کورونا کے نقصان سے نکلنے میں وقت لگے گا: حفیظ شیخ
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ''کورونا سے جو نقصان ہوا اس سے نکلنے میں وقت لگے گا‘‘ جیسا کہ ہماری ہر بات اور کام کے لیے لامتناہی وقت درکار ہے اور یہ وقت اس وقت تک لگتا رہے گا جب تک یہ اچھی طرح ہانپ نہیں جاتا، البتہ کراچی کے منصوبوں میں وقت نہیں لگے کیونکہ وہ شروع ہی نہیں ہو سکیں گے، کیونکہ نہ ہم پیسے ان کے حوالے کریں گے اور نہ یہ منصوبے شروع ہوں گے اور اس طرح ہمارا وقت بھی بچ جائے گا اور پیسہ بھی‘ جس کے بعد کراچی کا کوئی اور ہی بندوبست کرنا پڑے گا، جس سے کراچی اور صوبائی حکومت کے سارے بل نکل جائیں گے اور یہ سیدھے ہو جائیں گے۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ہر دو نمبر آدمی وزیر یا مشیر بنا ہوا ہے: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''ہر دو نمبر آدمی وزیر یا مشیر بنا ہوا ہے‘‘ کیونکہ اول نمبر صرف ہم اور ہمارے ساتھی ہیں کیونکہ انسان کو اس کے کام سے جانچا جاتا ہے اور ہمارا کام بھی اول نمبر ہی تھا جس کے نتائج بھی اول نمبر ہی نکلتے رہے ہیں اور اب اگر میرے کسی رشتہ دار کو بھی احتسابی اداروں نے طلب کر لیا تو اس سے ثابت ہوا کہ وہ بھی اول نمبر ہے جبکہ اب تو اول نمبر ہمارے قائد ہی ہیں اور باقی ہم سب کا کوئی نمبر نہیں ہے کیونکہ اصل اول نمبر کام انہی کا تھا یا میاں شہباز شریف کا، جبکہ ہم سب تو بس دال دلیا ہی کرتے رہے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ ساتھ دال ہم سب کی گلی ہوئی تھی جسے دلیا کرنا کوئی زیادہ مشکل نہیں تھا۔ آپ اگلے روز احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ن لیگ نیب میں بھیگی بلّی، باہر شیر بن جاتی ہے: شبلی فراز
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ ''ن لیگ والے نیب میں بھیگی بلّی، باہر آ کر شیر بن جاتے ہیں‘‘ اور اب تو بارشیں ختم ہو گئی ہیں، ان کے لیے بھیگی بلی بننا بھی آسان نہیں ہو گا بلکہ اب تو وہ بھیگے شیر بھی نہیں بن سکتے، صرف مریل سی آواز میں دھاڑ سکتے ہیں جبکہ ہم شیر نہ ہونے کے باوجود دن رات اپوزیشن پر دھاڑا کرتے ہیں کیونکہ ہمیں بہت سوچ سمجھ کر شیر بنایا گیا ہے؛ اگرچہ رفتہ رفتہ سارا جنگل ایک طرح سے بیزار ہی نظر آتا ہے اور ہر طرف لومڑیاں دندناتی پھرتی ہیں اور خال خال گیدڑ بھی نظر آتے ہیں جو بروقت اپنی گیدڑ سنگھی بچانے کی فکر میں رہتے ہیں جس کی ہمیں سخت ضرورت ہے اور اسی لیے گیدڑ ہمیشہ ہمارے نشانے پر رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
صوبے میں سیلابی صورتحال، وفاق فوراً مدد کرے: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ''صوبے میں سیلابی صورتحال ہے، وفاق فوراً مدد کرے‘‘ اگرچہ وفاق نے پہلے ہی مدد کا اعلان کیا ہے لیکن انہوں نے یہ کہا ہے کہ پیسے سندھ کے حوالے نہیں کریں گے تو اس صورت میں مدد کا فائدہ ہی کیا ہے اور زیادہ امکان یہی ہے کہ ہم اس منصوبے ہی سے الگ ہو جائیں ۔ اگر کراچی پر واقعی پیسہ لگانا ہوتا تو ہم کب کا لگا چکے ہوتے اور اگر کراچی پر لگاتے تو ہم خود کہاں جاتے؟ اس لیے وفاق کو خود ہی بتا دینا چاہیے کہ ہم کہاں جائیں، کراچی تو وہیں کا وہیں رہے گا۔ آپ اگلے روز سیلاب کا جائزہ لینے کے لیے سکھر اور گدو بیراج کا دورہ کر رہے تھے۔
پی آئی اے کو منظم بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: شاہ محمود
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''پی آئی اے کو منظم اور مستحکم بنانے کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں‘‘ اگرچہ جن معاملات میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں، ان کا کوئی خاص نتیجہ نہیں نکلا، اس لیے اب ہم نے سوچا ہے کہ اہم معاملات میں غیر اہم اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کا کوئی حل نکل سکے جبکہ ویسے تو ہر معاملے کا حل موجود ہوتا ہے لیکن وہ کہیں چھپا ہوا ہوتا ہے جسے باہر نکالنا انسانی بس کی بات ہی نہیں ہے، اس لیے جملہ حل طلب مسائل کے لیے ہم نے خدا سے امید لگا رکھی ہے جبکہ حکم بھی یہی ہے کہ بندے گھبرائیں نہیں اور یہی بات ہمارے لیڈر نے بھی زور دے کر کہہ رکھی ہے جس سے ان کی برگزیدگی روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ہماری فضائیہ دشمن پر ایک بلا کی طرح نازل ہوئی: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ہماری فضائیہ دشمن پر ایک بلا کی طرح نازل ہوئی‘‘ جس طرح ہم اپنے عوام پر نازل ہوئے تھے جس سے بچ کر وہ کہیں نہیں جا سکے تھے کیونکہ ہم نے انہیں سر اٹھانے کا موقع ہی نہیں دیا تھا اور اب تک وہ سنبھل ہی نہیں سکے حتیٰ کہ ہمارے بعد آنے والی حکومت بھی سنبھلنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے اور اب ہمارے اثاثے اس کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹک رہے ہیں لیکن وہ کچھ بھی کر نہیں پا رہی، وہ سب ہماری ہنر مندی کے مرہونِ منت تھا اگرچہ ہنر مندی کے لحاظ سے مخالف پارٹی والے ہم سے بہت آگے ہیں؛ تاہم نتیجہ دونوں کا انتہائی کامیابی کی صورت میں برآمد ہوا ہے اور اتنا یقینی ہے جتنا بھائی صاحب کا لندن سے واپس نہ آنا۔ آپ اگلے روز یوم جمہوریہ پر بیان دے رہے تھے۔
عوامی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے: بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار نے کہا ہے کہ ''عوامی خدمت کے سفر میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے‘‘ اور دونوں بڑی جماعتوں کے سٹائل کو پوری طرح بروئے کار لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ان سے بھی آگے نکل کر دکھا دیں گے کیونکہ ان کے طریقِ کار میں اگر کوئی کمی رہ گئی تھی تو اسے بھی پورا کر دیں گے کیونکہ جمہوریت میں خدمت کا یہی طریقہ کارآمد ثابت ہوا ہے جبکہ خلوص نیت سے جو کام بھی کیا جائے اس سے حاصل ہونے والی کامیابی کو کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ اگر انہیں کوئی روک نہیں سکا تو ہمیں روکنے والا کہاں سے آ جائے گا؟ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اب آخر میں رستم نامیؔ کے مجموعۂ کلام ''لہٰذا‘‘ سے یہ غزل:
قاصد نہ آوے ہے کوئی نامہ نہ آوے ہے
مدت ہوئی ہے کوئی دلاسا نہ آوے ہے
اس کی طرف سے تو کوئی لیت و لعل نہیں
لیکن ہمیں یہ عشق وغیرہ نہ آوے ہے
محوِ سفر تو ایک زمانے سے ہوں مگر
قابو میں اُس کے شہر کا رستا نہ آوے ہے
کوشش کیے بغیر سرِ میکدہ کہاں
بیٹھے بٹھائے ہاتھ میں پیمانہ آوے ہے
جانے کو اس گلی میں تو جاویں ہیں سارے لوگ
لیکن کسی کو لوٹ کے آنا نہ آوے ہے
وہ خود بھی چل کے آوے تو بن جاوے کوئی بات
ورنہ خیال اس کا تو روزانہ آوے ہے
نکلے ہوئے ہیں ڈھونڈنے جس دن سے ہم اُسے
کوئی پتا کہیں سے ہمارا نہ آوے ہے
ہم بھی تو اُس دیار کے آخر کو ہو لیے
جا کر جہاں سے کوئی دوبارہ نہ آوے ہے
جائوں گا خود ہی اس کو بلانے کے واسطے
پیاسے کے پاس چل کے تو دریا نہ آوے ہے
پیمانۂ نگاہِ ستم گر نہ ہو تو پھر
رستمؔ کسی شراب کا نشہ نہ آوے ہے
آج کا مطلع
غزل خالی خیال و خواب کا پیمانہ ہوتی ہے
تمہاری حاضری ہے اور یہ روزانہ ہوتی ہے