"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ‘ متن اور تقریب ِ رونمائی

اپنی فکر نہیں‘ اللہ پاکستان کی خیر کرے: نواز شریف
مستقل نا اہل اور سزایافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''اپنی فکر نہیں‘ اللہ تعالیٰ پاکستان کی خیر کرے‘‘ جس کے خلاف مودی نے محاذ گرم کر رکھا ہے‘ جبکہ میرے دور ِاقتدار میں انہوں نے کبھی ایسی حرکت نہیں کی تھی‘ بلکہ بہت گہرے دوستانہ تعلقات تھے‘ تحائف کا تبادلہ ہوتا تھا اور آنا جانا بھی لگا رہتا تھا‘ لیکن میرے فارغ ہوتے ہی انہوں نے بھی اپنا رویہ بدل لیا ہے کہ دوستی کا تقاضا بھی یہی ہوتا ہے‘ تاہم اب جو کچھ وہ کر رہے ہیں‘ یہ ان کی مجبوری بھی ہے ‘کیونکہ وہ الیکشن جیتنا چاہتے ہیں ‘جیسے کہ ہم نے الیکشن جیتنے کے میگا پراجیکٹ شروع کر دیئے تھے کہ یہ لوگوں کو نظر بھی آئیں گے اور اُن میں خدمت کا مارجن بھی کافی زیادہ تھا‘ لیکن ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع ہو گئیں اور ہم ہار گئے۔ اب ڈیل کی جا رہی ہے اور نہ ہی مجھے لندن جانے دیا جا رہا ہے‘ تاہم میثاق جمہوریت کے احیاء سے کچھ امید لگی ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد کے ڈر سے شاید حکومت راہِ راست پر آ جائے‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز جیل میں مریم نواز سے ملاقات کر رہے تھے۔
حکومتی اتحادی نالاں‘ اپوزیشن جب چاہے حکومت گرا سکتی ہے: کائرہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''حکومتی اتحادی بھی نالاں ہیں‘ اپوزیشن جب چاہے‘ حکومت گرا سکتی ہے‘‘ اگرچہ میں نے کل ہی کہا تھا کہ 'عمران خان قدم بڑھائو ‘ ہم تمہارے ساتھ ہیں‘ لیکن اس وقت تک میثاق جمہوریت کی بحالی کی بات نہیں ہوئی تھی‘ جو کل ہی ہمارے چیئر مین کی نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں طے ہوئی ہے‘ جو کہ غیر سیاسی ملاقات تھی اور بلاول صرف نواز شریف کی عیادت کیلئے گئے تھے‘ جبکہ میثاق جمہوریت والے معاملے کا بھی سیاست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے‘ کیونکہ یہ اگر ہوا بھی تو کون سا تیر مار لے گا؟ البتہ حکومت کو خوفزدہ کرنے کی ایک تدبیر ہے‘ جبکہ حکومت کو خوفزدہ کرنے کی ہمیں بھی ضرورت در پیش ہے‘ کیونکہ ہمارے معاملا ت نواز شریف سے بھی زیادہ خراب ہونے والے ہیں؛ اگرچہ ان سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔
''نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ کے عنوان کے تحت
دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہو گی: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''نیا پاکستان ‘ منزلیں آسان‘ کے عنوان کے تحت دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی‘‘ کیونکہ ارکان اسمبلی کے عزیز و اقارب ٹھیکیدار حضرات مالی مشکلات کا شکار ہیں‘ بلکہ ارکان اسمبلی خود بھی ایسی ہی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں ‘جن سے کہا گیا ہے کہ ان کے معاملے اور تو کچھ نہیں کیا جا سکتا ‘لہٰذا وہ بھی ٹھیکیداروں ہی کے تعاون سے کچھ دال دلیا کر لیا کریں اور اگر ان کی کہیں دال نہیں گلتی تو دلیے پر اکتفا کر لیں ‘کیونکہ عمران خان ملک کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور تبدیلی کے سب سے بڑے علم بردار ہیں‘ جبکہ اصل تبدیلی یہی ہو گی کہ جب ہماری حکومت ختم ہو گی تو نئی حکومت آئے گی ‘جبکہ اس سے بڑی تبدیلی اور کیا ہو سکتی ہے اور جو لوگ تبدیل کے منتظر ہیں انہیں ہماری مدت کے ختم ہونے کا انتظار کرنا چاہئے اور اگر ہمارے دگر گوں حالات خراب تر ہو گئے تو یہ تبدیلی پہلے بھی آ سکتی ہے‘ لہٰذا امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور اللہ میاں سے لو لگائیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
پی پی ‘ ن لیگ میں عدم اعتماد کی خلیج موجود ہے: خرم دستگیر
مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ''پی پی ‘ ن لیگ میں عدم اعتماد کی خلیج موجود ہے‘‘ کیونکہ یہ اگر چاہیں بھی تو خلیج نہیں پاٹ سکتے ‘کیونکہ انہیں ایک دوسرے کی نیکیاں اچھی طرح سے یاد ہیں‘ جبکہ نیک لوگ نیکیاں ہی کر سکتے ہیں کہ دونوں کے لیڈر پہنچے ہوئے بزرگ ہیں اور اگر سیاست میں ان کا مزید کردار نہ رہا تو تعویذ دھاگے کا کاروبار شروع کر دیں گے اور اس طرح عوام کو جعلی پیروں سے نجات حاصل ہو جائے گی‘ جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں؛اگرچہ یہ لیڈر حضرات بھی دونوں ہاتھوں ہی سے عوام کی خدمت کرتے رہے ہیں ‘تاہم ان کے آستانوں سے کوئی بھی ضرورت مند مایوس نہیں لائے گا ۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
نوا زشریف کی طبیعت بہتر نہیں‘ بلاول 
کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے:مریم نواز
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور نواز لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت بہتر نہیں‘ بلاول کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ‘کیونکہ اس نے جو گیدڑ سنگھی نواز شریف کو سنگھائی ہے ‘اس سے ہم سب کے چودہ طبق روشن ہو گئے ہیں اور یہ بات طے ہے کہ نوجوانوں کا تازہ ذہن جس قدر نئی نئی تجاویز دے سکتا ہے‘ پرانوں کو اس کی توفیق ہی نہیں ہے اور یہی حال میرا بھی ہے‘ کیونکہ مجھے بھی ایسی ایسی باتیں سوجھتی رہتی ہیں کہ میں خود حیران ہو جاتی ہوں؛ اگرچہ میرا اور نواز شریف کابیانیہ ایک ہی ہے اور ساری مصیبتیں بھی اسی کی پیدا کردہ ہیں‘ لیکن یہ بھی ہے کہ ہر مصیبت میں کوئی خوشخبری چھپی ہوتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ میثاق جمہوریت کے احیاء سے نواز شریف کی تو گلوخلاصی ہو جائے گی؛ البتہ چچا جان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا ‘جنہیں اس بات کی سزا ملنی چاہئے کہ وہ اندر سے نواز شریف کے سخت خلاف ہیں اور انہیں اپنی راہ کا روڑا سمجھتے ہیں اور وہ اب تک نواز شریف کو چھوڑ کر اپنے آپ ہی کو بچانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
تقریب: آج شام چار بجے پلاک میں اقتدار جاوید کے مجموعے''پیئو دی وار‘‘ کی تقریب ِ رونمائی منعقد ہو گی۔
آج کا مقطع
چادرِ فاطمہ کی چھاؤں نہیں
کیا یہ مولا علی کا گاؤں نہیں

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں