"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

مجھ سمیت تمام سیاستدانوں
سے غلطیاں ہوئیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''مجھ سمیت تمام سیاستدانوں سے غلطیاں ہوئیں‘‘ جبکہ آمدن سے زائد اثاثے یا ہنڈی وغیرہ کے ذریعے پیسہ باہر بھیجنا چھوٹی موٹی غلطیاں ہی ہیں‘ جنہیں جرائم کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ نیز ملکی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی معیشت کو بہتر بنانا بھی جائز آمدن ہی کی ذیل میں آتا ہے جس کے لیے شبانہ روز محنت اور نیک نیتی درکار ہوتی ہے، اس لیے اس کے بارے میں سوال پوچھنا بھی دخل در معقولات ہی کی ذیل میں آتا ہے۔ آپ اگلے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کر رہے تھے۔
مذاکرات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں
دہشت پھیلانے والوں سے نہیں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''مذاکرات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں، دہشت پھیلانے والوں سے نہیں‘‘ اور اس سے بڑی دہشت گردی اور کیا ہو سکتی ہے کہ آپ پوری قوم کو اپنے پیچھے لگا لیں اور وہ کسی اور کی بات سننے کو تیار نہ ہو، نیز ان حالات میں الیکشن کی بات کرنا بجائے خود بہت بڑی دہشت گردی ہے‘ لہٰذا جب تک عوام کو ہمیں واپس نہیں کیا جاتا‘ مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں؟ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
پنجاب الیکشن کیلئے فنڈز جاری
نہیں کریں گے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''عدالتی حکم پر پنجاب الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہیں کریں گے‘‘ جبکہ توہینِ عدالت پر پکڑے جانے کا کوئی اندیشہ نہیں ہے کیونکہ اب تک اس کا ارتکاب کئی بار کر چکے ہیں اور ابھی تک کوئی آثار نظر نہیں آ رہے اور جس کا صاف مطلب ہے کہ مفادِ عامہ میں اس کا استعمال ترک کر دیا گیا ہے، اگر اس کا خیال آ بھی جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ ہم سمجھے تھے کہ اس حد تک اجازت ہے، نیز اگر کوئی مضمرات بھگتنا پڑے تو بھی ان سے سیاسی فائدہ ہی ہو گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
کیریئر میں کوئی ایسا کام نہیں کیا
جس پر شرمندگی ہو: ماہرہ خان
نامور اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ''کیریئر میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر شرمندگی ہو‘‘ جبکہ شرمندہ ہونا ویسے بھی بزدلوں کا کام ہے اور میں ایک بہادر خاتون ہوں اور ان فروعی باتوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع کرنا میرا شیوہ نہیں ہے کیونکہ اگر آدمی شرمندہ ہونا شروع کر دے تو باقی کے کاموں کیلئے فرصت ہی کہاں ملتی ہے جبکہ مجھے وقت کے قیمتی ہونے کا احساس بھی سب سے زیادہ ہے، اس لیے میں ایسی غیر ذمہ دارانہ حرکتوں سے ہمیشہ گریز کرتی ہوں۔ آپ اگلے روز کراچی میں مختلف سوالات کے جواب دے رہی تھیں۔
محبت کی شادی میں6 سال
تک تشدد برداشت کیا: دانیہ انور
اداکارہ دانیہ انور نے کہا ہے کہ ''محبت کی شادی میں6 سال تک تشدد برداشت کیا‘‘ لہٰذا آئندہ اگر کبھی ایسی نوبت آئی تو میری توبہ‘ کبھی ایسا نہیں کروں گی اور میں دوسری اداکارائوں سے بھی یہی کہوں گی کہ اگر اپنی صحت سلامتی عزیز ہے تو محبت کی شادی کا نام بھی نہ لینا کیونکہ شادی کے بعد محبوب کوئی اور ہی صورت اختیار کرلیتا ہے جبکہ اس سے بھی بڑی بیوقوفی 6سال تک اس کی مار کٹائی کو برداشت کرنا ہے بلکہ محبت کی شادی سے تو کہیں بہتر ہے کہ آپ نفرت کی شادی کر لیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
یوں بھی نہیں کہ سارا تماشا ہے ٹھیک ٹھاک
ہم دیکھ کر بتائیں گے کتنا ہے ٹھیک ٹھاک
دیتے نہیں ہم اس کی تسلی تو کچھ‘ مگر
پہلے سے تو وہ کافی زیادہ ہے ٹھیک ٹھاک
اس میں اتر بھی سکتے ہیں بے خوف و بے خطر
لہروں کی دھوم دھام ہے‘ دریا ہے ٹھیک ٹھاک
اپنی پسند‘ اپنی طلب پر ہے منحصر
ایسا ہے ٹھیک ٹھاک نہ ویسا ہے ٹھیک ٹھاک
اچھی ہے جس طرح بھی نظر آ رہی ہے یہ
دھوکا اگر نہیں ہے تو دنیا ہے ٹھیک ٹھاک
بہتر ہے یہ کہ گھر میں پڑے رہیے جبکہ ہے
وحشت یہ ٹھیک ٹھاک نہ صحرا ہے ٹھیک ٹھاک
یہ دل ہے جو اداس نہیں ہو رہا ذرا
حالانکہ اس میں شورِ تمنا ہے ٹھیک ٹھاک
کیا بات ہے کہ مجھ سے چلا جا نہیں رہا
خود بھی ہوں ٹھیک اور یہ رستا ہے ٹھیک ٹھاک
فی الحال اجتناب ہی اچھا ہے‘ اے ظفرؔ
ہم نے ابھی اسے نہیں سمجھا ہے ٹھیک ٹھاک
آج کا مطلع
مجھے تیری نہ تجھے میری خبر جائے گی
عید اب کے بھی دبے پائوں گزر جائے گی

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں