"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن اورتازہ غزل

نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں‘‘ اور یہ جو مختلف ہسپتالوں میں اُن کو گھمایا پھرایا گیا ہے‘ تو وہ بھی ان کی صحت کی بہتری کے لیے تھا کہ سیر سپاٹے سے صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں اور پنجاب میں جتنے ہسپتال ہیں ‘آب و ہوا کی تبدیلی کے لئے اُنہیں زیادہ سے زیادہ ہسپتالوں کا چکر لگوایا جائے ‘جب تک کہ وہ اچھی طرح ہٹے کٹے نہیں ہو جاتے ‘جبکہ بزدار صاحب کو بھی اس لیے وزیراعلیٰ پنجاب لگایا گیا ہے کہ بزدار کا مطلب ہی بکروں والا ہے اور راجن پور میں کوئی پہاڑ بھی ضرور ہوگا‘ جس کی وجہ سے بزدار صاحب بھی خاصے صحتمند نظر آتے۔( ماشاء اللہ نظر بدور)۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ٹویٹ پر ایک پیغام نشر کر رہے تھے۔
وزراء کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: انعام الحق
وزیراعظم کے مشیر انعام الحق نے کہا ہے کہ ''وزراء کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا‘‘ حتی کہ فواد چوہدری کو بھی تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا‘ جن سے میرا کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی اُنہیں میرے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف ہے ‘جبکہ وزراء کو تبدیل کرتے رہنے سے اُن کی کارکردگی پر خوشگوار اثر پڑتا ہے‘ کیونکہ وزارت کی تبدیلی سے وزیر کی آب و ہوا بھی تبدیل ہو جاتی ہے ‘جس سے وہ تازہ دم ہو جاتا ہے اور اگر فواد چوہدری صاحب کو یہ تازگی پسند نہیں تو یہ اُن کی مرضی کی بات ہے‘ جبکہ میری صحت افزائی کیلئے وہ مجھے فارغ کروانے کا سوچ رہے تھے اور جس کا مطلب صرف یہ ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کی صحت مندی کا خصوصی خیال رکھتے ہیں اور اس بھائی چارے اور اخوت کی داد دینی چاہیے‘ لیکن افسوس کہ یہاں اچھی باتوں کا کوئی نوٹس ہی نہیں لیتا‘ جو کہ ایک نہایت تشویشناک بات ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت سازش کے تحت نواز شریف کی 
جان لینے پر ڈٹ گئی ہے: خواجہ آصف
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ''حکومت سازش کے تحت نواز شریف کی جان لینے پر ڈٹ گئی ہے‘‘ اور اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ پارٹی کے باقی ماندہ شرفاء پر بھی انکوائریوں اور تفتیشوں کا آغاز کر دیا گیا ہے؛ حتیٰ کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی عنقریب دھر لیے جانے کا امکان ہے ‘جبکہ ایل این جی میں صرف تیل کا مسئلہ تھا اور وہ تیل دیکھو تیل کی دھار دیکھو‘ کے محاورے پر عمل کر رہے تھے‘ جبکہ رادھا کو نچوانے کیلئے بھی نو من تیل کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ سب محاوروں پر عمل کرنے کی سزا دی جا رہی ہے اور جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ احتساب ادارے اور حکومت اردو زبان کی ترویج نہیں چاہتے اور یہ بھی قومی زبان کے خلاف ایک سازش ہے‘ جس سے حکومت کو باز آ جانا چاہیے‘ ورنہ ہم سے بُرا کوئی نہیں ہوگا۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت احتساب کے نام پر مخالفین 
سے انتقام لے رہی ہے: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''حکومت احتساب کے نام مخالفین سے انتقام لے رہی ہے‘‘ اور خدا کا شکر ہے کہ میں حکومت کا مخالف نہیں ہوں ‘بلکہ میں تو تمام حکومتوں کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کرتا رہا ہوں اور یہ پہلی حکومت ہے‘ جو میرا ذرا بھی خیال نہیں رکھ رہی اور جو خود چند مہینوں کی مہمان ہے‘ جبکہ اصل میں تو یہ چند ہفتوں ہی کی مہمان تھی ‘لیکن میں نے لحاظ داری کے طور پر اسے چند مہینے دے دیئے ہیں کہ شاید اس کو میرے مسائل پر توجہ دینے کا بھی خیال آ جائے؛ حالانکہ میں نے اسے خوش کرنے کیلئے ملین مارچ بھی مؤخر کردیا ہے اور حکومت کہے تو اسے منسوخ بھی کر سکتا ہوں؛ بشرطیکہ وہ ٹس سے مس ہو جائے اور میرے حوالے سے اپنی جملہ کوتاہیوں کی تلافی کر دے‘ جبکہ اس کے خزانے میں کوئی کمی نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
بے منظری سی ہے کوئی منظر کے آس پاس
آئینہ ہے پڑا ہوا پتھر کے آس پاس
یوں ہی نہیں گزرتے اِدھر سے گھڑی گھڑی
رہتا ہے کوئی کام ترے گھر کے آس پاس
باقی ہے جو بھی اب وہ ترا کام ہے کہ ہم
کنکر ہیں اور‘ ہیں تری ٹھوکر کے آس پاس
اک ستّرہ برس کے صنم پر فدا تھے ہم
حالانکہ تھے ابھی کوئی ستّر کے آس پاس
اک دوسرے سے دُور نہیں ہیں کسی طرح
منڈلا رہی ہے شام بھی دن بھر کے آس پاس
دُنیا و دیں سے خود کو بچایا ہے اس طرح
مومن کے ہیں قریب نہ کافر کے آس پاس
جو سخت ناپسند نہیں ہیں؛ اگرچہ ہم
اکثر ہی پائے جاتے ہیں اکثر کے آس پاس
اُس نے ہمارے پاؤں ہی ٹکنے نہیں دیئے
اک سوچ جو کبھی نہیں تھی سر کے آس پاس
ہم خود ہی باریاب نہ ہو پائے اے ظفرؔ
دیوار بھی نہیں تھی کوئی در کے آس پاس
آج کا مقطع
وہ تو اٹھائے گا نہیں آ کر کبھی ظفرؔ
ہیں آپ کس امید میں ایسے پڑے ہوئے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں