دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے‘‘ اگرچہ ہم سب فرداً فرداً اپنا کام پہلے ہی دکھا چکے ہیں جس کی دھومیں ساری دنیا میں مچی ہوئی ہیں اور مقدمات کی ایک الگ داستان ہے جسے ہم نے متفقہ طور پر انتقامی کارروائی کا نام دے رکھا ہے، تا کہ ہمیں بھی سہولت رہے اور دیکھنے، سننے والوں کو بھی اور اسی لیے مجھے شریف برادران کا سہولت کار بھی کہا جاتا ہے کیونکہ دوسروں کو ان کے کام میں سہولت فراہم کرنے سے بڑھ کر بھلائی کا کوئی اور کام نہیں ہو سکتا، بلکہ ہم تو سبھی ایک دوسرے کے سہولت کار ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کر رہے تھے۔
شیخ رشید کی کارکردگی سب سے بہتر ہے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''شیخ رشید کی کارکردگی سب سے بہتر ہے‘‘ کیونکہ وہ اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کا کام بڑی جانفشانی سے کر رہے ہیں اور یہی ان کا اصل کام بھی ہے کیونکہ ریل گاڑیاں تو اپنے آپ ہی چلتی رہتی ہیں اور انہوں نے اس طرف توجہ دے کر خصوصی فرض شناسی کا ثبوت دیا ہے اور جس کے لیے انہیں خاص طور پر علمِ نجوم بھی سیکھنا پڑا تا کہ اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاریوں کے بارے میں صحیح پیشگوئی کر سکیں جبکہ اس کارِ خیر کی خاطر وہ احتسابی عمل پر بھی نظر رکھتے ہیں تا کہ ان کی پیش گوئی میں کوئی فرق نہ رہ جائے، ہم بجا طور پر ان پر فخر کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز شیخ صاحب سے ان کی لکھی ہوئی کتاب وصول کر رہے تھے۔
عابد ملہی کو سائنسی طریقۂ تفتیش سے گرفتار کیا: آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ''عابد ملہی کو سائنسی طریقۂ تفتیش سے گرفتار کیا‘‘ اور اگر وہ خود گرفتار ہوا ہے یا گرفتاری اُس کے والد نے کرائی ہے‘ یا وہ اپنے دیگر اہلِ خانہ کی گرفتاری سے مجبور ہو گیا تھا تو یہ بھی سائنسی طریقۂ تفتیش ہی ہے، پولیس کا پرانا سائنسی طریقۂ تفتیش؛ البتہ اس کی گرفتاری میں دیر اس لیے ہو گئی کہ سائنس ہمارے ملک میں روبہ زوال ہے اور اگر یہ صورت حال جاری رہی تو ملزموں کی گرفتاری میں اسی طرح تاخیر ہوتی رہے گی، اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اس میں خصوصی دلچسپی لے کر سائنس کو جملہ نقائص سے پاک کریں اور ثوابِ دارین حاصل کریں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
مہنگائی کے سوا کوئی چیلنج درپیش نہیں: صداقت عباسی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ ''ہماری حکومت کو مہنگائی کے سوا کوئی چیلنج درپیش نہیں‘‘ اور وہ بھی کوئی خاص چیلنج نہیں ہے کیونکہ ہمارے عوام خاصے جفا کش واقع ہوئے ہیں اور مہنگائی جیسی چیزوں کو پرِکاہ کے برابر بھی اہمیت نہیں دیتے اور حکومت کی اس ہدایت پر صدقِ دل سے عمل کر رہے ہیں کہ روٹی کم کھائی جائے کیونکہ سارے مسائل کی اصل وجہ پیٹ ہی ہے جسے خالی رکھ کر ہی سزا دی جا سکتی ہے اور خالی پیٹ میں جو چوہے دوڑتے ہیں‘ ان کی وجہ سے بھی پیٹ ایک طرح سے بھرا بھرا رہتا ہے اور ان چوہوں کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ بلیوں کے نو سو چوہے پورے ہو چکے ہیں اور اب وہ حج کی تیاریوں میں مشغول ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل پر اظہار خیال کر رہے تھے۔
استعفوں پر کلیئر ہیں ، حکومت پہلے ہی ختم ہو جائے گی: بلاول
چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''پی پی استعفوں کے معاملے پر کلیئر ہے، حکومت پہلے ہی ختم ہو جائے گی‘‘ اس لیے استعفے دینے کی نوبت ہی نہیں آئے گی جبکہ ویسے بھی تحریک کے دوران حکومت نے ہم پر ہاتھ ہولا رکھنے کا عندیہ دے رکھا ہے جبکہ دیگر سب سیاسی پارٹیوں کے بھی حکومت کے ساتھ رابطے ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ ہماری طرح اُن کے ساتھ بھی ہاتھ ہولا رکھا جائے جبکہ تحریک ویسے بھی صرف عوام کی تسلی کے لیے ہے تا کہ کسی کا ووٹ بینک ضائع نہ ہو جائے؛ اگرچہ دوسرے بینک ان سب کو زیادہ عزیز ہیں جہاں ان کے اکائونٹ وغیرہ موجود ہیں، لیکن یہ ان کے پیش نظر رہنا چاہیے کہ ہم پر جو مصیبت آئی ہوئی ہے‘ وہ بینک اکائونٹس ہی کی وجہ سے ہے۔ آپ اگلے روز پارٹی آفس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
نواز شریف کی واپسی کیلئے رابطے جاری ہیں: بابر اعوان
وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کی واپسی کے لیے رابطے جاری ہیں‘‘ اگرچہ ان کا کوئی مثبت نتیجہ نکلنے والا نہیں ہے کیونکہ برطانوی حکومت اپنے دو شہریوں کے باپ کو ہمارے حوالے کرنے سے انکار کر رہی ہے؛ تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے ہم نے رابطے ضرور رکھے ہوئے ہیں تا کہ عوام یہ نہ کہیں کہ ہم نے اس ضمن میں کوئی کوشش نہیں کی کیونکہ کوئی کام ہو یا نہ ہو‘ ہم اس کے لیے رابطے ضرور رکھتے ہیں جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں بھی یاد رہتا ہے کہ فلاں کام کے لیے رابطے برقرار رکھنے ہیں جبکہ حکومت کا اصل کام ہے بھی یہی ورنہ کام اور مسائل تو اپنی قسمت سے حل ہوتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
شوکت علی کے لیے دعائے صحت یابی
ایک اخباری اطلاع کے مطابق معروف فوک گلوکار شوکت علی کو کراچی کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وہ جگر کے کینسر میں مبتلا ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ ان کے علاج میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے قارئین سے دعا کی اپیل ہے۔
اور‘ اب آخر میں ڈاکٹر نبیل احمد نبیلؔ کی غزل:
وقت بدلا نہ محبت کے ستارے بدلے
عشق کے کھیل میں کب اپنے خسارے بدلے
اس نے آنکھیں جو ذرا دیر کو پھیریں اپنی
رنگ سب روٹھ گئے اور نظارے بدلے
مدتوں بعد ملے ہو تو گماں ہوتا ہے
مشکل صورت نہیں، تم سارے کے سارے بدلے
ایک پل بھی نہ میسر ہوئی راحت ہم کو
ایک لمحہ نہ کبھی بخت ہمارے بدلے
موجِ دریا نے ذرا کوئی اُچھالا جو دیا
دیکھتے دیکھتے دریا کے کنارے بدلے
کون ہے، کس نے دکھائے ہیں سُہانے سپنے
چُن لیا کس کو بتائو یہ ہمارے بدلے
گردشِ وقت نے چھوڑا نہ کسی بھی صورت
ہم نے سو بار مگر سوچ کے دھارے بدلے
راستا یوں ہی نہیں چھوڑا جہاں والوں نے
زندگی ہار کے آیا ہوں تمہارے بدلے
اک ذرا گردشِ حالات نے کیا دستک دی
دیکھتے دیکھتے سب جان سے پیارے بدلے
پیش آئی جو زمانے کی ضرورت مجھ کو
میں نے آواز لگائی تھی کہ سارے بدلے
زندگی کس کے سہارے پہ گزاریں گے نبیلؔ
مہرباں بدلے، سبھی اپنے سہارے بدلے
آج کا مطلع
لہو کی سرسبز تیرگی ہے کہ رنگ اُڑتے لباس کا ہے
سمجھ میں آئے کہاں کہ منظر حواس کے آس پاس کا ہے