"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور پشاور سے محمد اسحاق وردگ

گوادر کے عوام کی بات سنی جائے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''گوادر کے عوام کی بات سنی جائے‘‘ لیکن یہاں ہماری بات کوئی نہیں سنتا، حالانکہ والد صاحب نے باقاعدہ سجدۂ سہو بھی کر لیا ہے اور میرے بیانات میں بھی نرمی کا نوٹس لیا جانا چاہیے لیکن مقدمات بھی جوں کے توں ہیں اور والد صاحب کو بھی کوئی واضح گرین سگنل نہیں مل رہا اور جس کا مطلب ہے کہ ہمارے لیے معافی تلافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے؛ حالانکہ ہمیں اس کے متعدد اشارے بھی ملے تھے جن پر ہم نے اپنی سادگیٔ طبع کی وجہ سے اعتبار کر لیا اور اب ایسا لگتا ہے کہ ہم ادھر کے رہے ہیں، نہ اُدھر کے۔ آپ اگلے روز کوئٹہ سے ٹویٹر پر اپنا بیان جاری کر رہی تھیں۔
بہکنے والے پاکستانی گروپوں کو
موقع دینا چاہیے: فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''بہکنے والے پاکستانی گروپوں کو موقع دینا چاہیے‘‘ جیسا کہ ہم اپنے گروپ کے بہکنے والے ارکان و افراد کو موقع دے رہے ہیں اور جس کے اچھے نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں جن میں سب سے اہم ترین گروپ تھا جو موقع ملنے پر برف میں لگ گیا؛ اگرچہ ان کا بہکنا ایک حد تک جائز بھی تھا؛ تاہم زیادہ نقصان ہمیں بہکنے والے وہ حضرات پہنچا رہے ہیں جو اندر سے تو ہوش مند ہیں لیکن اپنا کام نکالنے کے لیے بہکی بہکی باتیں کرتے رہتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنا الو بھی سیدھا کیے جاتے ہیں، خدا انہیں نیک ہدایت دے، آمین! آپ اگلے روز پنڈدادن خان میں شجر کاری مہم کا افتتاح کر رہے تھے۔
ملکی ترقی کے لیے نون لیگ کو دوبارہ
اقتدار میں لانا ہوگا: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''ملکی ترقی کے لیے نون لیگ کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہوگا‘‘ کیونکہ وہ تیز رفتار ترقی لوگوں کو اب تک یاد ہے جو بقول کسے‘ کرپشن کے ساتھ ہی ہو سکتی تھی کیونکہ سست رفتار ترقی میں کرپشن بھی سست رفتار ہوا کرتی ہے لیکن ہماری صورتِ حال یہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے دورے کے موقع پر کوئی بھی اہم عہدیدار الوداع کہنے کے لیے موجود نہیں تھا اور ہمیں اس بکرے ہی پر گزارہ کرنا پڑ گیا جس کا صدقہ دے کر ہم گھر سے نکلے تھے اور یہ ساری شرارت پارٹی کے دوسرے دھڑے کی لگتی ہے۔ آپ اگلے روز بریگیڈیئر (ر) قیصر علی کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم کی کامیابیوں نے اپوزیشن
کی نیندیں اڑا دیں: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں نے اپوزیشن کی نیندیں اڑا دیں‘‘ اور اب صورت حال یہ ہے کہ جہاں حکومت کی کامیابیوں نے اپوزیشن کی نیندیں اڑا دی ہیں، وہیں اپوزیشن نے اپنی کارگزاریوں سے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں اور دونوں فریق جہاں رات کو تارے گنتے ہیں‘ وہاں انہیں دن میں بھی تارے نظر آتے ہیں، اور خواب بھی دونوں جاگتے میں ہی دیکھتے ہیں اور جاگ جاگ کر دونوں کا برا حال ہو چکا ہے اور کوئی تعجب نہیں کہ دونوں اسی عالم میں اپنی اپنی مدت پوری کریں۔ آپ اگلے روز لاہور میں مختلف ارکانِ اسمبلی سے ملاقات کررہے تھے۔
بیڈ گورننس سے عوام کو تکلیف دی گئی: ملک احمد خان
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے ترجمان اور مسلم لیگی رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ''بیڈ گورننس سے عوام کو تکلیف دی گئی‘‘ جبکہ عوام کو تکلیف گڈ گورننس سے بھی دی جا سکتی ہے اور ہم نے عوام کو جو تکلیف دی وہ گڈ گورننس ہی کے ذریعے دی جس سے وہ اب تک کراہ رہے ہیں کیونکہ یہ بہت زیادتی ہے کہ آپ عوام کو تکلیف بھی دیں اور وہ بھی بیڈ گورننس کے ذریعے جبکہ ہماری گورننس سراسر ایک ہی نکتے پر مرکوز تھی اور گڈ اس لیے تھی کہ اس سے حسب توقع نتائج بھی برآمد ہو رہے تھے اور جس کی رونقیں ملک کے اندر اور باہر جا بجا نظر بھی آ رہی ہیں۔ آپ اگلے روز حمزہ شہباز کی جنوبی پنجاب روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں پشاور سے محمد اسحاق وردگ کی غزل:
خواب جیسے مر گیا تھا خواب میں
رات میں پھر ڈر گیا تھا خواب میں
جاگنے کے بعد بالکل ٹھیک تھا
زخم دل کا بھر گیا تھا خواب میں
بند کھڑکی بھی بہت حیران ہے
کس طرف منظر گیا تھا خواب میں
صبح نے لوٹا دی مجھ کو زندگی
تیغِ شب سے مر گیا تھا خواب میں
بھول بیٹھا تھا وظیفہ، اس لیے
رات خود سے ڈر گیا تھا خواب میں
جاگنے پر خوش بھی ہوں نادم بھی ہوں
میرا دشمن مر گیا تھا خواب میں
آسماں کے راز پانے کے لیے
جسم سے چھپ کر گیا تھا خواب میں
آج کا مطلع
دروازہ بھی کھولے گا پذیرائی بھی ہو گی
لازم نہیں یہ بات کہ شنوائی بھی ہو گی

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں