"ZIC" (space) message & send to 7575

الٹے سیدھے اشتہار

ضرورت جائیداد
زمین‘ مکان‘ دکان‘ پلاٹ ہر قسم کی جائیداد کی فوری ضرورت ہے۔ ایسے متوکّل صاحبِ جائیداد حضرات کو ترجیح دی جائے گی جو جائیداد اور مال و دولت کو دوزخ کی آگ سمجھتے ہوں۔ چنانچہ دوزخ کی اس آگ میں ایسے حضرات کی جگہ ہم جلنے کو تیار ہیں کیونکہ ہم ہر قسم کی جائیداد کی قیمت ادا کرنے سے قاصر ہیں جبکہ ہم بھی روپے پیسے کو ہاتھ کا میل سمجھتے ہیں اور اہلِ جائیداد حضرات کے ہاتھ میلے کرنا پسند نہیں کرتے؛ چنانچہ جو حضرات اپنی جائیداد یعنی فساد کی اِس جڑ سے گلُو خلاصی کروانا چاہتے ہوں وہ اس آزمائش میں ہمیں ڈال کر ثوابِ دارین حاصل کریں!
المشتہر: پوسٹ بکس نمبر 420
پلاٹ برائے فروخت
عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے ایک بنا بنایا پلاٹ برائے فروخت موجود ہے۔ پلاٹ اگرچہ پیپلز پارٹی والوں کی طرف سے مسترد شدہ ہے‘ تاہم خاصی حد تک قابلِ عمل ہے بشرطیکہ مکمل راز داری سے کام لیا جائے‘ تاہم چند ماہ تک پیپلز پارٹی بھی اس پلاٹ میں شامل ہو سکتی ہے۔ سرورق پر مولانا فضل الرحمن کی خُوشنما تحریر مع تازہ تصویر گارنٹی کے ساتھ طلب فرمائیں۔ پہلا باب سینیٹر سراج الحق کی منظوم دعائوں پر مشتمل ہے جو اصل میں بددعائیں ہیں۔ کامیابی کے بعد پلاٹ ہذا نصف قیمت پر واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے تجربے کا نچوڑ‘ نقّالوں سے ہوشیار رہیں۔ جھوٹے پر خدا کی لعنت‘ پہلے آئو‘ پہلے پائو‘ دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔
ملنے کا پتا: ساز باز اینڈ کمپنی‘ گنپت روڈ‘ لاہور
مفت‘ مفت ‘ مفت
منہ کالا کروانے کے لیے ہماری خدمات حاصل کریں۔ جہنم کا ٹکٹ بھی ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے۔ جملہ سہولیات بہم پہنچانے کا مکمل انتظام موجود ہے۔ منہ کالا اور نیلے پیر کے مصداق پائوں نیلے کرنے کا بھی خصوصی انتظام موجود ہے۔ رشوت خور حضرات خصوصی توجہ فرمائیں۔ کرم فرمائوں کی فرمائش پر کارروائی بند کمرے میں بھی ہو سکتی ہے۔ پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی۔ مکمل غیر جانبداری کی گارنٹی‘ آزمائش شرط ہے‘ دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔
المشتہر: آرڈر اینڈ ڈس آرڈر کمپنی‘ بھُوت نگر
درخواست تعاون
لاہور میں 85 کلو چرس سے بھرا ٹرک سائیکل پر رکھ کر لے جانے اور ملّت پارک پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے شخص کو پاگل خانے میں داخل کروانے کے لیے تعاون کی درخواست ہے کیونکہ کوئی صحیح الدماغ شخص ایسی حماقت نہیں کر سکتا۔ علاقہ ایم پی صاحب سردست دوہری شہریت کی وجہ سے فارغ ہیں اور ایم این اے صاحب قبضہ گروپ کی رکنیت ثابت ہو جانے پر اندر ہیں۔ تعاون کرنے والے کو مُلزم لطیف خان کی مذکورہ سائیکل کچھ عرصے کے لیے ادھار دی جا سکتی ہے تا کہ چرس وغیرہ کی ترسیل میں مدد گار ثابت ہو سکے۔ کر بھلا سو ہو بھلا‘ انت بھلے کا بھلا ؎
یہی ہے عبادت‘ یہی دین و ایماں
کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں
تلاش گمشدہ
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خون کا آخری قطرہ جو دوسرے خون میں مل کر کہیں اِدھر اُدھر ہو گیا ہے اور تلاشِ بسیار کے باوجود دستیاب نہیں ہو سکا تا کہ میاں صاحب کے بیان کے مطابق اُسے بہایا جا سکے اور باقی ماندہ خون سے کام چلایا جا سکے‘ کیونکہ میاں صاحب ضمانت ہونے کی صورت میں اسے بہا دینے کا اعلان بار بار کرتے رہتے ہیں۔ اگر یہ آخری قطرہ خود ہی ظاہر ہو جائے تو بہا دینے کے علاوہ اسے کچھ نہیں کہا جائے اور وہ اسے سفید ہونے سے پہلے پہلے بہا دینے کا مصّمم ارادہ رکھتے ہیں۔ چونکہ موصوف کے خون کو نیب کو دیکھنے کے بعد کھولنے کی بھی عادت تھی اس لیے عین ممکن ہے کہ خون کا یہ آخری قطرہ کھولنے اور اُبلنے کے عمل سے گزرنے کے بعد بھاپ بن کر ویسے ہی اڑ گیا ہو‘ نیز صاحب موصوف کا فاسد خون نکالنے کے لیے مناسب مقدار اور تعداد میں اعلیٰ نسل کی جونکیں بھی درکار ہیں۔ جونک فروش حضرات توجہ فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔
المشتہر: ن لیگ صوبائی میڈیا سیل
تلاش گمشدہ بھینس
مشتہر کی بھینس چار روز سے لاپتا ہے۔ اگر کسی نے چرائی ہے تو اب تک سینگ مار مار کر اس کا بھرکس نکال چکی ہوگی کیونکہ اس لحاظ سے خاصی دہشت گرد واقع ہوئی ہے۔ اُس وقت تک دودھ نہیں دیتی جب تک کہ اس کے آگے بین نہ بجائی جائے جبکہ ہمارے پاس صرف بین رہ گئی ہے یا اُس کا کٹا جس نے اُس کی جدائی میں بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔ اس کا حلیہ اس لیے بیان نہیں کیا جا رہا کیونکہ وہ ہم نے بھی کہیں سے چرائی تھی جس کے بعد ہم کافی پچھتا رہے ہیں اور اس سے اپنی جملہ پسلیاں اندر کروا چکے ہیں۔ شخص مذکورہ بین حاصل کرنے کے لیے ہم سے رابطہ کرے جو مناسب قیمت ادا کر کے حاصل کر سکتا ہے جبکہ کسی اور بین کا اُس پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ مشتہر اپنا پتا اس لیے درج نہیں کر رہا کہ بھینس لے جانے والے کو معلوم ہے۔
آج کا مطلع:
کئی دن سے ترے ہونے کی سرشاری میں رہتا ہوں
میں کیا بتلاؤں آسانی کہ دشواری میں رہتا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں