"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن ، قمر رضا شہزاد اور کاشف مجید

جن کی عزت لازم ہے وہ سوالیہ
نشان بن رہے ہیں: شیخ رشید
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''جن کی عزت لازم ہے وہ سوالیہ نشان بن رہے ہیں‘‘ حالانکہ ہم ان کی عزت افزائی کے لیے مقدور بھر کوششیں کرتے رہتے ہیں جن کا ظاہر طورپر غلط مطلب لیا جاتا ہے اور ملک عزیز میں یہ ایک عجیب روایت رواج پا گئی ہے کہ ہر چیز کا الٹا اور غلط مطلب لیا جانے لگاہے، حالانکہ یہ زندہ قوموں کو زیب نہیں دیتا، اس لیے قوم کی زندگی بھی مشکوک ہو کر رہ گئی ہے؛ تاہم اگر یہ زندہ ہے بھی ‘تو مد ہوش ہے ۔آپ اگلے روز اسلام آباد سے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں: رانا تنویر
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ '' قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں‘‘ کیونکہ ہم اتنے سادہ نہیں کہ خدا خدا کر کے‘ اتنے حیلوں کے بعد اگر حکومت کرنے کا موقع ملا ہے تو ہم قبل از وقت انتخابات میں ضائع کردیں اس لیے جتنی مدت بھی دستیاب ہے‘ ہم مقدور بھر خدمت ضرور کریں گے بلکہ جہاں سے یہ کام ختم ہوا تھا‘ وہیں سے پھر شروع کرنے کی کوشش کریں گے؛ اگرچہ ملک کی مالی حالت ایسی نہیں ہے کہ مطلوبہ خدمت کی جاسکے؛ تاہم ہم اپنی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے کچھ نہ کچھ دال دلیا ضرور کریں گے۔ آپ گلے روز مبارکباد دینے والوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
ہر شہری کوانتخابات میں ووٹ کا حق
استعمال کرناچاہئے : ریما
معروف اور سینئر اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ '' ہر شہری کو انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہئے‘‘ اگرچہ یہ ایک سیاسی بیان ہے اور ایسے بیانات دینا سیاست دانوں ہی کا کام ہے لیکن اگر بعض دوسری اداکارائیں ایسا کر رہی ہیں تو میں کسی سے پیچھے کیوں رہوں بلکہ مجھے تو سب سے آگے ہونا چاہئے کیونکہ مجھ سے کئی ووٹرز نے کہا ہے کہ وہ ووٹ دینا نہیں چاہتے لیکن میں نے انہیں سمجھایا ہے کہ یہ بات قومی مفاد میں ہے کہ ووٹ کا حق استعمال کیا جائے اور یہ کافی خوش آئند ہے کہ ہم اداکارائیں بھی قومی مفادات کا خیال رکھنے لگی ہیں‘ ویسے بھی اگر کئی سیاستدان اداکاری کرسکتے ہیں تو ہم سیاست کیوں نہیں کرسکتیں؟ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جائے تب بھی حمزہ شہباز
حلف اٹھائیں گے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جائے تب بھی حمزہ شہباز حلف اٹھائیں گے‘‘ تاہم حلف اٹھائے بغیر بھی ان کا کام معمول کے مطابق چل رہا ہے جبکہ ویسے بھی وہ کافی ہلکا پھلکا محسوس کر رہے ہیں کیونکہ حلف کافی بھاری ہے جو الیکشن والے دن ہونے والے واقعات سے مزید بھاری ہوگیا ہے اور اسی وجہ سے کسی میں ان سے حلف لینے کی ہمت پیدا نہیں ہو رہی حتیٰ کہ اس کی وجہ سے گورنر صاحب نے بھی معذرت کر لی ہے‘ کچھ پتا نہیں کہ یہ حلف ابھی اور کیا کیا دکھائے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
عمران خان سیاست بچانے کیلئے آئین و
قانون سے کھیل رہے ہیں: احسن اقبال
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''عمران خان سیاست بچانے کیلئے آئین و قانون سے کھیل رہے ہیں‘‘ حالانکہ سیاست کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے بچایاجائے کیونکہ یہ تو اچھے بھلے آدمی کو خود پھنساتی اور مقدمات میں ملوث کرتی ہے‘ جیسا کہ ہم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں ہے جو کسی نہ کسی مقدمے میں پھنسا ہوا نہ ہو‘ اس لیے عمران خان کو چاہئے کہ جتنی جلدی ہو سکے سیاست کا یہ پھندہ اپنی گردن سے اتار پھینکیں جبکہ ویسے بھی ان کی خاطر تواضع کیلئے متعدد پروگرام تیار کیے جارہے ہیں تا کہ وہ سیاست سے توبہ تائب ہوجائیں اور ہمیں پریشان کرنا چھوڑ دیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور اب کچھ شعرو شاعری ہوجائے:
تمام شہر مری جان کو ہے آیا ہوا
مجھے تو ایک محبت نے ہے بچایا ہوا
فلک کے پار مرا خاندان‘ میرا مکان
میں اس زمین پہ آیا ہوں ورغلایا ہوا
میں اک شکست ہوں اور حوصلے سے جھیلی ہوئی
میں ایک زخم ہوں اور سامنے سے آیا ہوا
بہت سے لوگ رہے سچ پہ گامزن شہزادؔ
مجھے ملا ہے یہ رستہ بنا بنایا ہوا
(قمر رضا شہزاد)
خمار ٹھیک نہیں انتظار ٹھیک نہیں
میں دل سے کہتا ہوں یہ کاروبار ٹھیک نہیں
کوئی تو ہو جو بدن کو بھی معتبر جانے
ہمارا روحوں پہ دار و مدار ٹھیک نہیں
یہ چھوٹے لوگ ہیں اور چھوٹے رہنا چاہتے ہیں
بڑوں کا ذکر یہاں بار بار ٹھیک نہیں
یہ تیرا چہرہ نہیں ہے‘ یہ میرا چہرہ ہے
یہاں خزاں ہی جچے گی بہار ٹھیک نہیں
دیے جلانے سے پہلے‘ دیے جلانے کے بعد
غرور ٹھیک نہیں انکسار ٹھیک نہیں
(کاشف مجید )
آج کا مطلع
ملا تو منزلِ جاں میں اتارنے نہ دیا
وہ کھو گیا تو کسی نے پکارنے نہ دیا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں