"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

شہباز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو ویسی خدمت بھی کرو:مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو ویسی خدمت بھی کرو‘‘ اور خدمت سے ہماری جو مراد ہوا کرتی ہے وہ دنیا بھر کو اچھی طرح سے معلوم ہے جس کے والد صاحب نے بھی انبار لگا رکھے ہیں اور جن کے مقولے کے مطابق 'تیز رفتار ترقی بھی خدمت کے بغیر ممکن نہیں‘ لیکن خدمت کے لیے جس مہارت اور ہنر مندی کی ضرورت ہے وہ اس حکومت کو چھو کر بھی نہیں گزری جبکہ اس بے حساب خدمت کے باوجود ضمانت نے شہباز شریف کو سرخرو کر دیا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
ہمارے گروپ میں پہلے سے زیادہ
لوگ شامل ہو رہے ہیں: راجہ ریاض
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ ''ہمارے گروپ میں پہلے سے زیادہ لوگ شامل ہو رہے ہیں‘‘ تا کہ حکمرانوں کو اچھی طرح یاد دلایا جا سکے کہ وہ جہانگیر ترین کی مدد سے ہی برسر اقتدار آئے تھے اور جو لاسکتا ہے وہ ہٹا بھی سکتا ہے، اس لیے اگر وہ اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں تو جہانگیر ترین کو انصاف مہیا کریں بلکہ ہم یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ کوئی ایسی پالیسی بنائی جائے جس کے تحت ہر ضرورت مند کو حکمران خود ہی انصاف سے مالا مال کر دیا کریں۔ آپ اگلے روز جہانگیر ترین کی ضمانت میں توسیع کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
احتساب کے ہر امتحان میں کامیاب ہوئے: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''احتساب اور امانت داری کے ہر امتحان میں کامیاب ہوئے‘‘ جبکہ جملہ وسائل اور قومی خزانہ ایک عرصے تک ہماری امانت میں رہے اور ہم اس امانت کو مزید محفوظ کرنے ہی میں مصروف رہے اور جتنی امانت ہم نے محفوظ کر ڈالی ہے اس کا ہمارے پاس تو کوئی حساب ہے ہی نہیں البتہ احتسابی ادارے اس کا تخمینہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے اس کی مقدار کا کچھ اندازہ ہمیں بھی ہو جائے گا حالانکہ وہ محض تکلف ہی کر رہے ہیں کیونکہ سب کو معلوم ہے کہ دنیا کا مال دنیا ہی میں رہ جائے گا اور دنیا چھوڑتے وقت سکندر اعظم کی طرح سب کے دونوں ہاتھ خالی ہوں گے۔ آپ اگلے روز شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر اظہارِ تشکر کر رہے تھے۔
سستی بجلی اور سبسڈیز کم کرانے کیلئے
تجاویز کی ضرورت ہے: شوکت ترین
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ''سستی بجلی اور سبسڈیز کم کرانے کے لیے تجاویز کی ضرورت ہے‘‘ اور امید ہے کہ یہ کام جلد از جلد کر لیا جائے گا کیونکہ خاکسار کا کام تجاویز تیار کرنا نہیں بلکہ ان پر عمل کرنا ہے اور اگر تجاویز اچھی نہ ہوئیں تو ان پر عمل کرنے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور دوبارہ تجاویز طلب کرنا پڑیں گی؛ تاہم حکومت اپنے طور پر بھی اس بات کا کھوج لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اچھی اور قابلِ عمل تجاویز کہاں سے دستیاب ہو سکتی ہیں کیونکہ اگر کہیں سے بنی بنائی تجاویز میسر آ جائیں تو ہمارے لیے بہت سہولت پیدا ہو جائے گی اور امید ہے کہ یہ ریڈی میڈ تجاویز کہیں نہ کہیں سے ضرور مل جائیں گی اور ہماری کوشش رائیگاں نہیں جائے گی۔ آپ اگلے روز اقتصادی مشاورتی کونسل اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
ناجائز منافع خوری ،ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے: بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''ناجائز منافع خوری کے نام پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘ کیونکہ اگر صبح و شام سڑکوں پر ڈاکا زنی ہوتی رہتی ہے تو اس کے لیے ناجائز منافع خوری کا نام استعمال کرنے کی کیا ضرورت ہے جبکہ ہر شعبے کو اپنے طور پر خود کفیل ہونا چاہیے کیونکہ اگر ڈاکے چوریاں نہ ہوں تو اتنی زیادہ پولیس رکھنے کی کیا ضرورت ہے اور ان سے ڈاکوئوں کا کام بھی چلتا رہتا ہے اور پولیس کے گلشن میں بھی کاروبار رواں دواں رہتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صوبائی وزراء محمد اجمل چیمہ اور خیال احمد کاسترو سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
کٹا تھا کہیں پھٹا تھا
دو خانوں میں بٹا تھا
پیچھے پڑنے کے لیے
کچھ آگے سے ہٹا تھا
لگ رہا تھا پہلا لیکن
پانچواں تھا یا چھٹا تھا
اسی کو ملا کچھ نہ کچھ
جو قطار سے کٹا تھا
گھٹتے گھٹتے بڑھ گیا
بڑھتے بڑھتے گھٹا تھا
ایک اکیلا تھا کوئی
اور وہی جھمگھٹا تھا
لگ رہا تھا خالی خالی
اپنے ہی سے اَٹا تھا
ساری طرفیں چھوڑ کر
سامنے آ کر ڈٹا تھا
مغل سا لگ رہا ظفرؔ
دیکھا تو مرہٹہ تھا
آج کا مقطع
ظفرؔ سرِ شام ہی اور آسماں جیسے ڈھک گیا تھا
کہ ہم پرندے تھے اور ہزاروں میں آ رہے تھے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں