"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے مسعود احمد

میرے پاکستان پہنچتے ہی
ڈالر دس روپے گر گیا: اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ''میرے پاکستان پہنچتے ہی ڈالر دس روپے گر گیا‘‘ بلکہ یہ تو لندن میں میری واپسی کی اطلاع پر ہی منہ کے بل گر گیا تھا کیونکہ اگر اسے مارکیٹ میں اچھی طرح سے غائب نہ کر دیا جائے تو یہ اپنے پائوں پر کھڑا رہ ہی نہیں سکتا جبکہ میرے سابقہ دور میں بھی ڈالر کو کچھ دنوں کے لیے گرانے کی خاطر یہی کچھ کیا جاتا تھا اور اگر اس عمل میں اضافہ کیا جائے تو یہ اور بھی گر سکتا ہے جبکہ میرے پیش رو ایک سیدھے سادے وزیر تھے اور ایسی ہنرمندی دکھانا ہر آدمی کے بس کی بات بھی نہیں ہوتی اور امید ہے کہ میری واپسی سے عوام اچھی طرح سے آگاہ بلکہ خبردار بھی ہو چکے ہوں گے۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔
میرے خلاف کچھ نہیں نکلتا تو
لال حویلی نکل آتی ہے: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''میرے خلاف کچھ نہیں نکلتا تو لال حویلی نکل آتی ہے‘‘ حالانکہ اگر غوروخوض کے بعد کوشش کی جائے تو بہت کچھ نکالا جا سکتا ہے اور اگر حکومت کو اس حویلی کے لال ہونے پر اعتراض ہے تو اس کا رنگ تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ پینٹ کا خرچہ حکومت برداشت کرے بلکہ بہتر ہوگا کہ حکومت رنگ کا بھی بتا دے کہ حویلی کے لیے اسے کون سا رنگ پسند ہے تاکہ اس کی پسند کی روشنی میں یہ تبدیلی عمل میں لائی جا سکے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کر رہے تھے۔
تمام شعبوں میں امریکی تعاون
قابلِ قدر ہے: گورنر پنجاب
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ''تمام شعبوں میں امریکی تعاون قابلِ قدر ہے‘‘ خاص طور پر حکومت سازی میں تعاون کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، حالت یہ ہو چکی تھی کہ پی ڈی ایم مکمل مایوسی کا شکار ہو چکی تھی اور وزارتِ عظمیٰ کی مسند کو حسرت سے دیکھا کرتی تھی بلکہ بیشتر افراد تو اپنے مقدمات بھگت رہے تھے اور انہیں زیادہ ادھر اُدھر دیکھنے کی فرصت بھی نہیں تھی اور نہ ہی خاکسار کے گورنر بننے کا دور دور تک کوئی امکان تھا جبکہ پی ٹی آئی والے اگلے پانچ سال کا کہہ کہہ کر بھی ڈرا رہے تھے اور اب اُن کے اپنے بیان ہی ان کے لیے ڈرائونے خواب بن چکے ہیں جبکہ ''بیگرز کانٹ بی چوزرز‘‘ کہہ کر تو حکومت نے قصہ ہی ختم کر دیا اور پچھلوں نے امریکہ کو آنکھیں دکھانے کا مزہ بھی چکھ لیا ہے یعنی جیسا بوئو گے ویسا ہی کاٹو گے۔ آپ اگلے روز قونصل جنرل کی موجودگی میں امریکی سفیر سے ملاقات کر رہے تھے۔
عالیہ بھٹ کا شوہر ہونا آسان نہیں ہے: رنبیر کپور
بالی وڈ سپر سٹار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ ''عالیہ بھٹ کا شوہر ہونا آسان نہیں ہے‘‘ کیونکہ جب یہ بولنے پر آتی ہے توجتنے بھی لوگ ہوں‘ سب کو خاموش کرا دیتی ہے اور یہ بلاتکان بولے چلے جاتی ہے اور حالت یہ ہو جاتی ہے کہ آخر پر اس کا سر کہیں ہوتا ہے اور ٹانگیں کہیں اور مجھے بار بار اسے اکٹھا کرنا پڑتا ہے اور سارا وقت اسی مشق میں گزر جاتا ہے چنانچہ اب میں نے چپ کا روزہ رکھنے اور ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دینے کا فیصلہ کیا ہے، اگرچہ کر میں پہلے بھی یہی رہا تھا جبکہ ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ عالیہ بھٹ کے علاوہ کسی بھی خاتون کا شوہر ہونا میرے لیے آسان نہ ہوتا اور اب مجھے احساس ہو رہا ہے کہ میں نے شادی کرکے کتنی بڑی غلطی کی ہے۔ آپ اگلے روز ممبئی میں اپنے کچھ دوستوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
ناک کی سرجری کے بعد لوگوں نے مجھے
پلاسٹک چوپڑا کہنا شروع کر دیا: پریانکا چوپڑا
بالی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ ''ناک کی سرجری کے بعد لوگوں نے مجھے پلاسٹک چوپڑا کہنا شروع کر دیا‘‘ اور میرا شوہر بھی اکثر اوقات مجھے پہنچاننے میں غلطی کر جاتا ہے بلکہ مجھے کوئی اور خاتون سمجھ کر زیادہ خوش ہوتا ہے حالانکہ سرجری کے بعد صرف میری ناک تبدیل ہوئی ہے جس سے واقعی میری ناک میں دم آ گیا ہے جبکہ شوہر کی سہولت کے لیے میں ہر وقت ماتھے پر اپنے نام کی چٹ لگائے رکھتی ہوں تاکہ مجھے دیکھ کر زیادہ افسردہ نہ ہو، نیز ناک اس قدر تبدیل ہو گئی ہے کہ میں اس سے لکیریں بھی نہیں نکال سکتی، نہ ہی اسے رگڑ سکتی ہوں۔ آپ اگلے روز اپنی بائیوگرافی کے ایک باب پر تبصرہ کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی غزل :
سورج کی روشنی میں اندھیرا کمال ہے
ہم پھر بھی کہہ رہے ہیں سویرا کمال ہے
آیا ہوں پھر وہیں پہ صفیں چیرتا ہوا
دشمن کا اردگرد یہ گھیرا کمال ہے
قسمت کی یاوری سے ستارے بھی مل گئے
تیرا کمال ہے نہ یہ میرا کمال ہے
دن رات دیکھتے ہیں ترے انصرام کو
اندھے کے ہاتھ میں یہ بٹیرا کمال ہے
تو جس طرف تھا وہ بھی اسی سمت چل پڑی
ویسے ہوا نے رخ بھی تو پھیرا کمال ہے
دیکھے ہیں تو نے اور بھی ڈیرے بڑے بڑے
لیکن ہماری ڈانگ پہ ڈیرہ کمال ہے
سو بار لٹ لٹا کے بھی دل کو خوشی ملی
مسعودؔ کیا کہیں وہ لٹیرا کمال ہے
آج کا مطلع
طلسم ہوشربا میں پتنگ اڑتی ہے
کسی عقب کی ہوا میں پتنگ اڑتی ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں