"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور سیدعامر سہیل

انسانی سمگلروں‘ ایجنٹوں کے خلاف
بروقت ایکشن نہیں لیا گیا، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''انسانی سمگلروں‘ ایجنٹوں کے خلاف بروقت ایکشن نہیں لیا گیا‘‘ جس طرح کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے اور ناجائز آمدن والوں کے خلاف بروقت بلکہ کبھی بھی ایکشن نہیں لیا گیا جس کے نتیجے میں ملک کی معاشی حالت ایسی ہو گئی ہے، اور ایماندری کی بات یہی ہے کہ ملک کو اس حالت تک پہنچانے والوں سے اب قدرت ہی نمٹ سکتی ہے کیونکہ یہاں تو ان کا بال تک بیکا نہیں ہو سکا اور ایک بار پھر اقتدار میں آنے کے خواب دیکھے جا رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ جو کسر باقی رہ گئی ہے وہ بھی نکالی جا سکے کیونکہ انسان کا کام محنت کرنا ہے ‘ صلہ اسے قدرت دیتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اگلا الیکشن ہم جیتیں گے اور اب
خدمت کی باری میری ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''اگلا الیکشن ہم جیتیں گے اور اب خدمت کی باری میری ہے‘‘ کیونکہ باقی سبھی اپنی باری لے چکے ہیں اور جی بھر کے خدمت کر چکے ہیں اور اب باقیوں کی باری کا لحاظ کرتے ہوئے انہیں پیچھے ہٹ جانا چاہئے کیونکہ اصل تسکین عوامی خدمت ہی سے مل سکتی ہے۔ اس لیے یہ سعادت حاصل کرنے کیلئے اب دوسروں کو موقع دینا چاہئے جبکہ الیکشن جیتنے والے ہمارے نسخے اسی طرح قابلِ کار اور آزمودہ ہیں اور میئر کراچی کے انتخاب میں فتح ایک واضح ثبوت ہے جبکہ تاریخ اپنے آپ کو دہرانے کیلئے بالکل تیار بیٹھی ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں شہید بینظیر بھٹو کی تقریب سالگرہ سے خطاب کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کا اب کوئی ٹکٹ ہولڈر نہیں: فیاض چوہان
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کا اب کوئی ٹکٹ ہولڈر نہیں ہے‘‘ کیونکہ کچھ پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں جا چکے ہیں، کچھ پیشیاں اور جیلیں بھگت رہے ہیں جبکہ کچھ ابھی تک روپوش ہیں اور انہیں میرا مشورہ ہے کہ آرام سے اپنی گرفتاری پیش کرکے ایک پریس کانفرنس کر دیں اور اپنے خلاف سارے مقدمات ختم کروا کر آزاد شہری کی حیثیت سے ایک نئی زندگی کا آغاز کریں لیکن محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے ہماری مثال سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا لیکن ابھی دیر نہیں ہوئی اور ان پر استحکام پاکستان پارٹی کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
امید ہے الیکشن کے بعد ہماری
حکومت آئے گی: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''امید ہے الیکشن کے بعد ہماری حکومت آئے گی‘‘ کیونکہ جب ساری دنیا پُرامید ہے تو ہم کیوں نہ ہوں کیونکہ یہ بھی امیدِ واثق ہے کہ اس سے پہلے مخالفین کا بھی کوئی بندوبست ہو جائے گا اور ان کا ووٹ بینک بھی غائب ہو جائے گا کیونکہ ہماری حکومت کے آنے کی امید بھی اسی امید پر قائم ہے؛ تاہم یہ بھی خوف ہے کہ خوف زدہ اور مہنگائی کے باعث عوام کوئی اچھا استقبال نہیں کریں گے اور الیکشن کے دوران انہیں ساری کارگزاریاں ایک ایک کرکے یاد آئیں گی اور امیدوں کا سارا تانا بانا بکھر کر رہ جائے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
رومانس کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی: نواز الدین
بالی وُڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ''رومانس کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی‘‘ کیونکہ اس کا تعلق صرف اور صرف صحت سے ہے اور بڑھاپے کا رومانس زیادہ پائیدار ہوتا ہے کیونکہ اس میں عمر بھر کا تجربہ بھی شامل ہوتا ہے جبکہ رومانس کیلئے صرف سانس کا ہونا ضروری ہوتا ہے اور جب تک سانس‘ تب تک آس کا محاورہ بھی اس حقیقت کو اجاگر کرنے کیلئے وضع کیا گیا ہے جبکہ شرط صرف یہ ہے کہ گھر والوں کو اس کا پتا نہیں چلنا چاہئے جو رومانس کا بھرکس نکالنے میں ماہر ہیں‘ اور وہ بھی چشم زدن میں۔ آپ اگلے روز ممبئی میں اپنے رومانوی کرداروں پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کا پنجابی کلام:
اکھ ٹھہر گئی‘ میں ٹھہر گیا
فیر اس ول سارا شہر گیا
٭......٭......٭
دکھ درد بدرقہ کردا نئیں
میں عشق چ سرقہ کردا نئیں
٭......٭......٭
جو یار کہوے اوہ کہہ جاواں
فیر چپ دے اندر بہ جاواں
٭......٭......٭
قارون کوئی‘ ہامون کوئی
ہے مٹی دا قانون کوئی؟
٭......٭......٭
یار نہ کوئی
سفنے دا گھربار نہ کوئی
یار نہ کوئی
٭......٭......٭
کھیڈ نہ کوئی
عامرؔ خاکوں جیڈ نہ کوئی
کھیڈ نہ کوئی
٭......٭......٭
سانول روہی
میں دربارچ آن کھلوئی
سانول روہی
٭......٭......٭
بُوہا کیتا
میں دربار نوں سوہا کیتا
بُوہا کیتا
آج کا مقطع
یہ مشتِ خاک ظفرؔ میرا پیرہن ہی تو ہے
مجھے زمیں سے ڈرائیں نہ کہکشاں والے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں