"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اورمحمد اسحاق وردگ

ہر وقت دوسرے ممالک سے
مانگنا اچھا نہیں لگتا: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ہر وقت دوسرے ممالک سے مانگنا اچھا نہیں لگتا‘‘ اور یہ ممکن بھی نہیں ہے کہ ہر وقت ایک ہی کام کرتے رہیں کیونکہ یہ کام کرتے کرتے تھک جائیں تو اس کے بعد آرام بھی کرنا ہوتا ہے نیز جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے اسے استعمال کرنے کے طریقوں پر بھی غور کرنا ہوتا ہے؛ چنانچہ ایک ملک سے فارغ ہو کر بیٹھتے ہیں تو کچھ دیر آرام کرنے کے بعد دوسرے ممالک کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اس طرح یہ خوبصورت تسلسل جاری رہتا ہے اور ساتھ ساتھ ان ملکوں کی فہرست بھی بناتے رہتے ہیں جن سے امداد کی امید ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز دبئی کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔
(ن) لیگ کا جہاز ڈوبنے کو‘ اس
کے پرندے اُڑنے کو تیار ہیں: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ کا جہاز ڈوبنے کو‘ اس کے پرندے اُڑنے کو تیار ہیں‘‘ کیونکہ پرندے بیٹھے ہی غلط جگہ پر ہوئے تھے، بھلاجہاز بھی کوئی پرندوں کے بیٹھنے کی جگہ ہوتی ہے؟ اس لیے انہوں نے اُڑنا ہی تھا کیونکہ پرندے تو‘ ہر کوئی جانتا ہے کہ‘ یا تو درختوں پر بیٹھتے ہیں یا گھروں کی منڈیروں پر‘ یا دانہ چگنے کے لیے زمین پر بھی بیٹھ جاتے ہیں اور یہ پرندوں کی عقلمندی کی نشانی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر جہاز ڈوبا تو وہ بھی ساتھ ہی ڈوب جائیں گے؛ چنانچہ (ن) لیگ کو اپنے گھروں کی چھتوں پر چھتریاں بنانی چاہئیں تاکہ کبوتر وغیرہ ان چھتریوں پر بیٹھ سکیں۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
الیکشن میں گڑ بڑ کرتے تو
میرا بھائی نہ ہارتا: سعیدغنی
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ ''الیکشن میں گڑ بڑ کرتے تو میرا بھائی نہ ہارتا‘‘ اور ہمارے جو مخالفین کامیاب ہوئے ہیں‘ اس کی وجہ آپ کی سمجھ میں آ گئی ہوگی جبکہ تیاری کرنے والوں نے میرے بھائی کے لیے بھی پوری تیاری کر رکھی تھی لیکن بھائی کو کسی نے یہ کہہ کر تسلی دلائی کہ تم بھاری اکثریت سے جیت رہے ہو جس پر بھائی نے انہیں اپنا ہنر آزمانے سے روک دیا اور اس طرح خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی اور اپنا کھیل خراب کر لیا بلکہ اضافی خرچہ بھی پڑ گیا جو پیشگی جمع کر رکھا تھا۔ آپ اگلے روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
چیف سیکرٹری‘ آئی جی سندھ کو پیپلز پارٹی
کی کامیابی پر مبارک ہو: فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کو پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارک ہو‘‘ جبکہ فرائض منصبی کی ادائی پر وہ بجاطور پر تعریف و تحسین کے مستحق ہیں، اسی طرح پنجاب کے اعلیٰ افسروں کے ہم بھی شکر گزار ہیں جو ذمہ داری سے اپنے کام پر ڈٹے رہے اور حسبِ معمول ایک تاریخ رقم کر دی ع
ایںکار از تو آید و مرداں چنیں کند
چنانچہ وہ بجا طور پر ترقی کے بھی حق دار ہو گئے ہیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کر رہے تھے۔
سیاست سے اتنا بددل ہوں کہ
کچھ بھی بننا پسند نہیں کروں گا: سعدرفیق
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''سیاست سے اتنا بددل ہو چکا ہوں کہ کچھ بھی بننا پسند نہیں کروں گا‘‘ اس لیے جو کچھ بن چکا ہوں اس کو کافی سمجھتا ہوں کیونکہ بطور وزیر ریلوے بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں مثلاً خراب ریلوے انجنوں کی خریداری جبکہ اسی طرح کے مزید سودے بھی ہوتے رہتے ہیں اور ریلوے کا کام بھی چلتا رہتا ہے اور باقیوں کا بھی، جبکہ کام سب کا چلتے ہی رہنا چاہیے اور اسی طرح ساتھ ساتھ ملک کا بھی کام چلتا رہتا ہے، ان حالات میں اور کیا چاہئے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب پشاور سے محمد اسحق وردگ کی غزل:
بطورِ خاص خرابے کا فیصلہ ہوگا
جب آسمان پہ وہ نقش رونما ہوگا
اسی لیے تو تماشے کی سمت آیا ہوں
خبر ملی ہے کہ اس بار کچھ نیا ہوگا
زمین زاد کو حیرت کدے میں آنے دو
فلک سے پہلا تعارف چراغ کا ہوگا
میں سوچتا ہوں کہ زندانِ وقت کا قیدی
کسی کے ساتھ تو ہنس کر بھی بولتا ہوگا
زباں دراز تو دنیا کی سمت جائیں گے
خموش شخص کا دل ہی سے مشورہ ہوگا
 قدیم شخص کی برکت کہیں سے لائیں اب
جدید شخص اسی طرح سے نیا ہوگا
کنارِ آب جو رک جائیں وہ ادھر ہوں گے
جو اسم خاص پڑھیں گے تو راستہ ہوگا
طلسم خیز روایت زمیں پہ اترے گی
ہمارے بعد محبت کا سلسلہ ہوگا
یہ نیم شب کی خموشی میں شور ماتم کا
خدا نے جسم سے قیدی رہا کیا ہوگا
یہ لہر لہر نشانات کہہ رہے ہیں مجھے
وہ سبز پوش سرِ آب بھی چلا ہوگا
جدید دور کی سائنس بنا سکے گی کبھی؟
وہ کارخانہ جہاں وقت بھی بنا ہوگا
ہماری آنکھ ستاروں سے روشنی لے گی
ہمارا خواب زمانے سے ماورا ہوگا
آج کا مطلع
بدلہ یہ لیا حسرتِ اظہار سے ہم نے
آغاز کیا اپنے ہی انکار سے ہم نے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں