"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور کاشف مجید

پی ٹی آئی چیئرمین کیلئے اپنی ساکھ دائو
پر لگائی جا رہی ہے: نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی چیئرمین کے لیے عدلیہ اپنی ساکھ دائو پر لگا رہی ہے‘‘ اور اگر ساکھ دائو پر لگانی ہی ہے تو ہمارے لیے لگائیں جن کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے روشن امکانات ہیں، نیز یہ جمہوریت کا زمانہ ہے اور اکثریت ہی کو فوقیت دی جاتی ہے، اس لیے امید ہے کہ جمہوریت کے سنہری اصولوں کو پیش نظر رکھ کر ان کی پاسداری کی جائے گی اور جلد ہی خاکسار کا معاملہ بھی عدلیہ کے پیشِ نظر آنے والا ہے اور امید ہے کہ اس معاملے میں بھی رعایت برتی جائے گی۔آپ اگلے روز لندن میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انتخاب میں تاخیر کا سب سے زیادہ
نقصان (ن) لیگ کو ہوگا: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''انتخاب میں تاخیر کا سب سے زیادہ نقصان (ن) لیگ کو ہوگا‘‘ بلکہ ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ اس کا سب سے زیادہ فائدہ بھی اسی کو ہوگا جس کا انتخابات کو اب تک لٹکائے رکھنے میں خصوصی کردار رہا ہے بلکہ کئی آزمودہ طریقوں سے اس التوا کو طویل تر کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جاتا رہا ہے کیونکہ جب تک مخالفین منظرِ سیاست پر موجود ہیں‘ انتخابات کا انعقاد ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہے جبکہ ہمارے نزدیک ملک و قوم کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے اور اب تک جو بھی کرتے چلے آئے ہیں قومی مفاد کے عین مطابق تھا۔آپ اگلے روز اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
کسی کی وکالت چیئرمین پی ٹی آئی
کو اچھا نہیں بنا سکتی: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''کسی کی بھی وکالت چیئرمین پی ٹی آئی کو اچھا نہیں بنا سکتی‘‘ کیونکہ جو اچھے ہوں وہ شروع سے ہی اچھے ہوتے ہیں اور انہیں مزید اچھا بنانے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی اور جنہیں ساری دنیا اچھا کہتی ہے اور ہم جس کی روشن مثال کے طور پر موجود ہیں کہ جن پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ اس لیے خواہش ہے کہ سارے ہماری طرح اچھے ہو جائیں اور حتی الامکان وہی کچھ کریں جو ہم شروع سے کرتے چلے آ ئے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کر رہی تھیں۔
پریانکا کو بغیر میک اَپ دیکھ
کر ڈر گیا تھا: معمر رانا
پاکستانی اداکار معمر رانا نے کہا ہے کہ ''میں پریانکا چوپڑا کو بغیر میک اَپ کے دیکھ کر ڈر گیا تھا‘‘ اور میرا کرش ختم ہو گیا تھا اور چونکہ میں بھی اس وقت میک اپ کے بغیر تھا اس لیے وہ بھی مجھے دیکھ کر ڈر گئی ہو گی اس لیے میں تمام اداکارائوں اور اداکاروں کو مشورہ دوں گا کہ میک اپ کے بغیر کبھی پبلک میں نہ جائیں تاکہ لوگ ڈرنے سے محفوظ رہیں کیونکہ خوا مخواہ کا ڈر بھی ایک اچھے بھلے بہادرمعاشرے کو بزدل بنا دیتا ہے اور میں خود بھی اس پر سختی سے عمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں کیونکہ اچھے کام کی ابتدا گھر سے ہی کرنی چاہئے جبکہ میں پریانکا کو تاکید کرتا ہوں کہ وہ کبھی اپنے کسی فین کے سامنے میک اَپ کے بغیر جا کر اس کا کرش ختم کرنے کا باعث نہ بنیں۔ آگے ان کی مرضی! آپ اگلے روز ایک یوٹیوب پوڈ کاسٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
شوبز میں کٹھ پتلی نہیں بنی: میرا
سینئر اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ '' میں کبھی شوبز میں کٹھ پتلی نہیں بنی‘‘ کیونکہ اگر شوبز سے باہر اس کے بے شمار مواقع موجود ہیں تو پھر شوبز کو بیچ میں لانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ شوبز میں کٹھ پتلی بننا بہرحال ایکٹنگ ہی میں شمار ہوگا جبکہ حقیقی زندگی میں اس کا مزہ ہی اور ہے۔ اس لیے میں ساتھی ہیروئنوں کو بھی یہی مشورہ دوں گی کہ شوبز میں کٹھ پتلی بننے سے گریز کریں اور سینئر موسٹ ہونے کے حوالے سے یہ میرا فرض بھی ہے جو میں پوری طرح ادا کر رہی ہوں اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ سینارٹی کا خیال رکھتے ہوئے میرے مشورے پر عمل کریں گی۔آپ اگلے روز کراچی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں کاشف مجید کا تازہ کلام:
وہ شخص یونہی نہیں مہربان ہوتا ہے
کھرا نکلتا ہوں جب امتحان ہوتا ہے
میں آدھا خواب میں ہوں آدھا خواب سے باہر
عجیب طرح کا مجھ کو گمان ہوتا ہے
بتانا پڑتا ہے حیرت کے کس مقام پہ ہوں
اجالا میرے لیے امتحان ہوتا ہے
میں عشق کرتا ہوا اس مقام تک آیا
جہاں زمیں نہ کوئی آسمان ہوتا ہے
میں ہنستا رہتا ہوں گھر میں بھی اور باہر بھی
ہنسی ہنسی میں مرا امتحان ہوتا ہے
٭......٭......٭
کبھی نہ دیکھے خواب محبت سے پہلے
اور اک حالت تھی اس حالت سے پہلے
اپنے آپ سے دور بہت ہی دور تھا میں
بے زاری سے پہلے وحشت سے پہلے
کوئی میرے ساتھ رعایت کرتا تھا
من مانی کے بعد اجازت سے پہلے
خوبی ہے یا عیب مجھے معلوم نہیں
صورت دیکھتا ہوں میں سیرت سے پہلے
جانا ٹھیر گیا ہے کوئی دان کرے
تھوڑی بہت اداسی رخصت سے پہلے
کوئی قیامت ٹوٹنے والی ہے مجھ پر
ایک گنہ بس ایک قیامت سے پہلے
آج کا مقطع
ظفرؔ یہ باعثِ تشویش بھی ہے سب کے لیے
جو مطلب اور مری بات سے نکلتا ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں