"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور ہڈالی سے گل فراز

ملک کو اب معاشی قوت بنائیں گے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''ملک کو اب معاشی قوت بنائیں گے‘‘ اور خود کو معاشی قوت بنانا ہی دراصل ملک کو معاشی قوت بنانے کے مترادف ہے کیونکہ ملکوں کی ترقی افراد سے ہوتی ہے‘ منصوبوں سے نہیں؛ چنانچہ اس سلسلے میں جو کسر رہ گئی ہے وہ بھی پوری کر کے دکھا ئیں گے جبکہ ملک کو صحیح معنوں میں معاشی قوت ملک سے باہر بیٹھ کر ہی بنایا جا سکتا ہے کیونکہ ملک میں واپسی کا مطلب ہے حاصل کردہ کامیابیوں کی واپسی‘ جبکہ قید و بند کے خدشات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا؛ تاہم اگر ایک شرفا کو دی گئی سزائیں معاف کر دی جائیں تو واپسی بارے بھی سوچا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لندن میں یوم تکبیر کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔
مجھ پر حملے کیلئے تین افراد ہائر
کیے گئے ہیں: شیخ رشید احمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''مجھ پر حملے کے لیے تین افراد ہائر کیے گئے ہیں‘‘ اور یہ اطلاع انہی میں سے ایک نے مجھے دی ہے تاکہ میں بروقت قوم کو اس سے آگاہ کر کے کسی سانحے کو وقوع پذیر ہونے سے روک سکوں۔ اور میرے جیسی جسامت کے فرد کو ڈھونڈنا بھی قطعاً مشکل نہیں ہے کہ
من اندازِ قدت را می شناسم
اسی لیے میں ہر خاص و عام کو بروقت مطلع کر رہا ہوں۔ آپ اگلے روز نامعلوم مقام سے ایک وڈیو پیغام جاری کر رہے تھے۔
نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیں
تو صرف کھنڈرات بچتے ہیں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی ‘ مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیں تو پیچھے صرف کھنڈرات بچتے ہیں‘‘ کیونکہ یہ وہ تیز رفتار ترقی تھی جس کے لوازمات پورے کرتے ہوئے ملک کو کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے بچایا گیا جبکہ لندن کے انتہائی مہنگے علاقوں میں موجود اثاثے اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔ اس کے علاوہ کئی دیگر ممالک اور خطوں میں بھی یہ درخشندہ نشانات موجود ہیں اور جو اس ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، چشمِ بددور! آپ اگلے روز یومِ تکبیر کے حوالے سے لاہور میں ایک جلسہ عام سے گفتگو کر رہی تھیں۔
لوگوں کے جانے سے پی ٹی آئی کمزور نہیں‘
مضبوط ہو رہی ہے: رئوف حسن
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن نے کہا ہے کہ ''لوگوں کے جانے سے پی ٹی آئی کمزور نہیں‘ مضبوط ہو رہی ہے‘‘ اور اگر یہ سلسلہ تادیر جاری رہا تو پی ٹی آئی بالکل ہی ناقابل تسخیر ہو جائے گی حتیٰ کہ اگر چیئرمین اکیلے باقی رہ گئے تو وہ بھی سوا لاکھ کے برابر ہیں، اس لیے جن لوگوں نے بھی پارٹی کو چھوڑنا ہے وہ تاخیری حربے استعمال نہ کریں اور اس کام سے جلد از جلد فارغ ہو جائیں جبکہ پارٹی کا آخری فرد میں ہوں گا تاکہ سب کے جانے سے پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنا کر مخالفین کے دانت اچھی طرح کھٹے کیے جا سکیں۔ آپ اگلے ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
مصطفی کمال وزیراعلیٰ سندھ پر بے بنیاد
الزام تراشی بند کریں: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ''مصطفی کمال وزیراعلیٰ پر بے بنیاد الزام تراشی بند کریں‘‘ کیونکہ اگر صحیح الزامات عائد کرنے کیلئے موجود ہوں تو بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی کیا ضرورت ہے جس سے آدمی کا اپنا وقار بھی مجروح ہوتا ہے، اس لیے سیاستدانوں کو اپنی ساکھ کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے اور اپنی بھرپور توجہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر دینی چاہیے اور اخلاقی ترقی کے مدارج تیز رفتاری سے طے کرنے چاہئیں جس سے ذاتی معیشت میں بہتری کے علاوہ جمہوریت بھی مضبوط ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ہڈالی سے گل فراز کی غزل:
ابھی آغاز میں تو کام تھوڑا ہونے والا تھا
کہ رفتہ رفتہ ہی آخر زیادہ ہونے والا تھا
میں دیتا آیا ہوں معیار کو مقدار پر ترجیح
پر اس کو فکر تھی تو یہ تھی کتنا ہونے والا تھا
کمی ہونے لگی اس میں جو پہلے ہی بہت کم ہے
کسی لبریز پر کچھ اور اضافہ ہونے والا تھا
بس اب اکسانے والے اس عمل میں لطف لیتا ہوں
مگر اس کا تو سچ مچ ہی ارادہ ہونے والا تھا
بہت درکار تھا کوئی‘ فراہم ہو نہ پایا جو
جسے چاہا نہیں بس وہ ہمارا ہونے والا تھا
اسے میں دیکھنا بھی کب مکمل کر سکا‘ ورنہ
بہت سا کام ابھی اس کے علاوہ ہونے والا تھا
کرانا چاہا تھا جو‘ ہو بہو ویسا نہیں ممکن
مگر کچھ کچھ اسی سے ملتا جلتا ہونے والا تھا
ضرورت پوری ہونا دور‘ مشکل تھا گزارہ بھی
وہ مجھ خالی کو اتنا کم مہیا ہونے والا تھا
نجانے کیا ہوا پھر حشر استعمال ہو ہو کر
کہ مس کرنے سے بھی جب رنگ میلا ہونے والا تھا
اگر میں بھی وہی کرتا جو سارے کر رہے تھے گلؔ
نہ ہونے کے برابر پھر تو سارا ہونے والا تھا
آج کا مطلع
نہیں کہ تیرے اشارے نہیں سمجھتا ہوں
سمجھ تو لیتا ہوں سارے نہیں سمجھتا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں