"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور سید عامر سہیل

آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی حکومت
لانے کا فیصلہ ہو چکا: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی حکومت لانے کا فیصلہ ہو چکا‘‘ کیونکہ ہم تو اپنی حکومت لانے کی پوزیشن میں نہیں اور الیکشن چوری ہونے کی صورت میں ہماری حالت تو پتلی ہی رہے گی اس لیے جو بھی حکومت آئی اسے ہم کٹھ پتلی حکومت ہی کہیں گے اور جیسے ہم ملک کی حکومت کو برداشت کررہے ہیں، آزاد کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ بھی گزارہ کر لیں گے کیونکہ ہمیں اب ان کے ساتھ گزارہ کرنے کی عادت پڑ چکی ہے‘ اس لیے یہ ہمارے لیے کسی خاص پریشانی کا باعث نہیں ہوگا جبکہ پریشان ہونے کے بھی ہم عادی ہو چکے ہیں۔ آپ اگلے روز فارورڈ کہوٹہ میں جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔
کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تاخیر
برداشت نہیں کی جائے گی: یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ''کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی‘‘ اگرچہ ہر ترقیاتی منصوبہ میں تاخیر ایک روٹین بن چکی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اسے برداشت بھی کریں گے‘ اس لیے صاف کہے دیتے ہیں کہ ہم تاخیر برداشت نہیں کریں گے؛ا گرچہ سہج پکے سو میٹھا ہو کا محاورہ اپنی جگہ درست ہے۔ ہماری ساری جماعت نہایت عاجز و مسکین افراد پر مشتمل ہے اس لیے منصوبوں کو خود بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ تاخیر کا شکار نہ ہوں، پیشگی شکریہ! آپ اگلے روز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ کیئر کے ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔
نا اہل حکمرانوں کی عوام دشمنی واضح ہو چکی : احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور نواز لیگ کے اہم رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''نا اہل حکمرانوں کی عوام دشمنی واضح ہو چکی ‘‘ جو اب تک خاصی غیر واضح تھی اور یہ پتا نہیں چل رہا تھا کہ یہ عوام دوستی ہے یا عوام دشمنی، لیکن اب کافی غور و خوض اور اس کا باریک بینی کے ساتھ معائنہ کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ یہ تو صاف عوام دشمنی ہے جس سے عوام کو آگاہ کرنا بیحد ضروری ہے، اگرچہ اپنے جملہ اوصافِ حمیدہ کی وجہ سے عوام ہماری بات کا کچھ زیادہ اعتبار نہیں کرتے کیونکہ ہمارے دور کی عوام دشمنی اور اس میں زمین و آسمان کا فرق ہے اور اسے وہ عوام دشمنی سمجھتے ہی نہیں؛ تاہم جوں توں کر کے ہم انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز ڈھلی میں رانا محمد عظیم ایڈووکیٹ کے ڈیرے پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔
کشمیر کی آزادی تحریک انصاف
کے دور میں ہوگی: نور الحق قادری
وفاقی وزیر نور الحق نے کہا ہے کہ ''کشمیر کی آزادی تحریک انصاف کے دور میں ہوگی‘‘ اور چونکہ یہ ایک طویل المدتی معاملہ ہے اس لیے یہ لازمی ہو گیا ہے کہ کشمیر کے آزاد ہونے تک تحریک انصاف کو خدمت کا موقع دیا جائے تا کہ وہ اس فریضے سے سبکدوش ہو سکے اور میری یہ پیش گوئی بھی پوری ہو جائے، اگرچہ پیش گوئیاں کرنے کا کام شیخ رشید صاحب نے سنبھال رکھا ہے، لیکن وفاقی وزیر ہونے کی حیثیت سے میرے جذبات کا بھی خیال رکھا جانا ضروری ہے؛جبکہ ارکان کابینہ میں سب کے حقوق ایک ہی جیسے ہیں، اس لیے بھی مجھے اس کی سعادت بخشی جائے۔ آپ اگلے روز جموں و کشمیر علما ء و مشائخ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی نظمیں
محبت کی حمد
کہاں کا بچپنا ہے
تم نہیں ملتیں تو نبضیں کاٹتے ہیں
ڈگمگاتے پیر انگاروں پہ چلتے ہیں
دھڑکتی ریل کی پٹڑی کو
اپنا دل سمجھتے ہیں
تمہاری یاد آ جائے تو سجدہ۔۔۔۔
کیا کریں سجدہ
تمہیں پتھر کی جیتی جاگتی اک سل سمجھتے ہیں
یہ وہ آنسو جو سینہ توڑ کر بہتے ہیں
(بہتے ہیں)
ہم اس کارِ محبت کا یہی حاصل سمجھتے ہیں
آسیہ اندرابی کی حمد
کہیں میرواعظ
کسی جیل میں آسیہ اندرابی
جدائی کی لابی/ شفق پنبہ پنبہ
کہو کیا ہوا داستانوں کا چنبہ
امانت پہ لگنے لگیں زیر زبریں
وریدوں میں چلتے ہوئے خون کی
اجتماعی ہیں قبریں
آج کا مطلع
تجھ کو میری نہ مجھے تیری خبر جائے گی
عید اب کے بھی دبے پائوں گزر جائے گی

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں