"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں، متن اور سید عامر سہیل

اپنی فتح کا اعلان کر رہے ہیں: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''اپنی فتح کا اعلان کر رہے ہیں‘‘ اس لیے اب نہ تحریک عدم اعتماد لانے کی ضرورت ہے نہ جلسوں کی؛ اگرچہ ہم فتح یاب تو شروع سے چلے آ رہے ہیں لیکن اس کا حتمی اعلان باقی تھا جو اب کر رہے ہیں اور جہاں تک وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا تعلق ہے وہ پہلے ہی حکومتی کاموں سے فارغ ہو کر گھر چلے جایا کرتے ہیں اور معزز ارکانِ قومی اسمبلی کو ان کے معاشی مسائل کے حل کرنے کے لیے جو خدمات پیش کی جا چکی ہے‘ انہیں چاہیے کہ چونکہ ان کی ضرورت ہی نہیں پڑی‘ اس لیے وہ یہ جملہ خدمت طوعاً و کرہاً واپس کر دیں، خدا کسی اور طرح سے ان کی مدد فرما دے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
پی ڈی ایم اور حکومت‘ دونوں چوروں
کے ٹولے ہیں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''پی ڈی ایم اور حکومت دونوں چوروں کے ٹولے ہیں‘‘ اور اسی لیے ہم پی ڈی ایم میں شامل نہیں ہوئے تھے اور نہ ہی حکومت میں جبکہ حکومت میں شامل ہونے کی تو کسی نے دعوت بھی نہیں دی تھی حالانکہ اس وقت یہ نہیں کہا جا سکتا تھا کہ حکومت کے ساتھ بھی کوئی چوروں کا ٹولہ موجود ہے جبکہ حکومت اس ٹولے کو اب تک باہر نہیں نکال سکی جبکہ پی ڈی ایم اگر انہیں نکالے تو باقی صرف طلبہ ہی بچتے ہیں جبکہ ہمارے درمیان کوئی بھی ایسا نہیں ہے کیونکہ بدقسمتی سے ہمیں یہ ہنر آتا ہی نہیں ورنہ کچھ دال دلیا ہم بھی کر چکے ہوتے۔ آپ اگلے روز ریسٹ ہاؤس گراؤنڈ تیمرگرہ میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان جا رہا، نواز شریف آ رہا ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''عمران خان جا رہا، نواز شریف آ رہا ہے‘‘ کیونکہ اگر وہ عمران خان کے ہوتے ہوئے آئے تو سیدھے سرکاری مہمان بنیں گے جبکہ جیل شریف آدمیوں کے لیے نہیں ہوتی اور کھانا بھی‘ جو ان کا محبوب مشغلہ ہے‘ جیل میں کہاں اچھا دستیاب ہے، اور اگر یہ حکومت نہ گئی تو انہیں مزید انتظار کرنا پڑے گا ‘ جو وہ پہلے بھی کر رہے ہیں اور کب سے اس کے جانے اور وطن لوٹ آنے کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔
وزیراعظم نے مخالفین کو چاروں شانے
چت کر دیا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم عمران خان نے مخالفین کو چاروں شانے چت کر دیا‘‘ اور میں ابھی تک حیران ہوں کہ آدمی کے شانے تو دو ہوتے ہیں‘ انہیں چاروں شانے کیسے چت کر دیا گیا؟ ضرور ان کے پاس کوئی ایسی طاقت ہو گی جس کے بل پر وہ ایسا کر سکے، نیز یہ وہ سرپرائز بھی ہو سکتا جسے دینے کا انہوں نے قوم سے وعدہ کر رکھا تھا اور شاید ان کے ترپ کا پتا بھی یہی تھا جو انہوں نے اس طرح دکھا دیا اور امید ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں اور منحرفین کو بھی اسی طرح چاروں شانے چت کر دیں گے، اور اگر اس دوران حکومت چلی بھی گئی تو کوئی بات نہیں کہ کھیل میں ایسا ہو جاتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
ایک ہفتے بعد حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا: خرم دستگیر
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ''ایک ہفتے بعد حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا‘‘ لیکن میں حیران ہوں کہ پی ڈی ا یم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہہ دیا ہے کہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم فتح یاب ہو گئے ہیں‘ نہیں معلوم انہوں نے یہ باتیں کرنا کیوں شروع کردی ہیں جبکہ ہم تو کامیابی کے بعد انہیں صدر بنانے کی سوچ رہے تھے لیکن انہوں نے ساری تحریک پر پانی ڈال دیا ہے‘ اس لیے ہمیں ان کے بارے میں شاید اب نظرثانی کرنی پڑے گی۔ آپ اگلے روز گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
کافی؍ صوفیانہ
مکھ مشکوٰۃ دا سِدّھا پاسا، مکھ اشلوک دا تول
بول صغیرا بول
مکھ تکڑی دے تول توں سُچا، لعل جیویں انمول
بول صغیرا بول
یا نانک دا گھجواں ہاسا، سُکھ صوفی دے کول
بول صغیرا بول
یا فلکاں دی نیلی چادر یا مٹی دا ہول
بول صغیرا بول
یا گلیاں وچ نسدیاں کُڑیاں یا دھرتی دا جھول
بول صغیرا بول
یا رب آپ مسیتے وڑیا یا ہر شئے کشکول
بول صغیرا بول
یا میں کفر صفاں چوں کڈھاں یا سچ دیواں رول
بول صغیرا بول
یا دھوناں دے مُہرے روون یا نیفے پستول
بول صغیرا بول
پنڈا اکلاپے دا ڈنگیا، ڈول حیاتی ڈول
بول صغیرا بول
دین دھرم دُرگا دا ویہڑا، دین دھرم ترشول
بول صغیرا بول
بندو خاں دا ورلا ہاسا، چُپ دے خالی خول
بول صغیرا بول
ہر ہر کالک چٹی کر دے، دھرتی تے ہس بول
بول صغیرا بول
بزماں، نظماں نوں کھمب لا دے، مالک سینہ کھول
بول صغیرا بول
آج کا مطلع
یہ زمین آسمان کا ممکن
نہیں سارے جہان کا ممکن

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں