"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور ’’نُورنہایا رستہ‘‘

سحر و افطار پر بجلی‘ گیس‘ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''رمضان میں سحر و افطار پر بجلی‘ گیس‘ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘‘ جبکہ کچھ زیادہ زور پانی پر ہے ‘کیونکہ کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے کھانے کو تو کچھ موجود ہی نہیں ہوگا‘ اس لیے سحری و افطاری پانی ہی سے ہوگی‘ جس کی کمی نہیں ہونی چاہئے‘ جبکہ یہ جانباز قوم پانی پر ہی سارا رمضان گزار کر دکھا دے گی؛ حتیٰ کہ اگلے سال تک شاید پانی کی بھی ضرورت نہ پڑے‘ کیونکہ کھانے کیلئے ہوا کافی ہوگی‘ بلکہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ فاقہ کشی کی وجہ سے ملک کی آبادی ہی نصف رہ جائے اور حکومت کیلئے مزید سہولت پیدا ہو جائے ‘جبکہ اللہ میاں اپنے نیک بندوں کے لیے سہولتیں پیدا کرتے ہی رہتے ہیں‘ اور یہ بھی ہو سکتا ہے؛ جب ہماری میعاد ختم ہو تو چند ہزار امیر لوگ ہی ملک میں باقی رہ جائیں اور انتخابات وغیرہ میں بھی کافی آسانیاں پیدا ہو جائیں‘اور اسے غربت مٹائو پروگرام کی کامیابی ہی کہا جائے گا‘ کیونکہ غریب ہی نہیں رہیں گے‘ تو غربت کہاں سے آئے گی۔ آپ اگلے روز سی ڈی اے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
شکر کریں تیل کی قیمت بارہ روپے نہیں بڑھائی: وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ''شکر کریں تیل کی قیمت بارہ روپے نہیں بڑھائی‘‘ اور یہ ہماری طرف سے قوم کو 6 روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔ قوم‘ اگر احسان فراموش نہیں‘ تو اسے صدیوں تک یادرکھے گی اور یہ ریلیف کافی عرصے سے واجب چلا آ رہا تھا‘ جسے ہم نے کر دکھایا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ہمارے کندھوں سے بہت سا بوجھ اتر گیا ہے اور امید ہے کہ ہم قوم کو آئندہ بھی اس طرح کے ریلیف دیتے رہیں گے اور ساری قوم کو اللہ کے حضور سر بسجود ہو کر اس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ‘جس نے آپ کی حکومت کو ایسا جرأت مندانہ اقدام اٹھانے کی توفیق دی‘ کیونکہ یہ اسی توفیق کے سہارے آج تک کامیابی سے چل بھی رہی ہے‘ جس میں سب سے زیادہ اور اہم کردار وزیراعظم صاحب کا ہے کہ یہ ساری توفیق روحانی قوتوں کے بل پر اُدھر سے ہی مرحمت ہو رہی ہے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
فضل الرحمن ہماری ٹریننگ میں آ جائیں تو ملک کیلئے بہتر ہوگا: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''فضل الرحمن ہماری ٹریننگ میں آ جائیں تو ملک کیلئے بہتر ہوگا‘‘ بلکہ سب سے زیادہ خود اُن کیلئے بہتر ہوگا ‘جو اپنے مسائل کے حل کیلئے در بدر ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ انہیں جعلی اکائونٹس کے فضائل کے بارے ابھی اتنی آگاہی نہیں‘ کیونکہ اگر پکڑے بھی گئے تو تفتیش میں کسی کے پلے ہی کچھ نہیں پڑے گا‘ بلکہ تفتیشیوں کا دماغ ہی الٹ جائے گا‘ کیونکہ ہزاروں اکائونٹس کی بھول بھلّیاں انہیں پاگل کرنے کیلئے ویسے ہی کافی ہوتی ہیں اور مقدمہ عدالت میں چلا بھی گیا تو سستے وکیل‘ مہنگے وکیلوں کا مقابلہ ہی نہیں کر سکیں گے اور سب دیکھتے رہ جائیں گے اور اس دوران سال‘ چھ مہینے اندر بھی رہنا پڑا تو کوئی بات نہیں ‘کیونکہ جاتے ہی بی کلاس مل جائے گی‘ جہاں کھانا بھی مفت ملے گا اور دیگر سہولیات بھی‘ جو عیاشیوں سے کسی صورت کم نہیں ہوتیں۔ آپ اگلے روز لاڑکانہ میں خطاب کر رہے تھے۔
شاہ محمود اور ترین کی لڑائی میڈیا پر نہیں آنی چاہئے تھی: ندیم افضل چن
تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ''شاہ محمود اور ترین کی لڑائی میڈیا پر نہیں آنی چاہئے تھی‘‘ اور یہ نہایت زیادتی کی بات ہے کہ پارٹی کے جملہ معاملات دیکھتے ہی دیکھتے میڈیا پر آ جاتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ میڈیا میں بھی ہمارے خلاف کوئی سازش پنپ رہی ہے‘ کیونکہ ملکِ عزیز میں کوئی کام سازش کے بغیر ہوتا ہی نہیں‘ جبکہ ہم سازش کے مرتکب ہوتے ہی نہیں ‘کیونکہ سازش کچھ کرنے کیلئے کی جاتی ہے اور ہم نے جب کچھ کرنا ہی نہیں‘ تو سازش کی ہمیں کیا ضرورت ہے کہ حکومت ایک آٹومیٹک مشین کے ذریعے اپنے آپ ہی چل رہی ہے‘ جبکہ بیکار بیٹھے مکھیاں مارنے کی بجائے؛ اگر وزراء کرام اسی طرح ایک دوسرے کے بارے میں ہلکی پھلکی موسیقی سے کام لیتے رہیں تو کیا برا ہے‘ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سارا کچھ میڈیا پر دکھا دیا جائے‘ یہ چغل خوری ہے اور اس سے اجتناب کرنا چاہئے آپ اگلے روز ایک ٹاک شو میں گفتگو کر رہے تھے۔
''نور نہایا رستہ‘‘
حمد و نعت‘ منقبت و سلام کے اس مجموعے کی تخلیق کی سعادت ممتاز شاعر اور ہمارے دوست جلیل عالی کو حاصل ہوئی ہے‘ جسے حرف اکادمی راولپنڈی نے چھاپا ہے۔ انتساب تمام زمانوں اور کُل جہانوں کے نام ہے۔ دیباچے میں امین راحت چغتائی اور محمد حمید شاہد کے قلم سے ہیں۔ پس سرورق پرویز ساحرؔ کی رائے بھی درج ہے۔ سرورق اسلم کمال کا تیار کردہ ہے۔ ایک نعت دیکھیے:
دنیا کیا تسخیرے مجھ کو
شوق تراؐ تعمیرے مجھ کو
تیرےؐ دھیان کے اپنے موسم
کیسے وقت اسیرے مجھ کو
تیرےؐ نگر کی سمت رواں ہوں
کنکر‘ پتھر‘ ہیرے مجھ کو
اک تاریک مکاں دل میرا
یاد تریؐ تنویرے مجھ کو
بُک بُک مَیل گناہوں والی
ذکر تراؐ تطہیرے مجھ کو
میں بے وصفا‘ میں بے ہنرا
نام تراؐ توقیرے مجھ کو
تیریؐ محبت بھید سجھائے
کیا کیا دھیرے دھیرے مجھ کو
آج کا مقطع
ظفرؔ گھر میں ہی خاک اڑانی پڑی
کریں کیا کہ صحرا بہت دُور ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں