"ZIC" (space) message & send to 7575

لکیروں کی زبان

ریاض علی، سیالکوٹ
بلدیاتی الیکشن میں کامیابی ہو سکتی ہے بشرطیکہ مقابلے میں آنے والے سارے امیدوار دست بردار ہو جائیں۔ جلد بازی سے گریز کریں ماسوائے دوسری شادی کے۔ پولیس کے ساتھ بنا کر رکھیں اور دنیا میں کسی اور کی پروا نہ کریں۔ قسمت 65سال کی عمر کے بعد کھلے گی، اس عمر کو پہنچنے کی سرتوڑ کوشش کریں۔ سفر بالکل بند کر دیں تاکہ کسی حادثے میں مارے نہ جائیں ۔ بیرون ملک جانے کا کوئی امکان نہیں۔ اسی ہفتے جیب کٹنے کا اندیشہ ہے۔
مرتضیٰ خاں، رحیم یار خاں
بین کی وجہ سے ملازمت نہیں ملے گی البتہ سفارش کے میرٹ پر بھرتی ہو سکتے ہیں۔ شادی 25سال کی عمر میں ہوگی۔ اگر پچیس سال سے اوپر ہو چکے ہوں تو شادی کا خیال دل سے نکال دیں، یا رہنے دیں، محض خیال سے کیا فرق پڑتا ہے۔ امتحان میں ضرور کامیاب ہوں گے بشرطیکہ بُوٹی مافیا کو ہاتھ میں رکھیں۔ کوئی خاص پریشانیاں قسمت میں نہیں ہیں بلکہ ساری کی ساری عام ہوں گی مثلاً مہنگائی، بیماری، محبت میں ناکامی، ہیروئن فروشی کے مقدمے میں چالان وغیرہ۔ گاہے بگاہے اپنے وکیل کی خدمت کرتے رہا کریں۔ فنونِ لطیفہ میں دلچسپی لینے سے گریز کریں ورنہ دھر لیے جائیں گے۔
شازیہ ناز، شیخوپورہ
شوہر کے ساتھ بیرون ملک جانے کا معمولی امکان موجود ہے، اگر اس امکان کو یقینی بنانا چاہیں تو دُنیا بہت وسیع ہے‘ ساس سے گلوخلاصی ممکن نہیں، اس لیے فضول وقت ضائع نہ کریں۔ ذمہ داری میں اضافے کا کوئی امکان نہیں، اگرچہ آپ پہلے ہی کافی غیر ذمہ دار واقع ہوئی ہیں۔ خاوند پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ وہ بھی آپ پر کڑی نظر رکھتا ہے۔ مکمل معمولات کے لیے اپنے بائیں ہاتھ اور دونوں پاؤں کے پرنٹ بھیجیں۔ جذبات پر قابو نہ پا سکیں تو جذبات کو خود پر قابو پانے دیں۔ 
احمد کریم مرزا، ساہیوال
پریشان خیالی سے بچیں البتہ دوسروں کو پریشان کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ شادی گھر والوں کی پسند پر کرنی پڑے گی البتہ اپنی پسند پر، ایک اور شادی کر لیں ۔ محنت کریں، بصورت دیگر دوسروں کو محنت کرتے دیکھتے رہا کریں کہ یہ بھی خاصا محنت طلب کام ہے۔ آپ میں عزم و حوصلہ کی کمی ہے اس لیے ہر کام دوسروں کے حوصلے اور شہہ پر کریں۔ ناکامی کی صورت میں دوبارہ کوشش کریں ۔ خدا کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ اس لیے دوسروں کی محنت سے استفادہ کریں، باعثِ برکت ہوگا۔
محمد امین ڈوگر، خانقاہ ڈوگراں
پہلے سابقہ شادیوں کی تفصیل لکھ کر بھیجیں تاکہ نئی شادی کے امکان کا جائزہ لیا جا سکے۔ انقلابی خیالات کو ذہن میں پرورش پانے دیں۔ اس کیلئے وزیراعظم کے بیانات غور سے پڑھا اور سُنا کریں۔ دولت کے پیچھے بھاگنا درست نہیں کیونکہ اب تو ایسے طریقے ایجاد ہو چکے ہیں کہ پیچھے بھاگنے کے بغیر ہی دولت مل جاتی ہے بلکہ خود آپ کے پیچھے بھاگنے لگتی ہے جس کیلئے اقتدار میں آنا ضروری ہوتا ہے۔ بڑے بھائی کے ساتھ تنازعہ درست نہیں ہوگا پہلے بھی اُن سے خاصی دُھنائی کروا چکے ہیں۔
محمد ایوب، فیصل آباد
پرنٹ صاف نہیں ہیں، دوبارہ بھیجیں، فیس بھی۔ ان سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ آپ بہت جلد خودکشی کرنے والے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے دریا میں چھلانگ لگانا بہتر رہے گا۔ دریائے راوی میں چھلانگ لگانے کی ہرگز کوشش نہ کریں ورنہ صرف ہڈی پسلی ٹوٹنے پر ہی گزارہ کرنا ہوگا کیونکہ اس میں پانی بس برائے نام ہی ہوتا ہے۔ دریائے سندھ ٹھیک رہے گا ورنہ دوسرے دریاؤں میں پانی گرمیوں سے پہلے نہیں آئے گا اس لیے انتظار کریں اور اُس وقت تک جیسے تیسے گزارہ کریں۔ تاہم اگر جلدی میں ہوں تو کسی مخالف کا کام تمام کر کے اقبال جرم کر لیں، مفید نتائج برآمد ہوں گے۔
فرید علی، میلسی
کوئی بھی کاروبار کرلیں فائدہ ہوگا اور کچھ نہیں تو پولیس کے مخبر ہی بن جائیں اور منشیات پر چھاپے ڈلوانے کے ساتھ ساتھ کچھ منشیات فروشوں سے مخبری نہ کرنے کی فیس بھی وصول کر لیا کریں، بلکہ پولیس جن منشیات فروشوں سے مَنتھلی لیتی ہے، اس میں سے اپنے حصے کا بھی مطالبہ کریں، رزق میں کشادگی پیدا ہوگی۔ قمار بازی ترک کرنا ہوگی کیونکہ اس میں فائدے کی بجائے نقصان کا احتمال زیادہ ہے۔ اس کی بجائے بہتر ہوگا کہ جوئے کا اپنا اڈہ بنا لیں تو اس میں یقینی فائدہ ہے، چاہے کوئی جیتے چاہے ہارے۔ پولیس کو مَنتھلی کی ادائی میں کوتاہی ہرگز نہ کریں کہ آخر اخلاق اور اصول بھی کوئی چیز ہے۔ 
ستاروں کا کھیل
علوم نجوم میں مکمل دسترس حاصل کرنے کے لیے اس نایاب کتاب کا مطالعہ بے حد ضروری ہے جس کے بعد آپ پروفیسر بن کر کسی بھی فٹ پاتھ پر اپنا دفتر قائم کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کو صرف ایک طوطا حاصل کرنا ہوگا، وہ بھی ہمارے ہاں دستیاب ہے جو طوطے کی طرح صرف ٹیں ٹیں نہیں کرے گا بلکہ فال بھی نکالے گا اور جس کی ناک بھی طوطے جیسی ہوگی۔ اس کی سدھائی کے مختلف طریقے بھی اس کتاب میں درج کر دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں طوطے کے لیے معیاری اور من پسند چُوری تیار کرنے کے مختلف طریقے بھی اس میں موجود ہوں گے۔ سلیٹ اور کارڈز بھی ہمارے ہاں سے دستیاب ہوں گے، حتیٰ کہ آپ کو کسی مناسب فٹ پاتھ کا انتخاب کرنا ہے، بلکہ اچھے اور منافع بخش فٹ پاتھوں کی نشاندہی بھی ہمارے ذمے ہوگی۔ ان جملہ اشیاء کے علاوہ طوطے کے لیے ایک خوبصورت پنجرامفت مہیا کیا جاتا ہے۔ پہلے آؤ، پہلے پاؤ، نقالوں سے بچیں۔
آج کا مقطع:
بدل گیا ہے وہ تو اِس پہ اور کیا کہیں ظفر
کہ دودھ تھا پڑے پڑے خراب ہو گیا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں