قوم ترقی کے سفر کو روکنے والوں کو
معاف نہیں کرے گی: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''قوم ترقی کے سفر کو روکنے والوں کو معاف نہیں کرے گی‘‘ کیونکہ اگر اس نے جعلی اکائونٹس، منی لانڈرنگ اور دیگر ایسے کاموں میں ملوث افراد کو معاف کر دیا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ سب کو معاف کر دے گی؛ اگرچہ یہ بھی خیالِ خام ہی ہے کیونکہ قوم کا پتا اُس وقت چلے گا جب الیکشن منعقد کیے جائیں گے کیونکہ یہ بہت بے اعتبارے لوگ ہیں اور ان پر کبھی بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اور ہو سکتا ہے کہ انتخابات کے دوران انہیں ساری کارگزاریاں یاد آ جائیں اس لیے انتخابات کا متبادل بھی سوچ رکھا ہے اور جو پلان بی ہے اور وقت پر سب کے سامنے آ جائے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
ہماری جماعت (ن) لیگ کا
بوجھ نہیں اُٹھائے گی: فردوس عاشق
پاکستان استحکام پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''پاکستان استحکام پارٹی مسلم لیگ (ن) کا بوجھ نہیں اُٹھائے گی‘‘ جبکہ یہ تو اپنا بوجھ بھی اٹھانے کے قابل نہیں ہے اور نہ ہی (ن) لیگ اپنا بوجھ اٹھا سکتی ہے کیونکہ اس کا اصل اُس کے رہنماؤں کا بوجھ ہے جس کے نیچے وہ دبی ہوئی اور آخری سانسیں لے رہی ہے کیونکہ جب تک مخالف پارٹی اور اس کے چیئرمین کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہو جاتا اس وقت تک بلکہ جب تک عوام کا کوئی مناسب بندوبست نہیں ہو جاتا اس وقت تک الیکشن کا نام لینا بھی ایک احمقانہ حرکت ہوگی اور یہ دونوں پارٹیاں جتنی بھی کمزور ہوں‘ بے وقوف نہیں ہیں۔ آپ اگلے روز پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
انتخابات کی بھرپور تیاری کریں: نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''انتخابات کی بھرپور تیاری کریں‘‘ اور بھرپور سے مراد یہ ہے کہ مخالفین کو راستے سے ہٹایا جائے اور اس کا دوسرا مطلب یہ ہے کہ اپنے کیسز اور سزا کا بھی کوئی بندوبست کیا جائے ورنہ تب تک واپس نہیں آ سکوں گا جس کا پارٹی نے ایک مدت سے لارا لگا رکھا ہے لیکن مخالفین بھی ابھی تک اُسی طرح پھر رہے ہیں اور ان کی پارٹی کی مقبولیت میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور جب تک یہ رکاوٹیں موجود ہیں الیکشن کے لیے ہامی ہی بھرنی نہیں چاہیے،ورنہ موجودہ صورت حال اگر برقرار رہی تو طبی مسائل لاحق رہیں گے اور علاج کی غرض سے مزید کچھ عرصے کے لیے یہیں مقیم رہنا پڑے گا۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
عام انتخابات بھی اُسی طرح جیتیں گے
جس طرح میئر کا الیکشن جیتا ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عام انتخابات بھی اُسی طرح جیتیں گے جس طرح میئر کا جیتا ہے‘‘ چنانچہ متعلقہ شعبوں میں ڈیوٹیاں ابھی سے لگا دی گئی ہیں اور جن لوگوں نے الیکشن سے غیر حاضر ہونا ہے ان کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں کیونکہ ہر کام وقت پر ہی کرتے ہیں اور اس طرح کلین سویپ کے جو بھی تقاضے ہوتے ہیں وہ پورے کر لیے گئے ہیں اور سندھ کی حد تک یہ سسٹم پوری طرح سے برسرکار ہوگا جبکہ دیگر صوبوں کے لیے مختلف نسخے آزمائے جائیں گے جو تیر بہدف بھی ہوں گے۔ آپ ا گلے روز سوات میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
شادی کرنا چاہتی ہوں جو درست
وقت پر ہو جائے گی: کنگنا رناوت
بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ ''شادی کرنا چاہتی ہوں جو درست وقت پر ہو جائے گی‘‘ اگرچہ یہ میرا بیس سالہ پرانا ارادہ ہے لیکن ابھی تک مناسب وقت نہیں آیا اور عمر بھی گزرتی جا رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ جب یہ وقت آیا تو میں اتنی بزرگ ہو چکی ہوں گی کہ شادی محض ایک مذاق بن کر رہ جائے گی؛ اگرچہ اس عمر میں سہارے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور چونکہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے اس لیے اس پر عمل بھی اُسی وقت ہو جائے گا اور مناسب وقت بھی اب اُسی کو کہا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز ممبئی میں اپنی شادی اور خاندان شروع کرنے سے متعلق بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی غزل:
شہر بھر میں غبارپھیلایا
وقت نے انتشار پھیلایا
اْس نے آنے میں جب لگائی دیر
ہم نے بھی انتظار پھیلایا
ہر جگہ ہم اُسے دکھائی دیے
خود کو یوں بے شمار پھیلایا
تھا جنوں دستیاب تو ہم نے
عشق کا کاروبار پھیلایا
ہم نہیں تھے تو کون تھا وہ پھر
جس نے دنیا میں پیار پھیلایا
چھوڑ کر ریگزار‘ جنگل کو
کیوں سرِ کوہسار پھیلایا
اُس کو قدرت نے کر دیا ناکام
جس نے فتنہ ہزار پھیلایا
ہم تھے کارِ سخن سے وابستہ
بس یہی رُوز گار پھیلایا
پھر سمٹنے نہ پائے ہم نامیؔ
خود کو جب بار بار پھیلایا
آج کا مقطع
چھوڑی ہے جب سے ہم نے ظفرؔ عاجزی کی خُو
اتنا مزاج اس کا بھی برہم نہیں رہا