"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

میں نجومی نہیں لیکن عمران جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں: نواز شریف
مستقل نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''میں کوئی نجومی نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں‘‘ کیونکہ اگر اتنی فنکاریوں اور احتیاطوں کے باوجود میں انجام کو پہنچ سکتا ہوں تو عمران خان جیسا نا تجربہ کار کیوں نہیںبلکہ یہ تو ابھی ابتدا ہے، ابھی اور بہت سے معاملات ہیں جن میں میرا ابھی انجام کو پہنچنا باقی ہے، حتیٰ کہ سارا ٹبّر ہی اپنے اپنے انجام کا منتظر ہے جبکہ ادھر زرداری فیملی بھی ایسی ہی صورت حال سے دو چار ہے اور مجھے تو آئندہ کوئی مزید ریلیف ملنے کی بھی امید نہیں ہے۔ کیونکہ ہسپتال جا کر بیمار پڑ جاتا ہوں اور واپس جیل میں آ کر اور بھلا چنگا ہو کر سیاست کرنے لگتا ہوں اور یہ ایک عجیب معاملہ ہے جو میری سمجھ میں بالکل نہیں آتا بلکہ جب سے مجھے نکالا گیا ہے کچھ بھی سمجھ میں نہیں آ رہا حالانکہ کافی سمجھدار واقع ہوا ہوں، ہیں جی؟ آپ اگلے روز جیل میں اپنے ملاقاتیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
میرے خلاف ریفرنس بنایا گیا تو اس کی دھجیاں بکھیر دوں گا: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''میرے خلاف ریفرنس بنایا گیا تو اس کی دھجیاں بکھیر دوں گا‘‘ اور امید ہے کہ حکومت میرے اس بیان کو کافی سمجھے گی اور ایسی کسی حرکت سے باز رہے گی کیونکہ ضرورت مند آدمی کچھ بھی کر سکتا ہے جبکہ میری اصل طاقت میری بے روزگاری ہے کیونکہ بھُوکا بٹیر زیادہ لڑتا ہے اور اگر حکومت لڑائی کی اس شدت سے بچنا چاہتی ہے تو اس بٹیر کے لیے خوراک کا کوئی بندوبست کرے تا کہ شکم سیر ہو کر ایک طرف پڑا رہے اور میں چونکہ دُور اندیش آدمی ہوں اس لیے جونہی کوئی موقعہ ملے میں ہفتے بھر کی خوراک احتیاطاً پیٹ میں ڈال لیتا ہوں کہ نجانے پھر کب ایسا موقعہ ملتا ہے، بصورت دیگر حکومت کو چاہئے کہ میری بکھیری ہوئی دھجیّاں سمیٹنے کی فکر کرے اور اگر مجھے پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا تو جیل کی بھی خیر نہیں ہوگی اور وہ بھی اپنی دھجیاں ڈھونڈتی پھرے گی۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اگر میرے خلاف کچھ ثابت ہو گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا: حمزہ شہباز 
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''اگر میرے خلاف کچھ ثابت ہو گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا‘‘ اور یہ بھی میری خاص مہربانی ہو گی کیونکہ کچھ ثابت ہونے کے بعد جو سزا ہوتی ہے اس کے نتیجے میں ویسے ہی نا اہل ہو جائوں گا جبکہ مقدمات بھی ایک سے بہت زیادہ ہیں اور ہر سزا میں علیحدہ علیحدہ نا اہلی بھی شامل ہوگی جو ظاہر ہے کہ عمر بھر کے لیے ہوگی جبکہ سزائوں کے حوالے سے بھی ہمارا مؤقف یہی ہوگا کہ بغیر ثبوت کے ہی سزا سنا دی گئی بلکہ ابھی سے والد صاحب اور میرے سمیت جملہ معززین کی طرف سے مذکورہ بیانات تیار کروا لیے گئے ہیں جن میں ان سارے معاملات کو انتقامی کارروائی ہی کہا جائے گا، تاہم باعثِ اطمینان بات یہ ہے کہ ایک عزیزہ جو وزیراعظم بننے کی امید لگائے بیٹھی ہیں وہ بھی اس سعادت میں برابر کی شریک ہوں گی کیونکہ جو نیا کمیشن بن رہا ہے اس میں ان کا کچا چٹھا بھی کھُل کر سامنے آ جائے گا۔ آپ اگلے روز پنجاب اسمبلی چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے‘‘ اور یہ ترقی رختِ سفر کے بغیر ہی اللہ کا نام لے کر چل پڑی ہے اور رستا بھی کافی دشوار گزار ہے اور اس دوران ڈاکہ وغیرہ بھی پڑ سکتا ہے اگرچہ اہل سفر کے پاس کھانے کو کچھ بھی نہیں ہوگا لیکن ڈاکوئوں کا وتیرہ یہ ہے کہ اگر فریق ثانی سے کچھ نہ ملے تو بیدردی سے زد و کوب بھی کرتے ہیں، اس لیے ترقی کے اس سفر کے بارے میں زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور اگر اس دوران عوام کی اکثریت بھُوک ، ننگ اور افلاس کے ہاتھوں اللہ کو پیاری ہو جاتی ہے اور حقیقی ترقی کا منہ دیکھنے کے لیے کوئی بچتا ہی نہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں جبکہ سب کچھ اللہ کے قبضۂ قدرت میں ہے اور جس کا سب سے بڑا ثبوت ہمارا اقتدار میں آنا ہے کہ قدرت کا اس سے بڑا شاہکار اور کیا ہو سکتا ہے کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پارلیمانی پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
ہے یہ کیا چیز؟ دلِ زار کی ایسی تیسی
یعنی اِس تیرے طرفدار کی ایسی تیسی
ہم اچانک ہی لپٹ جائیں جو آ کر کسی دن
تیرے نخرے، ترے انکار کی ایسی تیسی
جب بھی ہم چاہیں گے تعطیل منا سکتے ہیں
آپ اور آپ کے اتوار کی ایسی تیسی
راستا چاہیے، چلنا ہے، نکلنا ہے مجھے
ہے یہ دیوار تو دیوار کی ایسی تیسی
تیز چل سکتے نہیں ، دور بھی ہے شہر ترا
حوصلہ چاہئے، رفتار کی ایسی تیسی
اور بھی کام پڑے ہیں کئی کرنے والے
پیار تو ہے ہی مگر پیار کی ایسی تیسی
ہمیں لڑنا ہے بہر حال ہمیں لڑنا ہے
ہار بھی جائیں تو اس ہار کی ایسی تیسی
ہمیں لے جائیں گی اُس پار ہماری باتیں
ہے جو گفتار تو کردار کی ایسی تیسی
مال اپنا ہے، ظفرؔ ، مُفت میں بیچ آئیں گے
سردی و گرمیٔ بازار کی ایسی تیسی
آج کا مقطع:
لے چلو خطۂ اوکاڑہ میں مجھ کو کہ ظفرؔ
مرض ِ غم میں وہی خاک ہے اکسیر مجھے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں