"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن ، تاب دان اور سدرہ سحر عمران

اسحاق ڈار تجربہ کار انسان
ہیں: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''اسحاق ڈار تجربہ کار انسان ہیں‘‘ جبکہ ہم بھی کافی تجربہ کار ہیں اور ہمارے تجربے آپس میں ملتے جلتے بھی بہت ہیں، نیز اسحاق ڈار کو بس ایک ہی کام آتا ہے جبکہ ہمارے پاس کاموں کی ورائٹی اس قدر ہے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے جبکہ ڈھونڈنے والے تو سر کھپاتے کھپاتے اپنے حواس ہی کھو بیٹھے تھے جبکہ ہماری ورائٹی سے متاثر ہو کر ملک کے بہت سے لوگوں نے سارے کام چھوڑ کر پاپڑ اور فالودہ فروشی شروع کر دی تھی تاکہ ان کی قسمت کا تالا بھی کھل جائے بلکہ بے شمار لوگ مفت میں ڈرائیور اور چپراسی بننے پر بھی تیار ہو گئے تھے۔ آپ اگلے روز عالمی رہنمائوں سے گفتگو کا احوال بتا رہے تھے۔
عام انتخابات معاشی مسائل
کا حل نہیں: چودھری شجاعت
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ''عام انتخابات معاشی مسائل کا حل نہیں‘‘ بلکہ ان سے مسائل میں اضافہ ہو گا اس لیے بہتر ہے کہ انتخابات سے ہمیشہ کے لیے توبہ کر لی جائے جبکہ ڈار صاحب کی واپسی سے معاشی مسائل ویسے ہی حل ہو جائیں گے کیونکہ جو مسائل پیدا کر سکتا ہے‘ انہیں کامیابی سے حل بھی وہی کر سکتا ہے بلکہ وہ کچھ دیگر مسائل بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے جن کی خاطر انہیں واپس لایا گیا ہے جبکہ احتسابی قوانین میں ترمیم کر کے کچھ مسائل تو پہلے ہی حل ہو چکے ہیں یعنی ہمتِ مرداں مددِ خدا۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
عمران خان کو قوم کا مزید نقصان
نہیں کرنے دیں گے: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو قوم کا مزید نقصان نہیں کرنے دیں گے‘‘ کیونکہ اول تو پہلے ہی کافی زیادہ نقصان ہو چکا ہے، نیز اگر سارا نقصان وہ خود ہی کر گئے تو ہمارے لیے کرنے کو کیا چھوڑیں گے جبکہ ہمارا حق بھی پورا پورا ملنا چاہئے اور خودغرضی کا راستہ اختیار کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے ورنہ ہمیں تو ہاتھ پر ہاتھ دھرے ہی بیٹھے رہنا ہو گا اور حکومت میں آنے کی ساری محنت ضائع جائے گی اور اس حوالے سے جواب دہ بھی ہونا پڑے گا کہ ہمیں حکومت اس لیے نہیں ملی تھی کہ ہم بیٹھے مکھیاں ہی مارتے رہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عام انتخابات وقت سے پہلے
ہوں گے: شیخ رشید احمد
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''عام انتخابات وقت سے پہلے ہوں گے‘‘ اور وہ جب بھی ہوئے ہم انہیں وقت سے پہلے ہی شمار کریں گے کیونکہ اسمبلیوں کی مدت بڑھانے کی باتیں بھی ہو رہی ہیں اور یہ مدت سالہا سال تک بھی ہو سکتی ہے اس لیے ہمیں بھی مجبوراً اسمبلیوں میں آنا ہی پڑے گا ورنہ ضمنی انتخابات جیت کر بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور لوگ ہمیں ووٹ ہی کیوں دیں گے کیونکہ اگر ہم نے منتخب ہوکر استعفے ہی دینے ہیں تو وہ اپنا ووٹ کیوں ضائع کریں گے۔ اگرچہ ووٹ ان کا ہر دو صورت میں ضائع ہی ہونا ہے اور یہ بات وہ بھی اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
تاب دان
یہ نوید ملک کا مجموعۂ غزلیات ہے، انتساب اپنے والدین مرحومین اور بیگم کے نام اور سلمان علی، عرفان علی اور محمد عبدالرحمن کے لیے محبتیں، پس سرورق تحریر امجد اسلام امجدؔ کی ہے جبکہ اندرونِ سر ورق آفتاب قمر زیدی اور قمر بدرپوری( نئی دہلی) کے قلم سے ہے۔ پیش لفظ کے طور پر شاعر کی ایک نثری نظم درج ہے، پس سرورق شاعر کی تصویر کے ساتھ دیگر تصانیف کے ٹائٹل درج ہیں۔ امجد اسلام امجدؔ کے مطابق: نوید ملک کے اس شعری مجموعے کی سب سے پہلی اور نمایاں خوبی تو یہی ہے کہ اس کی تقریباً ہر غزل میں جدت پسندی کے باوجود اچھے اور یاد رہ جانے والے اشعار جابجا نظر آتے ہیں۔ نمونۂ کلام:
ڈھونڈ لائوں فلک سے خود کو نویدؔ
میں وہاں بھی کہیں بنا ہوا ہوں
٭......٭......٭
ابھی کچھ دیر پہلے جس کو راضی کر لیا تھا
نویدؔ اس سے مرا جھگڑا دوبارہ چل رہا ہے
اور‘ اب آخر میں سدرہ سحر عمران کی شاعری:
تم نے پیروں میں عورت پہنی
اور آنکھوں کے کوڑے دان میں
گلابی پھول جمع کرتے رہے
بھیڑیے
وہ ساری قمیصیں
جنگلوں میں تھوک آئے
جن سے یوسف کی باس آتی تھی
جنگل سینہ پیٹتے ہوئے
موت کے کنوؤں میں
خون تھوکتا جا رہا ہے
٭......٭......٭
یہ گلی تیرے گھر کی سیدھ میں ہے
اس میں آتے ہیں لوگ بھٹکے ہوئے
کاغذی پھول تھے تمہارے خط
یا کہ پتھر تھے مجھ پہ پھینکے ہوئے
آج کا مقطع
امیدِ وصل میں سو جائیں ہم کبھی جو ظفرؔ
تو اپنی خواب سرا میں پتنگ اڑتی ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں