتال رہیں گے اور صحتیاب ہونے پر دونوں ایک دوسرے پر مقدمہ دائر کر دیں گے‘ جس کی صلح کروانے کوئی نہیں آئے گا اور جس کے لیے اخبار میں اشتہار دینا پڑے گا۔
برج جوزہ‘ سیارہ عطارد‘ 21مئی تا 21جون
اس ہفتے کوشش کریں کہ صبح کا وقت مفید کاموں میں صرف ہو۔ باقی پورا دن غیر مفید کاموں میں بسر کر سکتے ہیں‘ مثلاً: جھوئے میں رقم ہارنا‘ جس پر بیوی سے مار کھانا‘ غلط اشارہ کاٹنے پر چالان ہونا وغیرہ۔ نئے حالات باعثِ مسرت ہو سکتے ہیں‘ لیکن آپ اپنی نحوست طبع کے باعث ان سے لطف اندوز نہ ہو سکیں گے اور خودکشی کی ناکام کوشش کریں گے‘ لیکن ناکامی پر کفِ افسوس ملنے کی ضرورت نہیں‘ کیونکہ آپ کی زندگی ایسے بھی ناکامیوں سے بھری پڑی ہے۔ دوسری شادی کی کوشش کریں گے‘ جو یقینا ناکام ہوگی اور یہ اطلاع پا کر بھی پہلی بھی روٹھ کر مستقل طور پر میکے چلی جائے گی۔
برج سرطان‘ سیارہ قمر‘ 22جون تا 23جولائی
سرکاری قرضوں کی ادائی اگر اس ہفتے کر دیں تو جیل جانے سے بچ جائیں گے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کے لیے دعائے صحت مانگتے رہنا مفید رہے گا؛ بشرطیکہ نیب کو آپ کی اس حرکت کا علم نہ ہو جائے‘ ورنہ آپ کے خلاف بھی کوئی انکوائری کھل سکتی ہے۔ نیب کو بددعاؤں میں شامل کرنا ٹھیک رہے گا‘ جس پر آپ خواہ مخواہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی دُعاؤں میں شامل ہو جائیں گے۔ اس ہفتے مزید آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
برج اسد‘ سیارہ شمس 24جولائی تا 23اگست
ساس کی فوتیدگی کی خبر سن کر ابھی آپ خوش ہو ہی رہے ہوں کہ خبر غلط ثابت ہوگی اور آپ ڈنڈالے کر غلط اطلاع دینے والے کو ڈھونڈتے پھریں گے۔ خوشی کے بعد غم قدرتی بات ہے اس لیے صبر کرنا مفید رہے گا۔ محنت کا پھل کھانے کا یہ سنہری موقعہ ہے‘ بیشک چوری کر کے کھائیں۔ حسین نواز حسن نواز اور اسحق ڈار کی وطن واپسی کے لیے دُعائیں بے سود ثابت ہوں گی۔ بیوی سے جھگڑا ہوگا اور مفاہمت کا اونٹ کسی بھی کروٹ بیٹھنے سے انکار کر دے گا ‘کیونکہ اس کی کوئی کل سیدھی نہیں ہوتی۔
بُرج سیارہ‘ سیارہ نامعلوم 24تا 23ستمبر
اس ہفتے آپ کی شخصیت کئی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہے گی‘ جس کا سبب آپ کی ایک مونچھ کا بڑا اور ایک کا چھوٹا ہونا ہوگا۔ اس لیے پہلی فرصت میں یا تو بڑی مونچھ کو کاٹ کر چھوٹا کر لیں ۔ زور سے کھینچنے سے بھی مفید نتائج پیدا ہو سکتے ہیں۔ قریبی دوست سے لڑائی مفید رہے گی کیونکہ اندر خانے وہ بھی آپ کا دشمن ہے‘ کیلے کے چھلکے سے پھسل کر گریں گے اور آئندہ کیلا نہ کھانے کی قسم کھائیں گے ‘بلکہ بہتر ہوگا کہ کوئی بھی پھل کھانے سے گریز کریں۔
بُرج میزان‘ سیارہ زہرہ‘ 24ستمبر تا 23اکتوبر
اس ہفتے کوئی اہم گھریلو فیصلہ کرنا ہوگا ‘یعنی بیوی کی ہاں میں ہاں ملانا ہوگی ‘کیونکہ آپ خود تو کوئی فیصلہ کرنے سے رہے۔ شیخ رشید احمد سے ملاقات مفید رہے گی‘ جس دوران وہ بیوی کے نہ ہونے کے فضائل پر لیکچر دیں گے اور آپ گھر آ کر بیوی کو عجیب عجیب نظروں سے دیکھنا شروع کر دیں گے‘ جس پر بیوی کی ایک گھرکی سے طبیعت نارمل ہو جائے گی۔ کچھ دوستوں کے رویئے کو برداشت کرنا ہوگا‘ کیونکہ دوستوں کا کام ہی آپ کو قوتِ برداشت کا امتحان لینا ہے۔
برج عقرب‘ سیارہ مریخ 24اکتوبر تا 23نومبر
یہ ہفتہ نئی نئی خوشی کے لیے ہے‘ مثلاً: دوسری شادی؛ البتہ پہلی کو پتا نہ چلنے دیں‘ ورنہ ہمارا ذمہ نہیں ہے‘ نہ ہی دوسری کو پہلی کی خبر ہونے دیں۔ اگر بھید کھل ہی جائے تو دونوں کا دنگل کرا دیں اور خود ایک طرف ہو کر تماشا دیکھیں۔ بصورت دیگر ہمسائی کو اشارے کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے اور بیوی سے یہ کہہ کو جان چھڑائیں گے کہ وہ پوچھ رہی تھی کہ ظہر کا وقت ہو گیا ہے یا نہیں ؟بڑی نیک اور نمازی خاتون ہے‘ اور خدا خدا کر کے یہ کفر ٹوٹے گا۔
برج قوس‘ سیارہ مریخ‘ 23نومبر تا 22دسمبر
اس ہفتے شیخی بگھارنے سے گریز کریں؛ البتہ اگر آپ الشیخ ہیں تو الگ بات ہے کہ آپ کو اس کا ہر طرح سے حق حاصل ہے۔ یہ ہفتہ پڑھنے لکھنے کے لیے موزوں رہے گا؛ چنانچہ اخبار پڑھیں اور رشتہ داروں کو خط لکھیں‘ نیا جوٹا خریدنا مفید رہے گا اور جوتے سے ہماری مراد جوتے کے دونوں پاؤں ہیں۔ کسی کو خواہ مخواہ مشورہ دینے کی کوشش نہ کریں ‘کیونکہ مفت مشورے پر کوئی عمل نہیں کرتا۔
آج کا مطلع
بیاں ہمارا ہماری صدا سے ہٹ کر ہے
سو‘ احتجاج بھی اُس بیوفا سے ہٹ کر ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں