ترک تاجر کمپنیوں کو پاکستان میں
سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے: وزیراعظم
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ترک تاجر کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے‘‘ یعنی ع
خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو
کیونکہ ہم بھی تاجر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور سیاست اورحکومت کو ہمیشہ اسی طریقے سے چلایا ہے جبکہ تجارت کا مقصد زیادہ سے زیادہ نفع کمانا ہوتا ہے جس میں ہم ہمیشہ سے سرخرو ہوتے آ رہے ہیں اور آئندہ کے لیے بھی یہی نیک عزائم رکھتے ہیں، قدرت حسبِ سابق ہم پر مہربان رہے۔ آپ اگلے روز انقرہ میں ترک صدر کی تقریبِ حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
پولیس نے میرے گھر چھاپہ مار
کر سیکرٹری کو گرفتار کر لیا: تیمور جھگڑا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ ''پولیس نے میرے گھر چھاپہ مار کر سیکرٹری کو گرفتار کر لیا‘‘ جو کہ اصولی طور پر نہایت غلط ہے کیونکہ سیکرٹری میرا نعم البدل نہیں ہو سکتا، نیزیہ تو ایسے ہی ہے جیسے ع
گندم اگر بہم نہ رسد بھس غنیمت است
جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جا سکتا تھا اور اس کا مطلب یہ بھی تھا کہ کل کلاں سیکرٹری کے گھرچھاپہ مار کر وہاں سے مجھے بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے جو کہ دونوں کے ساتھ زیادتی ہے اور نہایت قابلِ مذمت بھی۔ آپ اگلے روز ٹویٹ پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
9مئی کے واقعات پر اوپر سے نیچے
تک انصاف‘ پھر مذاکرات ہوں گے: عطا تارڑ
وزیراعظم کے مشیر خاص عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ''9مئی کے واقعات پر اوپر سے نیچے تک انصاف‘ پھر مذاکرات ہوں گے‘‘ اگرچہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اوپر سے نیچے تک انصاف ہی اس قدر صفائی کے ساتھ ہوکہ کوئی مذاکرات کے لیے باقی بچے ہی نہیں؛ چنانچہ اس مجبوری کی وجہ سے مذاکرات کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہو سکے گا جبکہ اس سے پہلے ہلکی سی شرط لگائی گئی تھی کہ پہلے چیئرمین پی ٹی آئی معافی مانگیں، پھر مذاکرات ہوں گے لیکن موصوف نے مذاکرات کا یہ سنہری موقع ضائع کر دیا لیکن اب ظاہر ہے کہ قید میں تو ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے کیونکہ یہ جمہوری اصولوں ہی کے خلاف ہے۔ آپ اگلے روز ماڈل ٹاؤن‘ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
نگران حکومت چار ماہ
کا بجٹ دے گی: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''نگران حکومت 4ماہ کا بجٹ دے گی‘‘ اور اس کے بعد صوبہ بجٹ کے بغیر ہی چلتا رہے گا؛ اگرچہ ان کی مدت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے لیکن ملک اب فری سٹائل ہو چکا ہے ہے اگر قانون کی پابندی ہوتی تو پی ڈی ایم جماعتوں نے کچھ عرصہ پہلے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سامنے جو مظاہرہ کیا تھا وہ کبھی نہ ہو سکتا اور مقررین نے جو طبع آزمائی کی تھی‘ اس کا بھی کچھ نہ کچھ نوٹس ضرور لیا جاتا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
فلم میں شاہ رخ خان کا والد بننے
کے لیے ایک روپیہ معاوضہ لیا تھا: جاوید شیخ
پاکستان کے لیجنڈری اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ ''میں نے فلم میں شاہ رخ خان کا والد بننے کے لیے ایک روپیہ معاوضہ لیا تھا‘‘ کیونکہ وہ تو ایک روپیہ بھی دینے کو تیار نہیں تھے لیکن میں نے مفت کام کرنے سے صاف انکار کردیا تھا جبکہ میں نے وہاں ایک بوڑھے والد کا کردار ادا کرنا تھا حالانکہ میں اپنے آپ کو ہرگز بوڑھا نہیں سمجھتا، لوگ اگر سمجھتے ہیں تو وہ ان کی بینائی کا قصور ہے، چنانچہ بہت لے دے کے بعد وہ ایک روپیہ معاوضہ دینے کو تیار ہوئے ورنہ وہ تو صفر سے شروع ہوئے تھے لیکن میں اپنے مطالبے پر اڑا رہا اور پورا ایک روپیہ لے کر چھوڑا۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی غزل:
دکھ درد کی اساس وغیرہ وغیرہ ہے
سب کچھ ہمارے پاس وغیرہ وغیرہ ہے
کتنا ہے خود کفیل یہ شہرِ خراب حال
جب بھوک اور پیاس وغیرہ وغیرہ ہے
ہم سے بچھڑ کے چین اُسے بھی نہیں ذرا
سنتے ہیں وہ اداس وغیرہ وغیرہ ہے
پوشیدہ اس میں ہیں مرے اندر کی تلخیاں
لہجے میں جو مٹھاس وغیرہ وغیرہ ہے
جانے کے باوجود بھی موجود ہے یہاں
وہ میرے آس پاس وغیرہ وغیرہ ہے
فاقوں سے کیوں مرے گا بھلا اب کوئی غریب
جب خاک اور گھاس وغیرہ وغیرہ ہے
شفاف آئنوں سی قبائوں میں ہر طرف
انسان بے لباس وغیرہ وغیرہ ہے
جس کو بھی دیکھئے تو وہ آپے میں ہی نہیں
ہر شخص بدحواس وغیرہ وغیرہ ہے
نامیؔ ترے بغیر یہ زہر اب ہے ہمیں
جو مے بھرا گلاس وغیرہ وغیرہ ہے
آج کا مقطع
دعوے تھے ظفرؔ اس کو بہت با خبری کے
دیکھا تو مرے حال سے غافل بھی وہی تھا